۳۰۰؍ میں سے۲۷۶؍ مسافر ممبئی ایئر پورٹ پر اترے، ۲؍ نابالغوں سمیت ۲۵؍ مسافروں نے فرانس میں ہی سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔
EPAPER
Updated: December 27, 2023, 6:43 AM IST | Agency | Mumbai
۳۰۰؍ میں سے۲۷۶؍ مسافر ممبئی ایئر پورٹ پر اترے، ۲؍ نابالغوں سمیت ۲۵؍ مسافروں نے فرانس میں ہی سیاسی پناہ کی درخواست دے دی۔
یوروپی ملک فرانس میں انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں روکے گئے ۳۰۳؍ ہندوستانی اور ان کا طیارہ منگل کی صبح ملک واپس آگیا لیکن ممبئی ایئر پورٹ پر اترنے والے مسافروں کی تعداد ۲۷۶؍ ہی ہے کیوں کہ بقیہ ۲۵؍ مسافروں نے فرانس میں ہی سیاسی پناہ کی درخواست دے دی ہے جس کی وجہ سےوہ وہیں ٹھہر گئے۔ یاد رہے کہ ۴؍ روز قبل حکام نے ہندوستانی مسافروں کو لے جانے والے طیارے کو پیرس کے قریب ایک ہوائی اڈہ پر `انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں حراست میں لے لیا تھا۔ف رانسیسی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق دو دیگر افراد کو حراست میں لے کر ایک جج کے سامنے پیش کیا گیا جنہیں رہا کر دیا گیا اور انہیں معاون گواہوں کا درجہ دیا گیا۔ایک مقامی اہلکار کے مطابق جب طیارہ ویٹری ہوائی اڈہ پر اترا تو اس میں سوار ۳۰۳؍ ہندوستانی مسافروں میں ۱۱؍ نابالغ بچے بھی شامل تھے۔ اہلکار نے بتایا کہ پھنسے ہوئے مسافروں کے لئے عارضی بستروں کا انتظام کیا گیا تھا اور انہیں بیت الخلاء اور شاور کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ انہیں ویٹری ایئرپورٹ کے داخلی ہال میں کھانا اور گرم مشروبات بھی د ئیےگئے۔
یاد رہے کہ دبئی سے ۳۰۳؍مسافروں کو لے کر وسطی امریکی ملک نکاراگوا جانے والی پرواز کو جمعرات کو پیر س سے ۱۵۰؍کلومیٹر مشرق میں ویٹری ایئرپورٹ پر انسانی سمگلنگ کے شبہ میں روک دیا گیاتھا۔ اتوار کو چار فرانسیسی ججوں نے حراست میں لئے گئے مسافروں سے پوچھ گچھ کی۔ رومانیہ کی چارٹر کمپنی لیجنڈ ایئر لائنز سے تعلق رکھنے والی ایئربس نےدبئی سے ا ڑان بھری اور ایندھن بھرنے کے لئے مشرقی فرانس کے ویٹری ایئرپورٹ پر اتری تھی۔پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکام نے انسانی سمگلنگ کی اطلاع کے بعد سخت کارروائی کی اور پرواز کو روک دیا۔ خبر کے مطابق پرواز کے کچھ مسافر ’انسانی اسمگلنگ کا شکار‘ تھے۔ ہندوستان کو جہاز میں سوار لوگوں تک پہنچنے کیلئے قونصلر رسائی دی گئی تھی اور اب اسے ہندوستان بھیج دیا گیا۔