چاندی بھی غوطے کھارہی ہے، ۸۷؍ ہزار روپے فی کلو ریکارڈ ہوئی ، ڈالرکی قیمت میں اضافہ کے سبب دونوں ہی دھاتوں کے دام میں گراوٹ آرہی ہے
EPAPER
Updated: November 14, 2024, 10:54 PM IST | New Delhi
چاندی بھی غوطے کھارہی ہے، ۸۷؍ ہزار روپے فی کلو ریکارڈ ہوئی ، ڈالرکی قیمت میں اضافہ کے سبب دونوں ہی دھاتوں کے دام میں گراوٹ آرہی ہے
گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سونے اورچاندی کے دام میں آرہے اچھال نے اب گراوٹ کی راہ دیکھ لی ہے کیوں کہ گزشتہ کچھ دنوں میں سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ سونے کی بات کی جائے تو انڈیا بلین اینڈ جویلرس اسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق سونے کے دام میں گزشتہ ۱۵؍ دن میں ۶؍ ہزار روپے کی تک کی بھاری گراوٹ آئی ہے جس کی وجہ سے اس وقت۲۴؍ قیراط سونے کی قیمت ۷۷؍ ہزار ۵۰؍ روپے فی تولہ ہوگئی ہے جبکہ ۲۲؍ قیراط کی قیمت ۷۴؍ ہزار روپے کے آس پاس ہے۔ جمعرات کو سونے کی قیمت میں۷۰۰؍ روپے کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ اسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار فی الحال کرنسی مارکیٹ کی جانب متوجہ ہو گئے ہیں۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی مسلسل گراوٹ درج ہو رہی ہے۔ اس وقت چاندی کی فی کلو قیمت ۹۰؍ ہزار۱۹۰؍ روپے ہو گئی ہے ۔ جمعرات کو اس کے دام میں دن بھر میں۲۶۴۴؍ روپے کا کاروبار درج کیا گیا تھا جبکہ گراوٹ ۲۳۱۰؍ روپے درج کی گئی جس کے بعد یہ اپنے آل ٹائم ہائی قیمت سے کافی دور آگئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ مہینے سونے کے دام ۷۹؍ ہزار روپے فی تولہ جبکہ چاندی کے دام ۹۹؍ ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئے تھے۔ یہ دام ان دونوں ہی دھاتوں کے اب تک کے سب سے زیادہ دام تھے۔ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ چاندی کی قیمت ایک لاکھ روپے پار کرجائے گی جبکہ سونا بھی ۸۵؍ ہزار روپے سے زائد پر پہنچ جائے گا لیکن امریکی الیکشن کے نتائج کے بعد ڈالر کی مضبوطی کے سبب چند ہی دنوں میں دونوں ہی کے داموں نے غوطے کھائے ہیں اور اب امکان ہے کہ کچھ دنوں تک یہ گراوٹ جاری رہے۔