• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناگپاڑہ میں کتوں کی دہشت،عوام بری طرح خوفزدہ، جینادوبھر، بائیک سوار بھی نشانے پر

Updated: December 17, 2023, 9:04 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

گزشتہ ۱۵؍دن میں ۸؍ سے ۱۰؍افراد زخمی، بی ایم سی اور پولیس میں شکایت کے باوجود کارروائی نہیں،راہگیر پریشان ،’ انقلاب‘ کی نشاندہی پر شہری انتظامیہ کی جانب سے اقدام کا وعدہ۔

A man showing a dog bite mark. Photo: INN
ایک شخص کتے کاٹنے کا نشان دکھا رہا ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں کے صوفیہ زبیر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں آوارہ کتوں کی دہشت سے عوام خوفزدہ ہیں۔گزشتہ ۱۵؍ دنوںمیں ۱۰۔۸؍افراد ان کتوں کا نشانہ بن چکےہیں۔ زخمی افراد کا علاج جے جے اور نائر اسپتال سے جاری ہے۔ ۱۰۔۱۲؍ کتوں کے جھنڈسے یہاں کے مکین پریشان ہیں۔بی ایم سی اور پولیس میں شکایت کےباوجود ابھی تک ان کتوں کو ہٹایانہیں گیاہے۔
بائیک سوار پر حملہ 
صوفیہ زبیر روڈ ،آسماں منزل کے ۲۷؍سالہ محمد حازم شیخ نے انقلاب کوبتایاکہ’’ جمعرات کی رات تقریباً۱۰؍بجے گھر سے اُتر کر میں اپنی بائیک اسٹارٹ کررہاتھا ،عین اسی وقت ایک کتے نے آکر میرے داہنے پیرپر زبردست حملہ کیا۔ بڑی تگ ودو کےبعد اس نے پیر چھوڑا لیکن اس دوران  اس کے نوکیلے دانتوں نے پیر کو بری طرح زخمی کر دیاتھا۔ دانت کے گہرا دھنسنے سے کافی خو ن بہہ رہاتھا۔ علاج کیلئے مجھے جے جے اسپتال لے جایاگیا۔ زخم گہرا ہونے سے ٹانکا لگانےجیسی صورتحال پیداہوگئی تھی لیکن ڈاکٹروںنے کتے کے کاٹے زخم پر ٹانکا لگانے سے منع کیا۔ سوئی لگانےکا سلسلہ جاری ہے۔‘‘
کتے کیخلاف این سی 
  محمد حازم کے والد محمد فاروق شیخ کےمطابق ’’گزشتہ ۱۵؍دن سے کتوں نے یہاں کے عوام کی نیند حرام کررکھی ہے۔ کتے کے کاٹنے کی شکایت درج کرانے جب میں ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن گیاتو ڈیوٹی آفیسر نے این سی درج کرنے سے منع کردیا۔ جس پر میں نے آفیسر سے کہاکہ ٹھیک ہے آپ کتے کے خلاف این سی درج نہ کریں کیونکہ وہ ایک جانور ہے لیکن اسی جانور کو اگر میں ماروں گاتو پھر میرے خلاف بھی این سی درج نہیں ہونی چاہئے ۔ اس دلیل پر اس نے این سی تودرج کرلی لیکن ابھی تک اس تعلق سے کسی طرح کی کارروائی نہیں کی گئی ہے جبکہ  ان کتوں کاجھنڈ ناگپارہ پولیس اسٹیشن کےقریب بھی جمع رہتاہے۔ اس ضمن میں بی ایم سی میںبھی شکایت درج کرائی گئی  ہے ۔ پولیس اور بی ایم سی کے طرف سے ابھی تک کسی طرح کی کارروائی کی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔‘‘
کار کا دواز ہ کھولتے ہوئے کتے کا حملہ 
صوفیہ زبیر روڈ کی الائی منزل میں رہائش پزیر ۴۳؍ سالہ محمد رضوان شیخ کےمطابق ’’ یہ ۱۰؍دن پہلے کا واقعہ ہے۔میں اپنی کارکا دروازہ کھول رہاتھا، اچانک ایک کتے نےحملہ کرکے میرے پیر کو لہولہان کردیا جس کی وجہ سے پیر میںبہت درد اور تکلیف ہے۔ جے جے اسپتال کے ڈاکٹروں نے  ۵؍انجکشن لگانے کا مشورہ دیاہے۔ ۴؍انجکشن لگ چکے ہیں۔‘‘
علاج مکمل ہو نہیں پایا تھا والدہ کو بھی کتے نے زخمی کردیا 
 ریلوے کمپائونڈ بائیکلہ کی ایک ۲۰؍سالہ خاتون نےبتایاکہ ’’ گزشتہ اتوار کو علی الصباح ۵؍بجےمیں پائو لانے ناگپاڑہ جارہی تھی ۔ راستے میں اچانک ایک کتے نے حملہ کرکے میرےداہنے پیر کے انگوٹھے کو بری طرح زخمی کردیا۔ جے جے اسپتال کےڈاکٹروںنے ۱۰؍سوئی لگانے کیلئے کہاہے۔ ابھی میرا علاج مکمل نہیں ہواتھاکہ جمعہ کی رات میری والدہ پر بھی یہاں کے ایک کتے نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔ ان کا بھی علاج جاری ہے۔‘‘
رات کے سناٹے میں راہگیروں پر کتوںکا حملہ 
مقامی سماجی کارکن تاج قریشی نےبتایاکہ ’’کتوں کے حملوںسے یہاں کے لوگ کافی خوفزدہ ہیں۔ عموماً رات کے سناٹے میں کتے راہگیروںپر حملہ کررہےہیں۔ گزشتہ شب میںنے اپنے گھر کی کھڑکی سے دیکھا کہ ایک کتے نے اچانک ایک شخص پر حملہ کرکے اسےزخمی کردیا۔ وہ شخص بیرونی علاقہ کا دکھائی دے رہاتھا۔گزشتہ ۱۵؍ دن میں کتوں کے حملےمیں ۱۰۔۸؍ افرادکو زخمی ہوتے ہوئے دیکھ چکاہوں لیکن شہری انتظامیہ اورپولیس پر کسی طرح کا اثرنہیں ہو رہا ہے۔ ‘‘
شہری انتظامیہ کی کارروائی کی یقین دہانی اور انقلاب کا اقدام 
 اس تعلق سے ای وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اجے کمار یادو سے استفسار کرنے پر’’ انہوںنے کہاکہ کتوںکےکاٹنے کی شکایت ڈاگ کنٹرول ڈپارٹمنٹ میں کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود آپ مجھے پوری تفصیل ارسال کیجئے میں متعلقہ محکمہ کو کارروائی کرنے کی ہدایت دیتاہوں۔ انقلاب نےساری معلومات اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو روانہ کردی ہیں۔‘‘     

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK