چھگن بھجبل نے بی جے پی ا لیڈران کی پھر خبر لی، کہا’’ بابا صاحب نے منواسمرتی کو آگ لگائی تھی، آپ انہیں مانتے ہیں تو آپ بھی لگائیے۔‘‘
EPAPER
Updated: June 01, 2024, 3:21 PM IST | Agency | Nashik
چھگن بھجبل نے بی جے پی ا لیڈران کی پھر خبر لی، کہا’’ بابا صاحب نے منواسمرتی کو آگ لگائی تھی، آپ انہیں مانتے ہیں تو آپ بھی لگائیے۔‘‘
ان دنوں مہایوتی میں کوئی لیڈر سرخیوں میں ہے تو وہ ہیں چھگن بھجبل۔ وہ روزانہ کوئی ایسا بیان دیتے ہیں جو ان کی اپنی ہی حکومت اور اپنے یہ حلیفوں کے خلاف ہوتا ہے جیسا کہ ایک روز قبل انہوں نے جتیندر اوہاڑ کا دفاع کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے نہ صرف جتیندر اوہاڑ کے عمل کو درگزر کرنے کا مشورہ دیا بلکہ ریاستی وزیر تعلیم دیپک کیسر کر پر اسکولی نصاب میں منو اسمرتی کے شلوک شامل کرنے پر تنقید کی۔ اس سے بار بار میڈیا میں یہ پیغام جا رہا ہے کہ شاید چھگن بھجبل مہا یوتی سے ناراض ہیں یا پھر وہاں سے گلو خلاصی چاہتے ہیں۔اس تعلق سے جمعہ کو میڈیا نے ان سے سوال کر لیا جس پر انہوں نے ایک بار پھر واضح موقف اختیار کرتے ہوئے ساری باتوں کی وضاحت کی۔
جمعہ کو اہلیہ بائی ہولکر کا یوم ولادت تھا اس موقع پر چھگن بھجبل نے اپنے ناسک والے فارم ہائوس پر ایک تقریب منعقد کی جہاں میڈیا نے ان سے وہ سارے سوالات پوچھ لئے جو ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ بھجبل سے پوچھا گیا کہ کیا آپ ناراض ہیں؟ کیا آپ راجیہ سبھا کا ٹکٹ چاہتے ہیں ؟ ( جس کی وجہ سے یہ تنقیدیں کر رہے ہیں؟) اس پر چھگن بھجبل نے جواب دیا کہ ’’میں کسی سے ناراض نہیں ہوں, میں شاہو ، پھلے، امبیڈکر کا پیروکار ہوں اور اس طرح کے معاملے پر کھل کر بولنے کا عادی ہوں ۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ جھوٹ بولنا مجھے آتا نہیں ہے اور مخالفت برائے مخالفت میں کر نہیں سکتا۔ لوک سبھا میں چھوڑ چکا ہوں، اب آپ راجیہ سبھا بھی چھوڑ دیجئے ۔ آج اہلیہ بائی ہولکر کی جینتی ہے ، آج انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اصل کام ہے۔‘‘ منو اسمرتی کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کو جواب میں چھگن بھجبل نے کہا ’’ منو اسمرتی میں لکھا ہے کہ خواتین کو کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ انہیں تعلیم حاصل کرنے کا بھی حق نہیں ہے۔ اہلیہ بائی ہولکر اور ساوتری بائی پھلے جیسی خواتین کو آج یاد کرنا چاہئے۔ ان خواتین نے جو کچھ بھی کیا وہ منو اسمرتی کو درکنار کرنے کے بعد کیا۔‘‘
پرویندر دریکر کا جواب
ایک روز قبل بی جے پی ترجمان پروین دریکر نے یہ کہتے ہوئے بھجبل پر تنقید کی تھی کہ ’’ترقی پسندی کا ڈھول بجانے والے چھگن بھجبل کا بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر پھاڑنے والے جتیندر اوہاڑ کی طرفداری کرنا افسوسناک ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ بابا صاحب ملک بھر کیلئے قابل احترام ہیں۔ ان کی تصویر پھاڑنے والوں کا دفاع چھگن بھجبل کر رہے ہیں۔ انہیں کیا ہو گیا ہے یہ بات سمجھ سے باہر ہے۔‘‘ میڈیا نے اس معاملےمیں سوال کیا تو بھجبل نے کہا ’’ پروین دریکر نے کیا کہا یہ اہم نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہےکہ جتیندر اوہاڑ کی مخالفت برائے مخالفت نہ کریں۔ اہم موضوع یہ ہے کہ منو اسمرتی اسکولی نصاب میں شامل نہیں ہونی چاہئے، اس کی مخالفت کیجئے۔ جتیندر اوہاڈ ممبئی سے منو اسمرتی جلانے مہاڈ گئے تھے وہاں ان سے ایک غلطی ہو گئی وہ ٹھیک ہے لیکن اگر آپ بابا صاحب امبیڈکر کو مانتے ہیں تو بابا صاحب نے منو اسمرتی کو آگ لگائی تھی۔ آپ بھی آگ لگائیے۔‘‘