• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

حاجی علی درگاہ تک پہنچنے والے راستےکواونچا کیا جائے گا

Updated: December 30, 2024, 1:04 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ہائی ٹائیڈ کے پیش نظرحاجی علی امپرومنٹ پلان کا مقصد۱۰ء۲۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے درگاہ کے راستے کو مضبوط، خوبصورت اور زائرین کیلئے محفوظ بنانا ہے۔

There is a plan to make the road to Haji Ali Dargah beautiful and safe for pilgrims. Photo: INN.
حاجی علی درگاہ جانے والے راستے کو خوبصورت اور زائرین کیلئےمحفوظ بنانے کا منصوبہ ہے۔ تصویر: آئی این این۔

حاجی علی امپرومنٹ پلان درگاہ تک جانے والے راستے کو ہائی ٹائیڈ کے پیش نظر زائرین کیلئے محفوظ بنانے کیلئے تیار ہے۔ بہتری اور خوبصورتی کے اقدامات کے ساتھ یہ منصوبہ ان ہزاروں زائرین کو آسانی فراہم کرے گا جو زیارت کیلئے حاجی علی درگاہ آتے ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی کے ایک افسرنے اس بارے میں بتایا کہ اس منصوبے کو محکمہ کے ہاربر ڈویژن کے ذریعے سنبھالا جا رہا ہے اور اس میں درگاہ کے موجودہ راستے کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی جس پر ہائی ٹائیڈ کے دوران اکثر تیز وتندلہروں کےسبب درگاہ تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ حاجی علی درگاہ تک جانے والے موجودہ ۵؍ میٹر اونچے راستے کو بہتر بنانے پر مرکوزرہے گا۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ ’’ پی ڈبلیو ڈی بنیادی طور پر موجودہ راستے کو مضبوط بنانے سے متعلق ہے جس میں اسے کشادہ کرنا اور اس کی اونچائی کو اونچی لہروں کی سطح سے۱ء۵؍ میٹر تک بڑھانا شامل ہے۔ ‘‘
اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ یہ ماحولیاتی دباؤ کو برداشت کرسکتا ہے، پہلے مرحلے میں راستے کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پتھر کا کام بھی شامل ہو گا۔ مزید برآں حفاظتی ریلنگ نصب کی جائے گی اور سیکوریٹی انتظامات کے تحت راستے پر روشنی کا انتظام کیا جائے گا۔ 
پورے پہلے مرحلے جس کی لاگت کا تخمینہ۱۰ء۲۰؍ کروڑ روپے ہے، کیلئے پہلے ہی ٹینڈرس طلب کئے جاچکے ہیں اور کوسٹل ریگولیشن زون(سی آر زیڈ) کی منظوری کیلئے مرکزی وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے محکمے کو پیش کی گئی تجویز بھیجی جاچکی ہے۔ اس مرحلے کیلئے فنڈس کو شہر کے کلکٹر نے منظوری دے دی ہے جس کی تکمیل کی مدت ۱۲؍ ماہ طے کی گئی ہے۔ 
اب جبکہ پی ڈبلیو ڈی ڈھانچوں کے پہلوؤں پر توجہ مرکوز کررہا ہے، اس علاقے کی خوبصورتی کا انتظام بی ایم سی کے کوسٹل روڈ ڈپارٹمنٹ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے ) کے تعاون سے کرے گا۔ یہ کوشش منصوبے کے بعد کے مراحل کا حصہ ہو گی۔ 
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق پی ڈبلیو ڈی کے ایک افسر کے مطابق ’’ دوسرے مرحلے میں خوبصورتی پر توجہ دی جائے گا، تیسرے مرحلے میں پارکنگ کی بہتری پر اورچوتھے مرحلے میں ہاکرس اور زائرین کو سہولیات فراہم کی جائے گی۔ ‘‘
کنزرویشن آرکیٹیکٹ ابھا نارائن لامبا کو اس پروجیکٹ کیلئے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کےذمے ڈیزائن کی نگرانی شامل ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ راستہ نہ صرف عملی تقاضوں کو پورا کرتا ہے بلکہ یہ تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے مطابق بھی ہے۔ ابھالامبا نے کہا کہ کوسٹل روڈ کی تعمیر کی وجہ سے حاجی علی درگاہ تک جانے والا راستہ اب ایک اونچی سطح پر ہے اوراس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورے راستے کو کشادہ کیا جائے گا اور اسے انڈر پاس کی سطح کے برابر کیا جائے گا۔ یہ زائرین کیلئے ایسا راستہ بن جائے گا جوتیزوتند لہروں سے متاثر نہیں ہوگا۔ اس سے قبل اونچی لہروں کے دوران زائرین درگاہ تک نہیں پہنچ سکتے تھے۔ 
ابھانارائن لامبا کے راستے کے ڈیزائن میں حاجی علی درگاہ آنے والوں کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہےساتھ ہی ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ریلنگ کے ساتھ ۹۵؍فٹ اونچا راستہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ہائی ٹائیڈ کےباوجود عقیدتمندپورے دن آسانی سے درگاہ تک پہنچ جائیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK