Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ملیالم فلم ’لوسیفر۲‘ کی کہانی کیرالا سے نکل کر عالمی سطح تک پہنچ گئی ہے

Updated: March 29, 2025, 11:20 AM IST | Muhammad Habib | Mumbai

کہانی پہلے حصے سےجاری رہتی ہے اور آگے بڑھ کر بہت دور تک چلی جاتی ہے، فلم میں کیرالا کے سیاسی حالات پر طنز بھی کیا گیا ہے۔

Mohanlal and others can be seen in a scene from the film `L2: Emporan`. Photo: INN
فلم ’ایل ۲:ایمپوران‘ کے ایک منظر میں موہن لال اور دیگر کودیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

آج کل ہندی  فلموں کی کارکردگی مایوس کن ثابت ہورہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں ہندی فلمیں ناکامی کا منہ دیکھ رہی ہیں۔ ایسے میں اچھی کہانی پر مبنی اچھی فلمیں دیکھنے کیلئے ہندی بولنے والے بھی جنوبی ہند کی فلموں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ملیالم، تمل اور تیلگو فلمیں ملک و بیرون ملک ہندوستان کا نام روشن کررہی ہیں اور ہر طرف پسند کی جارہی ہیں۔ملیالم فلموں کے اداکار موہن لال کی ایسی ہی ایک فلم’لوسیفر‘کافی مقبول ہوئی تھی۔ اب اس کا سیکوئل پیش کیا گیا ہے۔جس کا نام ’ایل ۲‘ایمپوران‘ہے۔نام کا مطلب جاننے کیلئے جب فلم کے ڈائریکٹر پرتھوی راج سُکومارن سے جب ’ایمپوران‘ کا مطلب پوچھا گیا، تو انہوں نے اسے ’کنگ سے زیادہ گاڈسے کم‘ بتایا۔ حالانکہ لفظی طورپر ’ایمپوران‘ کا مطلب بہت طاقتور بادشاہ ہوتا ہے۔ فلم کےپریکوئل میں موہن لال نے ٹائٹل رول نبھایا تھا۔ لیکن اس بار وہ ایمپوران کے اوتارمیںہیں، جو کہ کیرالاسے نکل کر انٹرنیشنل ہو چکا ہے۔ وہ اتنا طاقتور ہے کہ نہ صرف ہندوستان، بلکہ دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنے دشمنوں کا خاتمہ کر سکتا ہے۔
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی پچھلی فلم سے آگے بڑھتی ہے۔ اپنے دادا  رامداس (سچن کھیڑیکر)کے انتقال کے بعد اسٹیفن (موہن لال) نے اقتدار ان کے بیٹے جتن (تووینو تھامس) کو سونپ دی تھی۔ لیکن اب۵؍ بعدجتن نہ صرف بدعنوان ہو چکا ہے، بلکہ اپنے والد کے خواب کو پورا کرنےکے بجائے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے فرقہ پرست جماعتوںسےاتحاد کر لیتا ہے۔ اپنے بھائی کو غلط راستے پر جاتا دیکھ کر اس کی بہن پریادرشنی (منجو واریئر) اس کے خلاف سیاست میں اتر جاتی ہے۔لیکن جب پریہ درشنی مشکل میں آتی ہے، تو اسے بچانے کیلئےہمیشہ کی طرح اسٹیفن کیرالہ واپس آتا ہے۔ اب کیا اسٹیفن ریاست کو اپنے والدکے راستے پر چلانے میں کامیاب ہوتا ہے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو سینما گھر جانا ہوگا۔
ہدایت کاری
 فلم کے ہدایت کار پرتھوی راج سکومارن نے گزشتہ فلم کے آخر میں ہی اشارہ دے دیا تھا کہ اگلی بار ان کی فلم عالمی سطح کی ہونے والی ہے۔ وہی بات سچ ثابت ہوتی ہے اور فلم کا دائرہ کیرالا سے آگے بڑھ کر پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔اس مرتبہ اسٹیفن دنیا بھر کی تمام خطرناک تنظیموں سے مقابلہ کرتا ہوا نظر آتا ہے۔پرتھوی راج نے اپنی فلم کے دائرے کو وسیع کرنے کیلئے اس میں تمام طرح کے مسالے شامل کئے ہیںجس میں ایک ان کے خود کے کردار زاہد کی پرانی کہانی بھی شامل ہے۔ لیکن لوسیفرکو ایمپوران بنانے کی کوشش میں وہ بنیادی کہانی سے بھٹک جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ یہ فلم تقریباً ۳؍ گھنٹے طویل ہوگئی ہے بلکہ کہانی کے معاملے میں کمزور بھی پڑ گئی ہے۔ فلم کا آغاز ہی عالمی سطح کے منظر سے ہوتا ہے، پھر کہانی فلیش بیک میں چلی جاتی ہے۔ اس کے بعد موجودہ وقت کے کیرالا میں آتی ہے۔ کہانی میں عروج انٹرول کے بعد منجو واریئر کی وجہ سے آتا ہے۔
 اس معاملے میں سکومارن کی تعریف کی جانی چاہئے کہ انہوں نے فلم کے بہانے کیرالا کی موجودہ سیاست کو بھی دکھانے کی اچھی کوشش کی ہے۔ فلم کے کلائمیکس میں وہ اس کے اگلے پارٹ کا بھی اعلان کرتے ہیں۔
اداکاری
موہن لال ہمیشہ کی طرح چھائے رہے ہیں، وہ اپنے اہم کردار میں شاندار نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ مرتبہ ٹھیٹھ ملیالی انداز کے بعد اس مرتبہ انٹرنیشنل لیول کے شخص کے طور پر انہوں نے کافی شاندار کام کیا ہے۔وہیں منجو واریئر نے بھی عمدہ کام کیا ہے۔ ٹووینو تھامس کے پاس کرنے کیلئے کچھ خاص نہیں تھاجبکہ ابھیمنیو سنگھ نے اچھا کام کیا ہے۔ فلم کے باقی اداکاروں نے بھی ٹھیک ٹھاک کام کیا ہے۔
اس فلم کی سنیماٹوگرافی لاجواب ہے۔ خاص طور پر اگر آپ اسے آئی میکس اسکرین پر دیکھ رہے ہیں تو کہیں زیادہ لطف آئے گا۔
نتیجہ
 اگر آپ موہن لال کے فین ہیں تو اس فلم کو سنیماگھر میں جاکر ضرور دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK