• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مولانا مستقیم احسن اعظمی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا

Updated: July 06, 2023, 10:10 AM IST | Mumbai

جمعیۃ علماء کی جانب سے المالطیفی ہال میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں مرحوم کوخراجِ عقیدت پیش کیا گیا

Maulana Zaheer Abbas Rizvi, Abu Asim Azmi, Maulana Syed Azhar Madani, Amin Patel and Nizamuddin Raeen are present on the stage.
اسٹیج پر مولانا ظہیر عباس رضوی، ابو عاصم اعظمی، مولانا سید ازہر مدنی، امین پٹیل اور نظام الدین راعین موجود ہیں۔

’’ مولانا مستقیم احسن‌اعظمی مرحوم کی ملّی ،  دینی اور جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے انجام دی جانے والی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وہ ۵۰؍سال سے زائد عرصے تک جمعیۃ سے وابستہ رہے اور تقریبا  ۲۰؍برس تک مہاراشٹر جمعیۃ کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ اس طرح وہ آخری سانس تک جمعیۃ سےوابستہ رہے اور خانوادہ مدنی سے بہت گہرا تعلق رہا۔‘‘  بدھ کی شام کوصابو صدیق  المالطیفی ہال میں مولانا مرحوم کیلئے تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ان کی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے اہم شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
 مولانا مسعود احمد حسامی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) نے مولانا محمد عارف عمری کے مضمون کی تلخیص پیش کی ۔دریں اثناء اپنے تعلق کا اظہار کرتے ہوئے رونے لگے۔ مولانا امیر عالم قاسمی (خطیب وامام عرب مسجد) نے کہا کہ ’’بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں کہ ان کے خدو خال اور نقوش ان کے دنیا سے جانے کے بعد بھی باقی رہتے ہیں۔ مولانا کی خوبیوں، کمالات اور خدمات کا ہر کوئی معترف ہے، یہ ان کے عنداللہ مقبول ہونے کی دلیل ہے۔ مولانا جیسا خوردنوازی کا  جذبہ کم ہی لوگوں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ مولانا مستقیم کی جمعیۃ کی خدمات کو کتابی شکل دی جائے تاکہ دوسروں کیلئے مشعل راہ ہو۔‘‘ نظام الدین راعین نے کہا کہ ’’ میں نے ۱۹۸۵ء میں صابو صدیق کے  اسی اسٹیج پر علامہ شبلی پر منعقدہ سمینار میں جو تقریر مولانا مستقیم‌ نے کی تھی ، میں اسی وقت سے ان کا ایسا معتقد ہوا کہ تاحیات اس تعلق میں فرق نہیں آیا۔‘‘مولانا ظہیر عباس  رضوی نے کہا کہ ’’مولانا کی موت جمعیۃ کا نقصان نہیں بلکہ ملت،  قوم اور عالم اسلام کا نقصان ہے۔ ہم‌ نے ایک دیدہ ور کھویا ہے۔‘‘  پروفیسر ذاکر الٰہی صابو صدیق نے بھی اظہار خیال کیا۔   مولانا سید ازہر مدنی،(ناظم‌ جمعیۃ علماء ہند)، مولانا محمود دریابادی، مولانا عبدالجلیل، عبدالحسیب بھاٹکر، ابو عاصم اعظمی، امین ‌پٹیل، سرفراز آرزو اور فرید شیخ نے مولانا مستقیم اعظمی کی خدمات اور ان کی شخصیت پر روشنی ڈالی۔ 
 مولانا اسلم قاسمی نے تلاوت کی ۔ مولانا اسید قاسمی نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔  نظامت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کی اور مولانا مستقیم سے اپنے تعلقات کا تفصیل سے اظہار کیا۔ اس موقع پر دیگر تنظیموں کے عہدیداران واراکین کے علاوہ دونوں جمعیتوں کے کارکنان، علماء، ائمہ اور مختلف شعبے کی اہم شخصیات موجود تھیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK