Inquilab Logo

پرم بیر سنگھ کو فورس سے معطل کرنے کی کارروائی تیز

Updated: December 01, 2021, 8:00 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

سابق پولیس کمشنر اور سچن وازے کے درمیان ملاقات کی تفتیش کا حکم

 Param Bir Singh.Picture:Midday
پرم بیر سنگھ تصویر مڈڈے

ندیم عصران
ممبئی: ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ ،جن کے خلاف شہر کے ۵؍ پولیس اسٹیشنوں میں ہفتہ وصولی کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ، منگل کو ان میں سے مرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں درج کردہ کیس پر میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ نے غیر ضمانتی وارنٹ منسوخ کرکے راحت دے دی ہے ۔ وہیں دوسری طرف سابق پولیس کمشنر کی مشکلات میں اضافہ بھی ہوا ۔ ایک طرف ریاستی محکمہ داخلہ نے پرم بیر سنگھ کو فورس سے معطل کرنے کی کارروائی تیز کر دی ہے  اور اس کے علاوہ پیر کو چاندی وال کمیشن کے روبرو ہونے والی شنوائی میں سابق جسٹس کی اجازت کے بغیر پرم بیر سنگھ اور فورس سے برطرف کئے گئے افسر سچن وازے سے تنہائی میں ایک گھنٹے تک ہونے والی گفتگو پر ریاستی وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے ممبئی پولیس کمشنر کو جانچ کا حکم دے دیا ہے۔
 منگل کو میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے تاجرشیام سندر اگروال کے ذریعہ مرین ڈرائیو پولیس اسٹیشن میں درج کردہ ہفتہ وصولی کیس میں سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کے خلاف جاری کردہ غیر ضمانتی وارنٹ کو منسوخ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ پیر کو بھی ہفتہ وصولی کے دیگر ۲؍کیسوں میں جاری کردہ وارنٹ کو منسوخ کئے جانے سے سنگھ کو راحت مل چکی ہے لیکن سپریم کورٹ کے ذریعہ گرفتار نہ کئے جانے کے احکامات کے باوجود آئی پی ایس افسر کی مشکلات ختم یا کم نہیں ہوئی  ہیں۔منگل کو ایک طرف چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ آر ایم نرلیکر نے پرم بیر کے خلاف جاری کردہ غیر ضمانتی وارنٹ منسوخ کیا  وہیں دوسری طرف سابق پولیس کمشنر کو فورس سے معطل کئے جانے کی کارروائی میں بھی تیزی آگئی ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل نے کہا کہ ’’پرم بیر سنگھ نے فورس میں رہتے ہوئے اپنے فرض منصبی سے بے ایمانی کرنے کے علاوہ بے ضابطگیوں کے قصور وار پائے گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ترتیب کردہ پینل کے  ایڈیشنل چیف سیکریٹری دیباشیش چکروتی نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور انہوں نے آل انڈیا سول سروس قوانین کے مطابق کارروائی کرنے کی دلیل بھی پیش کی ہے ۔اس پر وزیر اعلیٰ کے دستخط ہوتے ہی پرم بیر سنگھ کو معطل کئے جانے کا فرمان جاری کردیا جائے گا ۔‘‘
سچن وازے سے ملاقات کی تفتیش
 پرم بیر سنگھ پر صرف فورس سے معطل کئے جانے کی تلوار ہی نہیں لٹک رہی ہے بلکہ ۷؍ ماہ کی روپوشی اور حکومت کے ترتیب کردہ یک رکنی چاندی وال کمیشن کے روبرو پیر کو پیشی کے دوران فورس سے برطرف کئے گئے ملزم افسر سچن وازے سے پرم بیر سنگھ نے ایک بند کمرے میں کورٹ کی اجازت کے بغیر ملاقات اور بات چیت کی تھی ۔ اس پر انل دیشمکھ کے وکیل نے سخت اعتراض بھی کیا تھا ۔ وہیں اس سلسلہ میں بھی ریاستی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’عدالتی تحویل میں موجود کوئی بھی ملزم ساتھی ملزم سے کورٹ کی اجازت کے بغیر ملاقات اور بات چیت نہیں کر سکتا لیکن پرم بیر سنگھ اور وازے نے عدالتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اس سلسلہ میں ممبئی پولیس کمشنر کو جانچ کا حکم دیا گیا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK