بینچ مارک اسپاٹ گولڈ کاروبار کے دوران سونا۳۹ء۳۰۴۵؍ ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
EPAPER
Updated: March 20, 2025, 1:53 PM IST | Mumbai
بینچ مارک اسپاٹ گولڈ کاروبار کے دوران سونا۳۹ء۳۰۴۵؍ ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
سود کی شرح سے متعلق امریکی فیڈرل ریزرو کے فیصلے سے قبل بدھ کو مسلسل دوسرے کاروباری دن سونے نے مقامی اور عالمی منڈیوں میں نئی بلند ترین سطح پر پہنچنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ اس سے قبل منگل کو مقامی اور عالمی منڈیوں میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ بلندی درج کی گئی تھی۔
مقامی مارکیٹ میں اس سال اب تک سونا ۱۲۵۰۰؍روپے یعنی۱۶؍ فیصد سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران عالمی مارکیٹ میں اس قیمتی دھات کی قیمت میں بھی۱۵؍ فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافے کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اس سال عالمی مارکیٹ میں اس نے اب تک۱۵؍ مرتبہ ریکارڈ بلندی حاصل کی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اس سال سونا ہر چوتھے دن نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔
بدھ کی ٹریڈنگ کے دوران ایم سی ایکس پر بینچ مارک سونے کا دم ۸۹۰۱۴؍ روپے تک بڑھ گیاتھا۔ بینچ مارک اسپاٹ گولڈ بدھ کو ٹریڈنگ کے دوران۳۰۴۵ء۳۹؍ ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بینچ مارک یو ایس گولڈ فیوچر مزید بڑھ کر۳۰۵۲ء۴۰؍ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ زیادہ تر ماہرین اس وقت سونے کے بارے میں بہت خوش ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ عالمی سطح پر تجارتی جنگ چھڑنے کے امکان کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال میں محفوظ پناہ گاہ کے طور پر سونے کی مانگ برقرار رہ سکتی ہے۔
امریکی ڈالر کی قدر میں کمی سے سونے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت امریکی ڈالر انڈیکس ۵؍ماہ کی کم ترین سطح پر ہے۔ امریکی ڈالر انڈیکس اس سال اب تک تقریباً۵؍ فیصد کمزور ہو چکا ہے۔ اس عرصے کے دوران ۱۰؍ سالہ امریکی بونڈ کی پیداوار میں بھی تقریباً۲۸؍ بیسس پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ جب ڈالر کمزور ہوتا ہے تو سونا ان خریداروں کیلئے سستا ہو جاتا ہے جو اسے دوسری کرنسی میں خریدنا چاہتے ہیں۔ اس سے سونے کی مانگ بڑھ سکتی ہے اور قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی وقت، امریکی بونڈ کی پیداوار میں کمی سرمایہ کاروں کیلئے سونے کی موقع کی قیمت کو کم کرتی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر تازہ ترین فوجی حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے محفوظ آپشن کے طور پر سونے کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سرمایہ کاری کی طلب اور مرکزی بینکوں کی طرف سے خریداری بھی قیمتوں کے لئے معاون ہیں۔