• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

منی پور میں حالات پھر خراب، ۱۳؍ وزیروں کے گھر پھونک دیئے گئے

Updated: November 19, 2024, 1:24 PM IST | Agency | Imphal

وزیراعلیٰ بیرن سنگھ کی اراکین اسمبلی سے ملاقات، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی، کانگریس کا وزیراعظم سے منی پور دورے کا مطالبہ۔

After the violence broke out again, the members of the `Manipuri Sahitya Parishad` demonstrated. Photo: INN
دوبارہ تشدد بھڑک اُٹھنے کے بعد’منی پوری ساہتیہ پریشد‘ کے اراکین نے مظاہرہ کیا۔ تصویر : آئی این این

منی پور میں ایک بار پھر آگ لگ گئی ہے جس کی وجہ سے ریاست کی صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے۔ اس دوران مشتعل ہجوم کے ذریعہ ۱۳؍ وزیروں اور ایم ایل ایز کے گھر پھونک دیئے  گئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے جیری بام ضلع میں۶؍ افراد کی لاشیں دریا میں تیرتی ہوئی ملی تھیں۔ اس کے بعد علاقے میں تشدد کی چنگاری بھڑک اٹھی۔ اتوار کی رات دیر گئے مشتعل ہجوم نے ایم ایل ایز اوروزیروں  کے گھروں کو جلانا شروع کر دیا تھا۔اس دوران سیاسی جماعتوں کے دفاتر کو بھی جلا دیا گیا۔حالات پرقابو پانے کیلئے  وزیراعلیٰ بیرن سنگھ نے اراکین اسمبلی  سے ملاقات کی اورریاستی مسائل پر گفتگو کی۔
 منی پور کی وجہ سے دہلی میں بھی دن بھر ہلچل رہی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نےتشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر پیر کو  اعلیٰ سطحی سیکوریٹی حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور منی پور کی سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر افسران اور ریاستی اداروں سے انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں امن برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کریں۔ مرکز میں سیکوریٹی مشینری سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے اتوار کے بعد پیر کو بھی  ایک طویل میٹنگ کی جس میں سینئر سیکوریٹی حکام کے ساتھ صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ دریں اثنا، مرکز نے منی پور میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مرکزی پولیس فورسیز کی تعیناتی میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی پولیس فورسیز کی۵۰؍ اضافی کمپنیاں وہاں بھیجی جا رہی ہیں جبکہ پہلے سے وہاں۲۰؍ کمپنیاں تعینات   ہیں۔
 اسی دوران کانگریس نے وزیراعظم مودی سے منی پور کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی غیر ملکی دوروں  پر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن منی پور گزشتہ سال ۳؍مئی سے جل رہا ہے، اس کے بارے میں کچھ نہیں سوچتے ہیں، نہ ہی وہاں جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK