• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اپوزیشن کو اسپیکرسے غیر جانبدارانہ کارروائی کی امید

Updated: June 27, 2024, 10:30 AM IST | New Delhi

اکھلیش یادو نے اسپیکر سے کہا ’’ آپ جس عہدے پر فائز ہیں اس سے کئی شاندار روایتیں وابستہ ہیں، امید ہے کہ یہ بلا امتیاز آگے بڑھیں گی ‘‘،اویسی نےاسپیکر کو ایوان کا محافظ قراردیا

Member of Parliament Akhilesh Yadav
رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو

اوم برلا کے دوسری میعادکیلئےلوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے پراپوزیشن پارٹیوںکے لیڈروں نے جہاںانہیںمبارکباددی ہے وہیںان سےیہ امید بھی وابستہ کی ہےکہ وہ ایوان کی کارروائی غیر جانبدارانہ طورپرانجام دیں گے ۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور قنوج سے رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو نے اوم برلا کو لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اوم برلا کو مبارکباد دیتے ہوئے اکھلیش یادو اشاروں اشاروں میں  انہیںآئینہ دکھانے سے بھی نہیں چوکے۔ انہوں نے اوم برلا کو دوبارہ اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ جس عہدے پر فائز ہیں اس سے کئی شاندار روایتیں وابستہ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بلا  امتیاز آگے بڑھیں گی۔
 اکھلیش یادو نے کہا کہ آپ کا ہمیشہ اپوزیشن پر کنٹرول ہوتا ہے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ حکمراں پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ پر بھی آپ  کا کنٹرول رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ’’ آپ چیف جسٹس کی طرح بیٹھے ہیں، مجھے امید ہے کہ کسی کی آواز نہیں دبائی جائے گی اور کسی کو معطل کرنے جیسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا۔ آپ کے اشارے پر ایوان چلنا چاہئے اور اس کے برعکس نہیں ہونا چاہئے۔ ہم آپ کے ہر جائز فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں آپ کو صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ میں پہلی بار اس نئے ایوان میں آیا ہوں، میں نے سوچا کہ آپ کی کرسی بہت اونچی ہوگی۔ کیونکہ میں جس ایوان کو چھوڑ کر آیا ہوں وہاں کرسی بہت اونچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے ایوان میں پتھر تو ہیں لیکن دیوار میں کچھ سیمنٹ ابھی بھی لگا ہے۔ قنوج کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم آپ کے تمام منصفانہ فیصلوں کے ساتھ رہیں گے مگر یہ امید بھی کرتے ہیں کہ صرف اپوزیشن کو ہی کنٹرول میں رکھنے کی کوشش نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس۵؍ سال کا تجربہ ہے۔ اب آپ دوبارہ سپیکر منتخب ہو گئے ہیں، میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی طرف سے آپ کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
 اس درمیان حیدر آباد سے لوک سبھا رکن اسدالدین اویسی نے اپنی تقریر میں کچھ اہم باتیں سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارلیمنٹ  کے اراکین اس بات پر فخر محسوس کر رہے ہیں کہ  آپ دوسری بار لوک سبھا کے اسپیکر بنے ہیں۔ آپ اس ایوان کے محافظ ہیں۔‘‘اپنی اس تقریر کے دوران اویسی نے لوک سبھا کی موجودہ حالات اور برسراقتدار طبقہ کی پوزیشن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ برسراقتدار طبقہ کے پاس نمبر تو ہے، لیکن اکثریت کی طاقت نہیں ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن کے پاس اکثریت کی طاقت بھی ہے اور آواز بھی۔‘‘
 نومنتخب لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو مخاطب کرتے ہوئے اویسی نے اپنی کچھ گزارشات بھی پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میری گزارش ہے آپ چھوٹی پارٹیوں کو (اپنی بات رکھنے کا) موقع دیں۔ جس طرح سترہویں لوک سبھا میں آپ نے مجھے بولنے اور بات رکھنے کا پورا موقع دیا، اسی طرح اٹھارہویں لوک سبھا میں بھی آپ چھوٹی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کو اپنی بات رکھنے کا موقع فراہم کریں۔‘‘  اویسی نے مزید کہا ’’جس طبقے سے میرا تعلق ہے، اس کی نمائندگی پارلیمنٹ میں صرف۴؍ فیصد ہے۔ ایسے میں مجھے آواز اٹھانے کا موقع دیں۔‘‘ اویسی نے ڈپٹی اسپیکر جلد بنانے کی امید بھی ظاہر کی۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سے کہا کہ ’’اتنا بوجھ آپ پر نہیں ڈالنا چاہئے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ حکومت ڈپٹی اسپیکر بنا کر آپ کا بوجھ کم کرے گی۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب اس ایوان کا کردار بدل چکا ہے، ایسے میں اب بی جے پی کسی بھی بات  پر زبردستی نہیں کر پائے گی۔‘‘
  ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ سدیپ بندیوپادھیائے نے بھی اوم برلا کو مبارکباد دیتے ہوئے گزشتہ پارلیمانی میعاد میں بڑی تعداد میں اراکین پارلیمنٹ کی معطی کا ذکر کیا، جس پر پہلے ہی دن اپوزیشن اراکین (شرم کرو، شرم کرو) کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں ان کا پہلا داخلہ ۱۲؍ویں لوک سبھا کے دوران ہوا تھا اور اتنے لمبے عرصے میں ان کا تجربہ یہ رہا ہے کہ اگر ایوان میں اپوزیشن کا کوئی باضابطہ لیڈر نہ ہو تو ایوان کی کارروائی آسانی سے نہیں چل پاتی۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس بار ملک کو اپوزیشن لیڈر ملا ہے۔ بندیوپادھیائے نے کہا کہ’’ پارلیمانی جمہوریت میں میرا بے پناہ اعتماد ہے اورپختہ یقین ہےکہ اس جمہوری روایت کے تحت ایوان میں اپوزیشن کا غلبہ ہونا چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK