بہارکے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے دعویٰ کیا کہ نتیش حکومت کے دوران حالیہ برسوں میں ملازمت، تعلیم اور تعلیمی شعبے میں جامع اور انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں، پارٹی صدر نے بھی اپنی حکومت کی تعریف کی۔
EPAPER
Updated: December 26, 2023, 8:59 AM IST | Agency | Patna
بہارکے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے دعویٰ کیا کہ نتیش حکومت کے دوران حالیہ برسوں میں ملازمت، تعلیم اور تعلیمی شعبے میں جامع اور انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں، پارٹی صدر نے بھی اپنی حکومت کی تعریف کی۔
بہار کو کئی لحاظ سے پسماندہ قرار دیا جاتا رہا ہے۔اس میں کچھ سچائی ہے تو کچھ پروپیگنڈہ بھی ہے۔ لیکن گزشتہ کچھ برسوں میں بہار کی تصویر بڑی تیزی سے تبدیل ہوئی ہے۔ زمینی سطح پربھی اور تصورات کی سطح پر بھی۔ گزشتہ دو تین برسوں میں ملازمت اور تعلیم کی سطح پر بہار نے کافی ترقی کی ہے۔ ابھی حال ہی میں ریاست کے نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا تھا کہ سرکاری سطح پر جتنی ملازمتیں ریاستی حکومت نے بحال کی ہیں، اتنی کسی بھی دیگرریاست نے نہیں کی ہیں۔ اس سلسلے میں نیا دعویٰ ریاستیحکومت کے وزیر خزانہ وجے کمار چودھری نے کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نتیش حکومت میں، ملازمت تعلیم اور تعلیمی شعبے میں جامع اور انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں۔ ریاستی حکومت نے غریب اور کمزور طبقوں کے بچوں کو خصوصی مہم چلا کر اسکولوں تک پہنچایا ہے،ساتھ ہی طلبہ کیلئے معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانے میں بھی اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کی فراہمی، اور تعلیمی سطح پرترقی کے معاملے میں بہار کی تصویر تیزی سے بدل رہی ہے۔وجے کمار چودھری نے کہا کہ ’بی پی ایس سی‘ پاس کرنے والے اساتذہ کی ذہنی سطح اور خود اعتمادی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ مقابلہ جاتی امتحان کے ذریعے بہتر اساتذہ سامنے آئیں گے جو معاشرے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وجے کمار چودھری نے کہا کہ بہار میں پنچایتی سطح تک ’پلس ٹو‘ اسکول کھولے گئے ہیں۔ نتیش کمار نے ایک ساتھ ساڑھے پانچ ہزار ’پلس ٹو‘ اسکول کھول کر ایک ریکارڈ بنایا تھا۔ بہار کے تمام سب ڈویژنوں میں ڈگری کالج کا قیام بھی آخری مراحل میں ہے۔ یہاں تعلیم کے میدان میں انقلابی اور بنیادی تبدیلیاں آئی ہیں۔ ریاستی وزیرخزانہ نے کہا کہ ایجوکیشن سیل کے دوستوں کو اپنے اپنے علاقوں میں جانا چاہئے اور لوگوں کو تعلیم کے میدان میں کئے گئے بے مثال کاموں سے آگاہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کا معاشرے میں وسیع اثر و رسوخ ہے۔
اسی موقع پرپروگرام سے خطاب کرتے ہوئےریاستی جے ڈی یو کے صدر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ سماج اور نئی نسل کی اقدار کی تعمیر میں ایجوکیشن سیل کا کرداربہت اہم ہے۔ تعلیم یافتہ اور دانشور طبقہ اپنے خیالات کو تخلیقی انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سماج میں ان کے خیالات کو غور سے سنا اور سمجھا جاتا ہے، اسلئے ہمارا خیال ہے کہ نتیش کمار کے ترقیاتی کاموں کو عوام تک لے جانے کیلئے ایجوکیشن سیل کا کردار سب سے اہم ہے۔ ہمیں گاؤ ں اور بستیوں میں جاکر نتیش کمار کے کاموں کے بارے میں بتانا ہوگا۔ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے اور ہر غریب بچے تک تعلیم کو آسانی سے قابل رسائی بنانے میں نتیش کمار کا تعاون سب سے اہم ہے، خواہ وہ پوشاک ا سکیم ہو یا سائیکل اسکیم۔ ملک اور دنیا میں اس کی تعریف کی جاتی ہے۔ ہمارے لیڈر نتیش کمار نے تعلیم کے فروغ میں جو شاندار کام کیا ہے اس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔
ایجوکیشن سیل کے ریاستی صدر ڈاکٹر امردیپ نے کہا کہ ایجوکیشن سیل کو بہار کے ہر فرد کو ذات پات کی مردم شماری، ۷۵؍ فیصد ریزرویشن اور بہار کیلئے خصوصی درجہ جیسے مسائل سے آگاہ کرنے کیلئے آگے آنا ہوگا۔ تعلیمی دنیا سے تعلق رکھنے والے دوست مسئلہ اور ماحول بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اسلئے ہم پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ضلع اور بلاک سطح پر ایجوکیشن ڈائیلاگ پروگرام کے ذریعے ہم مودی حکومت کو بے نقاب کریں گے اور نتیش کمار کے تمام ترقیاتی کاموں بشمول تعلیمی میدان میں ہونے والی پیش رفت کو سماج کے آخری فرد تک لے جائیں گے۔