• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ، غزہ میں اسرائیل کا طویل مدتی قبضہ قبول نہیں کرے گا

Updated: August 23, 2024, 12:59 PM IST | Agency | Washington

امریکہ، غزہ میں اسرائیل کا طویل مدتی قبضہ قبول نہیں کرے گا،اس کی فوجوں کو مصر اور غزہ کے درمیان فلاڈیلفی کی راہداری کے درمیان رہنا ہوگا۔

Antony Blinken. Photo: INN
انٹونی بلنکن۔ تصویر : آئی این این

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ غزہ میں اسرائیل کا طویل مدتی قبضہ قبول نہیں کرے گا اور ان کی فوجوں کو مصر اور غزہ کے درمیان فلاڈیلفی کی راہداری کے درمیان رہنا ہو گا۔ رائٹرز کے مطابق انٹونی بلنکن لبنان کے دورے کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹ گئے۔ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں میں تیزی کیلئے بلنکن نے مشرق وسطیٰ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اس دورے کے دوران اسرائیل، مصر اور لبنان کے لیڈران سے ملاقاتیں کیں لیکن اس دورے کے باوجود۱۰؍ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔ دوحہ سے واشنگٹن روانگی سے قبل بلنکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات رواں ہفتے جاری رہیں گے۔ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے منگل کو مصری صدر عبدالفتح السیسی سے بات چیت کی اور پھر قطر گئے تھے۔ پیر کو وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد بلنکن نے کہا تھا کہ اسرائیل نے امریکی تجویز کو قبول کر لیا ہے اور حماس پر زور دیا ہے کہ وہ بھی اس تجویز کو قبول کر لے۔ گوکہ حماس نے امریکی تجاویز کو مسترد نہیں کیا لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس نے پہلے سے طے شدہ شرائط کو یکسر تبدیل کردیا ہے۔ 
 قطر میں جنگ بندی کے فریم ورک کے تحت اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کی شرائط کے بارے میں سوال پر انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے غزہ پر طویل مدتی قبضے کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے شیڈول اور غزہ سے انخلا کے مقامات پر بہت واضح ہے اور اسرائیل نے اس پر اتفاق کیا ہے۔ بلنکن نے جنگ بندی معاہدے کے لیے حالیہ دباؤ کو آخری ممکنہ بہترین موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے ساتھ میری ملاقات تعمیری تھی، اب یہ حماس پر منحصر ہے کہ وہ اس تجویز کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔ حماس کے سینئر عہدیدار سمیع ابو زہری نے رائٹرز کو بتایا کہ بلنکن جھوٹ کے دائرے کے گرد پھنسے رہنے پر منحصر ہیں اور یہ کسی معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کی ناکامی کی ایک وجہ ہے۔ 
اسرائیلی فوج غزہ اور مصر کی سرحد سے نہیں ہٹے گی: نیتن یاہو
 حماس اور مصر دونوں ہی اسرائیل کی جانب سے فلاڈیلفیا راہداری میں فوجیوں کو رکھنے کے مخالف ہیں لیکن نیتن یاہو اس راہداری میں فوج رکھنے پر مصر ہیں۔ یاہو نے بدھ کو اس بات کی تردید کی کہ وہ حماس کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے ایک حصے کے طور پر غزہ-مصر سرحد سے فوجیوں کو ہٹانے پر راضی ہو گئے ہیں۔ سرکاری ملکیت والے کان ٹی وی نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے موجودہ امریکی حمایت یافتہ تجویز میں فلاڈیلفیا کوریڈورسے اسرائیلی فوجیوں کا انخلا بھی شامل ہے۔ نیتن یاہو نے ان رپورٹوں کو’جھوٹا‘ قرار دیا اور کہا اسرائیل غزہ اور مصر پر کنٹرول چھوڑنے پر رضامند نہیں ہے۔ ہم اپنے تمام جنگی اہداف حاصل کریں  گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK