• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملی جلی سرکار کی واپسی، مودی تیسری بار وزیراعظم،۷۲؍ وزراء شامل، کئی چیلنج درپیش

Updated: June 10, 2024, 9:22 AM IST | Farzan Qureshi / Agency | New Delhi

نہرو کے بعد لگاتار تیسری بار وزیراعظم بننے والے مودی دوسرےلیڈر بن گئے، راشٹر پتی بھون میں پروقار تقریب میں حلف برداری، کئی سربراہان مملکت کی شرکت وزیروں میں قلمدانوں کی تقسیم پہلا چیلنج، اسپیکر کے عہدہ پر بھی کوئی فیصلہ نہیں  ہوا۔ راج ناتھ، امیت شاہ، گڈکری، نرملا سیتارمن اور ایس جے شنکر کابینہ میں شامل۔ بی جےپی صدر جے پی نڈا بھی وزیر بنائے گئے، ۵؍اتحادیوں کو کابینی درجہ کی ایک ایک وزارت ملی، اسمرتی ایرانی ، انوراگ ٹھاکر اور دیگر وزارت سے محروم۔

Prime Minister Modi with President Murmu on the occasion of taking oath for the third time in a row. Photo: PTI
وزیراعظم مودی لگاتار تیسری بار حلف برداری کے موقع پر صدر جمہوریہ مرمو کے ساتھ ۔ تصویر: پی ٹی آئی

