اکھلیش یادوکا لوک سبھا میںحکومت پر حملہ ،کہا ’’ جوحکومت کمبھ میںاموات کی تعداد نہیں بتاپا رہی ہے وہ وقف املا ک کی گنتی کی تیاری میں لگی ہے ‘‘
EPAPER
Updated: April 03, 2025, 10:43 AM IST | New Delhi
اکھلیش یادوکا لوک سبھا میںحکومت پر حملہ ،کہا ’’ جوحکومت کمبھ میںاموات کی تعداد نہیں بتاپا رہی ہے وہ وقف املا ک کی گنتی کی تیاری میں لگی ہے ‘‘
بدھ کو لوک سبھا میں وقف ترمیمی بل پر بحث کے دوران سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے جہاںوقف بل کو حکومت کی ناکامیوںکو چھپانے کی کوشش قراردیا وہیں بی جے پی صدر کے انتخاب میں تاخیر پر تنقید بھی کی۔اکھلیش یادو نے کہا’’ بی جے پی میں مقابلہ چل رہا ہے کہ کون بڑا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ کرنے والی پارٹی یہ فیصلہ نہیں کر پا رہی کہ پارٹی کا قومی صدر کون ہو گا۔‘‘اس پر وزیر داخلہ امیت شاہ اپنی نشست سے اٹھے اور ہنستے ہوئے کہا’’ سامنے موجود تمام پارٹیوں کے قومی صدر کو صرف۵؍ لوگوں یعنی خاندان میں سے چننا ہے۔ ہمارے یہاں کروڑوں لوگ ہیں۔ اس میں ضرور وقت لگے گا۔‘‘
امیت شاہ نے کہا ’’ اکھلیش جی نے یہ بات مسکراتے ہوئے کہی اس لئے میں بھی ہنستے ہوئے کہہ رہا ہوں۔ آپ (اکھلیش ) کی پارٹی میںوقت نہیں لگے گا۔ میں کہتا ہوں، آپ۲۵؍ سال تک صدر رہو گے،جاؤ ۔‘‘ اس پر اکھلیش یادو نے ہنستے ہوئے کہا’’ ابھی جوناگپور میں یاترا ہوئی ہے اورجو خفیہ باتیں سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں،وہ (اس عہدہ پر)۷۵؍ سال کی توسیع کرنے کی یاترا تو نہیں ہے۔ ‘‘واضح رہےکہ وزیر اعظم مودی۳۰؍ مارچ کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے پروگرام میں شرکت کیلئے ناگپور گئے تھے۔ اکھلیش کا اشارہ اس دورہ کی طرف تھا ۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں اس دوران وقف بل پر بحث جاری تھی جس کے حوالے سے اسپیکر اوم برلا نے اکھلیش یادو سےاس مسئلہ پر بھی بولنے کی گزارش کی ۔ پارلیمنٹ میں اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے مہا کمبھ ، نوٹ بندی ، مہنگائی، گنگا کی صفائی اور کسانوں کے مسائل پر بھی گفتگو کی ۔ ان مسائل پرخطاب کرتے اکھلیش یادو کو جب ۵؍ منٹ ہوگیا تو اس کے بعد اسپیکر اوم برلا کو انہیں روکنا پڑا۔ انہوں نے کہا’’ `اکھلیش جی، وقف کے معاملے پر بھی آئیں۔‘‘
اس کے بعداکھلیش یادو نے طویل تقریر کی۔ اس میں انہوں نےکہا کہ مودی حکومت وقف بل کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے یہ بل لائی ہے اوربی جے پی اس کے ذریعے پولرائزیشن کی سیاست کرکے اپنے کم ہوتے ہوئے ووٹوں کو سنبھالنا چاہتی ہے ۔ وقف (ترمیمی) بل۲۰۲۵ء پر ایوان میں بحث کے دوران اکھلیش یادو نے کہا کہ نوٹ بندی، کسانوں کی آمدنی کو دُگنا کرنے، گنگا کی صفائی، اسمارٹ سٹی، آدرش گرام یوجنا وغیرہ میں حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے یہ بل لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو حکومت کمبھ میں بھگدڑ میں ہلاک شدگان کی تعداد نہیں بتا پارہی ہے، وہ وقف املاک کی گنتی کی تیاری میں لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بل کے پیچھے کا مقصد کروڑوں مسلمانوں کے گھر اور دکانیں چھیننا ہے اور یہ بل بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کی ایک نئی شکل ہے۔سماج وادی پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ اس کے ذریعہ حکومت مسلمانوں کو اکسانا چاہتی ہے تاکہ سماج میں پولرائزیشن ہو اور بی جے پی کے ووٹوں میں کمی کو روکا جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے کئی اتحادی بھی اندرونی طور پر اس بل کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل سے دنیا کو ہندوستان کی جمہوریت کے بارے میں غلط پیغام جائے گا۔
اکھلیش نے کہا کہ میں بھی ہندو ہوں ہندو وہ ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے اس تناظر میں اکھلیش یادو نے اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’’آپ ہماری بہت سی مذہبی کتابوں کو نہیں مانتے، اپنشدوں کو نہیں مانتے، پھر بھی ہم آپ کو اپناتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ رجیجو نے کہا ہے کہ ریلوے اور محکمہ دفاع کی زمینیں ملک کی زمینیں ہیں، وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا ریلوے کی زمینیں نہیں بیچی جا رہی ہیں، محکمہ دفاع کی زمینیں نہیں بیچی جا رہی ہیں۔ حکومت وقف اراضی کے بارے میں بہت باتیں کر رہی ہے، لیکن وقف زمینوں سے بڑا مسئلہ ملک کی ان زمینوں کا ہے جن پر چین نے قبضہ کر کے گاؤں آباد کر رکھے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا رجیجو بتائیں گے کہ چین نے ہندوستانی زمین پر کتنے گاؤں آباد کئے ہیں۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی کے ووٹ کم ہو رہے ہیں، اسے سنبھالنے کے لیے یہ وقف بل لایا گیا ہے۔