• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ این سی پی کے دونوں گروہوں کو اب ایک ہوجانا چاہئے‘‘

Updated: December 14, 2024, 3:56 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

امیت شاہ کی شرد پوار سے ملاقات کے بعد این سی پی کے بانی کے اپنے کارکنان اور اہل خانہ کے تاثر بھی بدل گئے ، سنندا پوار نے کہا ’’ مٹھی ایک ہوجائے تو طاقت بڑھ جاتی ہے ‘‘

Sharad Pawar and Ajit Pawar: Is it time to unite? (File photo)
شرد پوار اور اجیت پوار: کیا اب ایک ہونے کا وقت آ گیا ہے؟( فائل فوٹو)

مرکزی وزیر داخلہ شاید ہی کسی کی سالگرہ پر اس کے گھر گئے ہوں لیکن ایک روز قبل ( ۱۲؍ دسمبر) وہ دہلی میں واقع شرد پوار کی سرکاری رہائش گاہ پر ان سے ملنے پہنچے۔  اہم بات یہ ہے کہ اس سے قبل صبح شرد پوار کے باغی بھتیجے اجیت پوار بھی ان سے ملنے آئے تھے۔  ان ملاقاتوں کے بعد چہ میگوئیاں شروع ہوئیں۔ حالانکہ اجیت پوار  نے  اسے ایک گھریلو ملاقات قرار دیاہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ  اس ملاقات میں مرکز میں وزارت حاصل کرنے کی تگ ودو شامل ہے۔  اس بات کی تصدیق اجیت پوار کے حلیف اور حریف دونوں ہی خیموں  کے  بیانات سے ہو رہی ہے۔   وزارت کیلئے شرد پوار کے دروازے؟  شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت کا کہنا ہے کہ اجیت پوار کی پارٹی کو اب تک مرکز میں کوئی وزارت حاصل نہیں ہوئی ہے۔  این ڈی اے میں وزارت کیلئے یہ فارمولہ طے ہوا ہے کہ ۶؍ اراکین پارلیمان پر ایک قلمدان دیا جائے گا جبکہ اجیت پوار کے پاس صرف ایک رکن پارلیمان ہیں سنیل تٹکرے۔  اس  لئے انہیں وزارت نہیں دی گئی۔  رائوت کے مطابق’’ اجیت پوار چاہتے ہیں کہ کسی طرح شرد پوار کی پارٹی کے ۵؍ اراکین پارلیمان ان کے خیمے میں آجائیں اور ان کی پارٹی کےا راکین کی تعداد ۶؍ ہوجائے تاکہ انہیں  وزارت مل سکے۔  ‘‘ شیوسینا (ادھو) ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’ شرد پوار نے بڑی محنت سے اپنی پارٹی کھڑی کی ہے اور اپنے اراکین پارلیمان کو جیت دلا کر پارلیمنٹ تک پہنچایا ہے۔  اگر کوئی ان کے ساتھ غداری کرکے اجیت پوار کے ساتھ گیا تو یہ بہت ہی شرم کی بات ہوگی۔  ‘‘ رائوت کا کہنا تھا کہ ’’ میری نظر میں بالا صاحب ٹھاکرے کے بعد شرد پوار مہاراشٹر کے سب سے بڑے لیڈر ہیں۔  اگر ان کے ساتھ کسی نے بے ایمانی کی تو یہ مہاراشٹر کے ساتھ بے ایمانی کرنا ہوگا۔  ‘‘ رائوت نے شرد پوار پر اعتماد ظاہرکرتے ہوئے کہا ’’ جہاں تک میں شرد پوار کو جانتا ہوں  وہ خود کبھی فرقہ پرست  مہایوتی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ ‘‘ شرد پوار خیمے کے سُر بھی تبدیل  اس دوران بی جے پی اور شیوسینا (شندے)  کی جانب سے تو بار بار دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ این سی پی (شرد) کے کم از کم ۶؍ اراکین پارلیمان مہایوتی کے رابطے میں ہیں اور وہ اپنا خیمہ بدل سکتے ہیں لیکن اب خود شرد پوار خیمے کے اندر بھی اس طرح کی باتیں ہونے لگی ہیں۔  جمعہ کو شرد پوار کی بہو اور نوجوان رکن اسمبلی روہت پوار کی ماں سنندا پوار نےمیڈیاسے بات کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ این سی پی کے دونوں گروہوں کو ایک ہوجانا چاہئے۔    انہوں نے کہا’’ اجیت پوار گروہ اور شردپوار گروہ ایک ہو جائیں گے یا نہیں فی الحال یہ کہا نہیں جا سکتا۔  ہر خاندان میں اختلاف ہوتے ہیں۔  یہ اختلاف ختم ہو سکتے ہیں اور دونوں ایک ہو سکتے ہیں۔  انہیں ایک ہوجانا چاہئے مجھے تو ایسا ہی لگتا ہے۔ ‘‘ سنندا پوار نے کہا ’’ مٹھی ایک ہو تو طاقت بڑھ جاتی ہے۔  ہم اگر بکھر جائیں تو طاقت کم ہو جاتی ہے۔  لیکن کون کس کے ساتھ جائے گا اس کا فیصلہ ان دونوں کو کرنا ہے۔ ‘‘  میڈیا نے سنند پوار سے یہ بھی پوچھ لیا کہ ’’ کیا شرد پوار کو اقتدار کے ساتھ جانا چاہئے؟‘‘ انہوں نے جواب دیا ’’ شرد پوار ۶۰؍ سال سے سیاست میں ہیں اور وہ اقتدار کئی بار دیکھ چکے ہیں۔  اس بار وہ جائیں گے یا نہیں  اس کا جواب صرف وہ دے سکتے ہیں۔ دونوں گروہ ایک ہوجائیں تو خوشی ہوگی   اس دوران پونے میں این سی پی (شرد) کے اہم لیڈر انکش کاکڑے نے بھی اشارہ دیا ہے کہ شرد پوار اور اجیت پوار گروہ ایک ہوجائیں تو لوگوں کو خوشی ہوگی۔  ان کا کہنا تھا ’’ شرد پوار کی سالگرہ کے موقع پر اجیت پوار نے انہیں مبارکباد دی یہ اچھی بات ہے۔  اب ایسی خبریں بھی آ رہی ہیں کہ شرد پوار اور اجیت پوار کا گروپ ایک ہو جائیں گے۔  کارکنان کی بھی یہی خواہش ہے  کہ دونوں گروہ ایک ہوجائیں۔  ‘‘ انکش کاکڑے  نے کہا’’  سبھی متحد ہو کر کام کریں۔  کارکنان یہی چاہتے ہیں۔  اگر ایسا ہو گیا تو اس سے بڑی خوشی کی بات کئی نہیں ہوگی۔ ‘‘  البتہ سریش کاکڑے  یہ کہنا نہیں بھولے کے اس معاملے میں حتمی فیصلہ شرد پوار کو کرنا ہے۔  وہ جو فیصلہ کریں گے۔  اسے سب تسلیم کریں گے۔   اجیت پوار گروپ کی جانب سے خیر مقدم  اس دوران اجیت پوار گروہ کے رکن امول مٹکری نے سنند پوار کے بیان کا استقبال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ اگر شرد پوار گروپ کے اراکین ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں تو ہم ان کا استقبال کریں گے۔  لیکن انہیں پوری ایمانداری کے ساتھ اجیت پوار کی قیادت کو تسلیم کرنا ہوگا جن کی قیادت میں اس قت این سی پی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔  ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK