• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کشتی فیڈریشن کی معطلی سےانصاف کی راہ ہموار ہوگی‘‘

Updated: December 25, 2023, 10:08 AM IST | Agency | New Delhi

اولمپین اور ریسلر گیتا پھوگاٹ نےکہا کہ یہ تاخیر سے اٹھایا گیا قدم ہے لیکن اس میں امید کی کرن ہے ،وجیندر سنگھ نے کہا ’’ اب جاکر فیڈریشن کو معطل کیاگیا ہے حالانکہ مرکز کو ڈبلیو ایف آئی پر بہت پہلے ہتھوڑا مارنا چاہئے تھا ‘‘،پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھوان نے اسے ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی فتح قراردیا۔

Sakshi Malik and Bajrang Punia have fought their battles diligently. Photo: INN
ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا نےپوری تندہی سے اپنی لڑائی لڑی ہے۔ تصویر : آئی این این

ریسلنگ فیڈریشن کو معطل کرنے کے مرکز کے فیصلے پر اولمپین اور ریسلر گیتا پھوگاٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پہلوانوں کو آخرکار انصاف ملے گا۔ گیتا پھوگاٹ نے کہا’’وزارت کھیل نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کو معطل کر دیا ہے ۔ یہ تاخیر سے اٹھایا گیا قدم ہے لیکن اس میں بھی امید کی کرن ہے کہ پہلوانوں کیلئے انصاف کی راہ ہموار ہوگی ۔‘‘
اولمپک تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی باکسر وجیندر سنگھ نے جو برج بھوشن کے خلاف پہلوانوں کی لڑائی کی حمایت کر رہے ہیں ، کہا کہ مرکز کو ڈبلیو ایف آئی پر بہت پہلے ہتھوڑا مارنا چاہئے تھا۔ وجیندر نے کہا کہ انہوں نے خاتون کھلاڑیوں کو کشتی چھوڑنے پر مجبور کیا، مرد کھلاڑی کو پدم شری واپس کرنے پر مجبور ہونا پڑا اور اب جاکر انہوں نے ریسلنگ فیڈریشن کو معطل کر دیا ہے۔ ایکشن پہلے لیا جانا چاہیے تھا۔واضح رہےکہ وجیندر سنگھ کانگریس لیڈر ہیں ۔
وزارت کھیل کی جانب سے ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ایف آئی) کو معطل کرنے کے فیصلے کو مرکز کی طرف سے عوام کے زبردست دباؤ کے تحت کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے پنجاب قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کلتار سنگھ سندھوان نے اتوار کو کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کے سابق عہدیدار برج بھوشن سنگھ کے خلاف کھلاڑیوں کے جنسی استحصال اور چھیڑ چھاڑ کے سنگین الزامات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
مرکزی وزارت کھیل کی طرف سے کشتی فیڈریشن کو معطل کرنے کی خبروں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کلتار سنگھ سندھوان نے پوچھا کہ مرکز نے ریسلنگ فیڈریشن میں برج بھوشن سنگھ کے قریبی سنجے سنگھ کے انتخاب کو ہی کیوں نہ روکا جوسابق چیف کا ہی عکس تھا جس پر ان کھلاڑیوں کی جانب سے سنگین مجرمانہ الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے ایتھلیٹ اور بیٹیوں کو تحفظ نہ دیا جائے۔ساکشی اور بجرنگ نے جس طرح ناانصافی اور توہین کے خلاف اس لڑائی کا پرچم بلند کیا ہے، وہ مثالی اور ہمت کی بات ہے اور یہ ان کی طرف سے چیلنجوں کے سخت دور میں بھی ڈٹے رہنے کا نتیجہ ہے۔ سندھوان نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کے لئے اپنے کھلاڑیوں کی توہین ہوتے دیکھنا انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔
اس پورے عمل کو ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جانتی تھی کہ ملک کے عوام کا اعتماد اور ہمدردی ان کھلاڑیوں کے ساتھ ہے جن کوغلط ثابت کیاجارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایتھلیٹ کے آنسوؤں نے قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے کیونکہ ہمارے اسٹار ایتھلیٹ کو میڈلز واپس کرتے ہوئے دیکھ نا بہت افسوسناک تھا۔سندھوان نے اسے ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی جیت قراردیتے ہوئے کہا کہ مرکز تاخیر سے بیدار ہوا لیکن اب برج بھوشن کے خلاف کارروائی لازماً ہونی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK