• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوپی ضمنی اسمبلی انتخاب کی تشہیری مہم اختتام کو پہنچی

Updated: November 19, 2024, 1:19 PM IST | Muhammad Rizwan Ansari | Muzaffarnagar

انتخابی مہم کے آخری دن سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی، آر ایل ڈی کے صدر جینت چودھری اور آزاد سماج پارٹی کے چیف ،رکن پارلیمان چندرشیکھر آزاد نے ریلیوں اور جلسوں کے ذریعہ اپنی اپنی طاقت جھونکی۔

MIM chief Asaduddin Owaisi speaking at a rally held in Kakroli. Photo: Inquilab
ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی ،ککرولی میں منعقدہ جلسے میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر:انقلاب

ضلع کی میراپور ضمنی اسمبلی انتخاب میں انتخابی مہم کے آخری دن(پیر کو) سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اور ایم پی اسد الدین اویسی، راشٹریہ لوک دل کے صدر اور مرکزی وزیر جینت چودھری ، آزاد سماج پارٹی کے صدر اور ایم پی چندر شیکھرآزاد نے اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں ریلی اور روڈ شو کئے۔ 
 میراپور اسمبلی علاقہ کے گاؤں ککرولی میں اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اور ایم پی  اسد الدین اویسی نے ریلی کو خطاب کرتے ہوئے ایس پی صدر اکھلیش یادو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو اور ان کی پارٹی نے میراپور الیکشن میں ہار مان لی ہے ،اب ہمیں جینت چودھری کو ہرانا ہے ، وہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ یوگی کے  ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘والے بیان پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ جھانسی میں بچوں کی جان بچانے والے یعقوب منصوری کے سامنے وزیر اعلیٰ کیا ’بٹیں گے تو کٹیں گے‘ کا نعرہ لگا سکتے ہیں، بی جے پی اس طرح کے نعرے دے کر صرف اور صرف آپس میں زہر گھولنے کا کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی مذہب کی بنیاد پر آپس میں زہر گھول کر ملک میں منافرت کی ہوا چلا کر اپنے سیاسی مفاد میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ملک کے ماحول کو خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ان حالات میں آئین کی حفاظت ہمارا فرض بن جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ آئین کی حفاظت کا ہے ،اوقاف کے تحفظ کا ہے۔ حالات سے خوفزدہ ہونے کی اور مایوس ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ ’ بٹیں گے تو کٹیں گے‘، ’ایک رہیں گے تو سیف رہیں گے‘ ۔
 ادھر گاؤں جولی میں منعقدہ سماجوادی پارٹی کی ریلی میں  اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے گنے کی قیمت ۴۰۰؍ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا ،لیکن ابھی تک قیمت کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انتخاب میں کسان ہی اس کا جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمارے  اتحادی پی ڈی اے کی طاقت سے خوفزدہ ہے ۔ جب ایس پی کی حکومت بنے گی تو ہم ۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے۔انہوں نے طنز کیا کہ جو لوگ نعرے لگا کر سماج میں بارودی سرنگ کھود رہے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ مہاراشٹر کے انتخابات کے بعد ان کے اپنے لوگ اپنی کرسی کے لیے بھی بارودی سرنگ کھودیں گے۔  پیر کو ہی جینت چودھری اور چندر شیکھرآزاد نے بھی  روڈ شو کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK