یونین لیڈروں نے تحریری یقین دہانی کا حوالہ دیا، وزیراعلیٰ شندے نے احتجاج کے خاتمے کا خیر مقدم کیا، اعلان کیا کہ مطالبات کو منظور کرنے کے تعلق سے حکومت کا رویہ مثبت ہے، سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ ملتے ہی مناسب فیصلہ کیا جائےگا
EPAPER
Updated: March 21, 2023, 12:20 AM IST | Iqbal Ansari and saadat khan | Mumbai
یونین لیڈروں نے تحریری یقین دہانی کا حوالہ دیا، وزیراعلیٰ شندے نے احتجاج کے خاتمے کا خیر مقدم کیا، اعلان کیا کہ مطالبات کو منظور کرنے کے تعلق سے حکومت کا رویہ مثبت ہے، سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ ملتے ہی مناسب فیصلہ کیا جائےگا
پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ کیلئے گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری ۱۷؍لاکھ سے زیادہ سرکاری ملازمین کی ہڑتال پیر کووزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ ہونےوالی اہم میٹنگ کے بعد ختم کردی گئی ۔ہڑتال واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنظیموں کی رابطہ کارکمیٹی کے سربراہ وشواس کاٹکر نے بتایا کہ حکومت نے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کے مطالبے کو’’اصولی طور پر‘‘ منظورکرلیاہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہاہے کہ پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے کے تعلق سے حکومت مثبت ہے اور اس تعلق سے بنائی گئی ماہرین کی سہ رکنی کمیٹی کی رپورٹ کی سفارشات کی بنیاد پر مناسب قدم اٹھایا جائےگا۔
ملازمین تنظیم کے لیڈر کا کیا کہنا ہے
وشواس کاٹکر نے بتایا کہ ’’ حکومت نے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنےکا یقین دلانےکے ساتھ ہی اس بارے میں تحریری ہدایت جاری کرنےکا بھی وعدہ کیاہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ہڑتال کی پاداش میں ملازمین کو دیا گیا وجہ بتائو نوٹس بھی واپس لینے کا وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیاہے۔‘‘ کاٹکر نے بتایا کہ ’’ حکومت سے ہونے والی میٹنگ کےبعدہم نے ہڑتال واپس لینےکے ساتھ سرکاری ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل سے اپنی معمول کی ڈیوٹی پر لوٹ جائیں ۔ ‘‘یونین لیڈر نے سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے ملنے والی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دوسری طرف متعدد تعلیمی تنظیموں نے ہڑتال واپس لینے پر بےاطمینانی ظاہر کی ہے۔ اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجدنثار نے انقلا ب سے گفتگو میں کہا کہ ’’جب تک تحریری طورپر اس بارےمیں احکام جاری نہیں ہوتا تب تک احتجاج جاری رکھنا چاہئے تھا۔‘‘
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا اعلان
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاستی اور نیم سرکاری ملازمین کی ہڑتال ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے قانون ساز کونسل اور قانون ساز اسمبلی میں اس سلسلے میں بیان بھی جاری کیا۔