ایوت محل کے ارنی کی رہنے والی بھومیکا راجندر ڈانگے نے مئی ۲۰۲۴ء کے امتحان میں ۱۱؍ ہزار ۷۶۹؍ ویں رینک حاصل کی تھی،اسکا دعویٰ ہے کہ دوسری باروہ امتحان میں شریک نہیں ہوئی لیکن پھر بھی اس کا رزلٹ آیا
EPAPER
Updated: July 17, 2024, 11:01 PM IST | yavatmal
ایوت محل کے ارنی کی رہنے والی بھومیکا راجندر ڈانگے نے مئی ۲۰۲۴ء کے امتحان میں ۱۱؍ ہزار ۷۶۹؍ ویں رینک حاصل کی تھی،اسکا دعویٰ ہے کہ دوسری باروہ امتحان میں شریک نہیں ہوئی لیکن پھر بھی اس کا رزلٹ آیا
یہاں’رِی نیٖٹ‘کا عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ مئی میں ہونیوالے امتحان میں ۶۴۰؍نمبرات حاصل کرنے والی طالبہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اس اٹیمپٹ کے بعد کوئی امتحان دیا نہیں پھر بھی اس کا نتیجہ آگیا ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ ’ری نیٖٹ ‘ کے نتیجے میں اس کے مارکس ۱۷۲؍ ہی آئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایوت محل ضلع کے ارنی تعلقے کی رہنے والی بھومیکا راجندر ڈانگےنے مئی میں نیٖٹ میں شرکت کی تھی اور ۶۴۰؍نمبرات سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعدمبینہ گھوٹالہ سامنے آیا اور دوبارہ امتحان لیا گیا۔ لیکن اس طالبہ نے ’ ری نیٹ‘ امتحان دیا ہی نہیں۔ لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اسے دوسری مارکس شیٹ موصول ہوئی ہے جس میں طالبہ کے مارکس۶۴۰؍ سے گھٹ کر۱۷۲؍ ہو گئے ہیں۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق بھومیکا نے میڈیکل میں داخلے کیلئے مئی میں نیٖٹ دیا تھا۔ جس کا رزلٹ ۴؍ جون کو ظاہر کیا گیا جس میں بھومیکا نے۷۲۰؍ میں سے۶۴۰؍ نمبرات حاصل کئے تھے۔ اس بنیاد پر وہ آل انڈیا رینک میں ۱۱؍ ہزار ۷۶۹؍ ویں نمبر پر تھی۔ کچھ ہی دنوں بعد نیٖٹ امتحان میں بدعنوانی بے نقاب ہوئی۔ جس کے بعد نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے ۱۵۶۵؍ امیدواروں کا دوسرا امتحان لیا جنہیں ’گریس مارکس‘ دیئے گئے تھے۔ بھومیکا نے یہ امتحان دیا ہی نہیں، حتیٰ کہ اس نے امتحان کے لئے درخواست فارم بھی نہیں بھرا۔ لیکن دوبارہ لئے گئے امتحان کا جب نتیجہ آیا تو بھومیکا کی حیرت کی انتہا نہ رہی ، جب اس کے نام دوسرا رزلٹ آیا۔ جس میں بھومیکا کے مارکس ۶۴۰؍ سے گھٹ کر۱۷۲؍ ہو گئے۔ یہ دیکھ کر بھومیکا اور اس کے گھر والوں کو بڑا جھٹکا لگا۔ اس کی رینک ۱۱؍ ہزار سے پھسل کر ۱۱؍ لاکھ۱۵؍ ہزار۸۴۵؍ ہوجانے پر طالبہ پریشان ہے۔اسکے والد راجندرڈانگے نے کہا کہ ’’ہمیں سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ اس ناانصافی کے خلاف کہاں فریاد کریں؟‘‘