اکثریت سے محروم رہ جانے کے باوجود این ڈی اے اتحادیوں کے سہارے اتوار کو نریندر مودی نے لگاتار تیسری بار وزیراعظم  کے طورپر حلف لیکر تاریخ رقم کردی۔ وہ نہرو کے بعد دوسرے لیڈر بن گئے ہیں جنہوں  نے لگاتار تیسری بار وزارت عظمیٰ سنبھالی ہے تاہم مودی کے سامنے نئی میعاد کیلئے  سب سے بڑا چیلنج اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ اس سلسلے میں پہلا مرحلہ قلمدانوں کی تقسیم  کا ہوگا۔  اتوا ر کو ان کے ساتھ ۷۲؍ وزیروں نے بھی حلف لیا۔  ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب مرکز میں  حکومت سازی کے وقت اتنی بڑی تعداد میں وزیروں  نے ایک ساتھ حلف لیا ہے۔ 
 راشٹر پتی بھون میں منعقدہ پروقار تقریب  میں  صدر جمہوریہ  دروپدی مرمو نے نریندرمودی نے لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔ ان کے ساتھ ۳۰ ؍کابینی درجے کے وزیر اور باقی وزیر مملکت (آزادانہ چارج ) کو حلف دلایاگیا۔ جن کو کابینی درجے کا وزیر بنایا گیا ہے ان میں امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری ، نرملا سیتارمن اور ایس جے شنکراہم ہیں۔ بی جےپی صدر جے پی نڈا کو بھی وزیر بنایاگیاہے۔ وزراء کی قطار میں جے ڈی یو اور ٹی ڈی پی کو   خاص جگہ دی گئی ہے۔ دیکھا جائے تو کابینہ میں یوپی اور بہار کا خاص خیال بھی رکھا گیا ہے۔حلف لینے سے قبل نریندر مودی آج صبح گاندھی سمادھی ،جنگی یادگار اور اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی پر گئے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ کابینہ میں شامل ہونے والے اراکین  سے انہوں نے تقریب حلف برداری سے قبل  اپنی رہائش گا ہ پر ملاقات کی ۔دلچسپ بات یہ رہی ہے کہ آج صبح جن لوگوں کانام کابینہ کی فہرست میں تھا، انھیں فون کرکے نریندرمودی کی رہائش گاہ پر بلایا گیا تھا۔  
غیر ملکی سربراہان میں بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، مالدیپ کے صدر محمد معزو، ماریشس کے وزیر اعظم پروند کمار جگن ناتھ، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے، سیشلز کے نائب صدراحمد عفیف کے نام قابل ذکر ہیں۔  کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے بھی بطور خاص شریک ہوئے ۔ تقریب کا آغاز قومی ترانہ کے ساتھ ہوا، اس کے بعد صدر جمہوریہ درپدی مرمو نے سب سے پہلے نریندر مودی کو حلف دلایا۔ ان کے بعد کابینی وزراء کے طور پر راج ناتھ سنگھ ،امیت شاہ ،نتن گڈکری ،جگت پرکاش نڈا، شیو راج سنگھ چوہان،نرملا سیتا رمن،ایس جے شنکر ،منوہر لال کھٹر ، ایچ ڈی کمارسوامی، پیوش گوئل ،دھرمیندر پردھان، جتن رام مانجھی، راجیو رنجن سنگھ للن ( جے ڈی یو)، سربانند سونے وال،وریندر کمار، رام موہن نائیڈو( ٹی ڈی پی )، پرہلاد جوشی،جوئل اوراؤں، گری راج سنگھ، اشونی ویشنو، جوتیرادتیہ سندھیا،پھوپیندر یادو ،گجیندر سنگھ شیخاوت ،انا پورنا دیوی، کرین رجیجو، ہردیپ سنگھ پوری، ڈاکٹر من سکھ مانڈویا، جی کشن ریڈی ،چراغ پاسوان، سی آر پاٹل حلف دلایا گیا۔ مہاراشٹر کے حصے میں ۶؍ وزارتیں  آئیں مگر ابھی صرف ۵؍ وزیروں نے حلف لیا ہے۔ 
 مودی کابینہ میں ۳۳؍ نئے چہرے
اتوار کو تشکیل پانے والی مرکزی حکومت کی کابینہ میں ۳۳؍ نئے چہرے شامل ہیں  جو پہلی بار مرکز میں وزارت سنبھالیں گے۔  ان میں  شیوراج سنگھ  چوہان، منوہر لال کھٹر اور ایچ ڈی کمارا سوامی کا نام قابل ذکر ہے۔ مودی کابینہ میں پہلی بار وزیر بننے والوںمیں ۷؍ کا   تعلق بی جےپی کی اتحادی پارٹیوں سے ہے۔ ان میں ٹی ڈی پی سے کے رام موہن نائیڈو، چندر شیکھرپیماسانی، جے ڈی یو کے للن سنگھ  اوررا م ناتھ ٹھاکر جبکہ آر ایل ڈی کے جینت چودھری کے نام اہم ہیں۔ 
شاہ رخ  سمیت کئی فلمی ستاروں کی شرکت
حلف برداری کی تقریب میں  شاہ رخ خان سمیت بالی ووڈ کے کئی بڑے ستاروں نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ   سپر اسٹار رجنی کانت جنوبی ہند کے روایتی کپڑوں، سفید لُنگی اور سفید شرٹ پہنے ہوئے راشٹرپتی بھون پہنچے۔ بالی ووڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کالے رنگ کے سوٹ میں اپنی منیجر پوجا ددلانی کے ہمراہ راشٹر پتی بھون میں داخل ہوتے  ہوئے نظر آئے۔
تجربہ کار اداکار انل کپور، لوک سبھا الیکشن میں جیت درج کرکے دوبارہ ممبر پارلیمنٹ بننے والی ہیما مالینی اور پہلی بار ممبر پارلیمنٹ بننے والی اداکارہ کنگنا رنائوت کے علاوہ اداکارہ روینا ٹنڈن، فلمساز اور ہدایت کار راجکمار ہیرانی، بارہویں فیل فلم کے اداکار وکرانت میسی، اداکار اکشے کمار اور انوپم کھیر بھی اس تقریب کا حصہ بنے۔پرسار بھارتی کے چیئر مین نونیت سہیگل بھی راشٹرپتی بھون پہنچے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK