Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’شہرومضافات کے نالوں سے نکالا گیا کیچڑ ۴۸؍ گھنٹوں میں وہاں سے ہٹایا جائے‘‘

Updated: April 25, 2025, 10:27 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایات دیں۔ شہریوں سے نالوں میں تھیلیاں ، بوتلیں ، تھرماکول اور لکڑیاں نہ پھینکنے کی درخواست کی۔

Municipal Commissioner Bhushan Gagrani inspecting the cleaning of the drain at Mahalaxmi Race Course. Photo: Shadab Khan
میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی مہالکشمی ریس کورس کے نالے کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے۔ تصویر: شاداب خان

بی ایم سی کمشنر نے ہدایت جاری کی ہے کہ نالوں کی صفائی کے دوران جو کیچڑ اور گندگی نالوں سے نکالی جارہی ہے، اسے ۴۸؍ گھنٹوں میں نالوں کے پاس سے ہٹا کر دیگر کسی مناسب جگہ ڈالا جائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جہاں ضروری محسوس ہو،  وہاں ’ٹریش بوم‘ (جدید تکنیک جس سے ندی نالوں کا کچرا جالیوں میں ایک جگہ پھنسا رہتا ہے اور آگے نہیں جاتا)کا استعمال کیا جائے۔
 میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے  بارش کے پانی کی نکاسی کے ذمہ دار محکمہ کو یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ نالے چھوٹے ہوں یا بڑے ان کی صفائی گہرائی سے کی جائے تاکہ ان میں پانی روانی سے جاری رہے اور مانسون کے دوران نالوں کے بھر جانے کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو۔ نالوں کی صفائی کا جائزہ لینے کیلئے بھوشن گگرانی نے جمعرات کو مہالکشمی ریس کورس کے پاس واقع نالا، ورلی میں نہرو سائنس سینٹر نالا اور دھاراوی نالے کا دورہ کیا۔ اس وقت انہوں نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ 
 اس موقع پر بھوشن گگرانی نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے اور اس پر ۲۳۵؍ کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
 اگرچہ ابھی بارش کا موسم شروع ہونے میں تقریباً ڈیڑھ ماہ باقی ہیں تاہم انہوں نے دعویٰ کیاکہ ’پری مانسون‘ (موسم باراں کی آمد سے قبل کی جانے والی تیاری) کا ۳۰؍ فیصد کام اب تک مکمل ہوچکا ہے اور نالوں سے کیچڑ اور کچرا نکالنے کا کام طے شدہ منصوبہ کے مطابق جاری ہے۔
  ان کے مطابق وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق اس سال نالوں کی صفائی کے کام میں مزید شفافیت لائی گئی ہے۔اس سال پہلی مرتبہ نالوں سے کیچڑ نکالنے، اس کیچڑ، کچرے اور گندگی کے وزن کی پیمائش اور ان کی نقل و حمل اور دیگر مقام پر پہنچانے کے عمل کا مصنوعی ذہانت کی مدد سے تجزیہ کیا جارہا ہے۔
 بھوشن گگرانی کے مطابق مصنوعی ذہانت کے استعمال سے انہیں نالوں کی صفائی کی نگرانی اور اس کام میں شفافیت برقرار رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ نالوں کی صفائی سے پہلے، درمیان اور بعد کی تصویریں اور ویڈیو بی ایم سی کی ویب سائٹ https://swd.mcgm.gov.in/wms2025` پر اَپ لوڈ کی جارہی ہیں جہاں شہری اپنے علاقوں کے کام کا جائزہ لے سکتے ہیں اور اگر ان کے پاس کوئی رائے، مشورہ یا شکایت ہو تو وہ بی ایم سی سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ البتہ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ’سالیڈ ویسٹ‘  مثلاً پلاسٹک کی تھیلیاں، بوتلیں، تھرماکول اور لکڑیاں وغیرہ نالوں میں نہ پھینکیں۔ اگرشہری نالوں میں  سالیڈ ویسٹ نہیں پھینکیں گے تو ان کی صفائی مزید آسان ہوجائے گی اور موسم باراں میں شہریوں  ہی کو اس کا فائدہ ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK