• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

نتیش رانے کی زہر افشانی پر خاموش میڈیا مسلمانوں کی ریلی پر چیخ اٹھا

Updated: September 26, 2024, 12:22 PM IST | Aurangabad

زی نیوز نے ترنگا ریلی کے ویڈیو میں کسی اور موقع کی اشتعال انگیز آواز کو شامل کرکے پیش کیا، امتیاز جلیل کاقانونی کارروائی کا انتباہ

Imtiaz Jalil during the rally
امتیاز جلیل ریلی کے دوران

گزشتہ پیر کو اورنگ آباد سے مسلمانوں کی ایک ترنگا ریلی  اس مطالبے کے ساتھ نکالی گئی تھی کہ مسلمانوں کے تعلق سے منافرت آمیز بیان دینے والے نتیش رانے اور گستاخانہ  کلمات ادا کرنے والے بابا رام گیری کو گرفتار کیا جائے۔ حیرانی کی بات ہے کہ نتیش رانے اور بابا رام گیری کی زہرافشانی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے والے ٹی وی چینلوں نے مسلمانوں کی اس ریلی کے خلاف اشتعال انگیزی شروع کر دی ہے۔ حتیٰ کہ ریلی کے تعلق سے بے دریغ غلط خبریں بھی چلائی جا رہی ہیں۔  ریلی کی قیادت کرنے والے سابق رکن پارلیمان امتیاز جلیل ( ایم آئی ایم ) نے ان چینلوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ جوجھوٹی خبریں چلا رہے ہیں انہیں ثابت کریں یا پھر قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔
  یاد رہے کہ رام گیری اور نتیش رانے کی مسلسل بد زبانی کے خلاف سابق رکن پارلیمان امتیاز جلیل نے اورنگ آباد تا ممبئی ایک ترنگا ریلی نکالی تھی۔ ہرچند کہ امتیاز جلیل مجلس اتحادالمسلمین کے ریاستی صدر ہیں لیکن انہوں نے ریلی میں پارٹی کے جھنڈے یا نام کا استعمال کرنے سے گریز کیا تھا اور اسے مسلمانوں اور آئین میں یقین رکھنے والے ہندوستانیوں کی ریلی قرار دیا تھا۔ ایک عام تاثر ہے کہ ریلی پوری طرح کامیاب رہی۔ ہر چند کہ    پولیس نے ملنڈ چیک ناکہ پر اس قافلے کو روک دیا تھا لیکن یہاں امتیاز جلیل کو تقریر کی اجازت دی گئی تھی۔ اس تقریر کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ 
  بعض ٹی وی چینلوں نے ریلی کے مختلف ویڈیو کی کلپ کو اشتعال انگیز سرخیوں کے ساتھ ٹی وی پر دکھایا۔ اور شروعات سے آخر تک پُرامن طریقے سے نکالی گئی اس ریلی کو اشتعال انگیز قرار دینے کی کوشش کی۔ کسی نے اسے ’ہندوئوں کو چیلنج‘ تو کسی نے ’کیا چاہتا ہے ایم آئی ایم؟‘ نیز کسی نے ’’ کسے دھمکا رہے ہیں اویسی کے نیتا؟‘‘ جیسی سرخیوںکے ساتھ پیش کیا۔ ان ویڈیوز کے تعلق سے الگ الگ دعوے بھی کئے گئے۔ اس بات کا نوٹس خود امتیاز جلیل نے لیا اور انہوں نے چینلوں کو قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔ 
  امتیاز جلیل نے ٹویٹر ( ایکس ) پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا ’’زی نیوز کو ان وائس اوور( ویڈیو  میں علاحدہ سے شامل کی گئی آواز) کو ثابت کرنا ہوگا جنہیں ہماری ریلی میں لگائے گئے نعرے کہا جا رہا ہے۔ جلداز جلد ایسا کیجئے ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔‘‘ ساتھ ہی امتیاز جلیل نے کہا ’’ کیا آپ نے نتیش رانے کی زہرافشانی کے وقت بھی  اسی طرح کی اسٹوری چلائی تھی؟ نہیں آپ نے نہیں چلائی تھی۔‘‘ دراصل زی نیوز نے ریلی کے کچھ کلپ  میں علاحدہ آوازیں شامل کی گئی ہیں جو کسی اور موقع کی ہیں۔ ان میں سے ایک ویڈیو میں بیک گرائونڈ میں کسی کی جوشیلے انداز میں کہا گیا یہ جملہ سنائی دے رہا ہے کہ ’’ جو رسول اللہؐ کی شان میں گستاخی کرے اسے کاٹ کر رکھ دو‘‘ واضح طور پر یہ جملہ کسی اور ویڈیو سے ایڈیٹ کرکے ترنگا ریلی  کے ویڈیو کلپ  میں شامل کیا گیا ہے۔ ویڈیو دیکھنے خود اس بات کا اندازہ ہو جاتا ہے۔ 

aimim Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK