• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بورڈ امتحان میں کوکن کے اول آنے میں کئی عوامل کار فرما ہیں

Updated: June 04, 2023, 10:51 AM IST | saadat khan | Mumbai

ماہرین کے مطابق طلبہ اور اساتذ ہ کی انتھک محنت کے علاوہ قدرتی ماحول، اسکول سے قریب گھر اور مادری زبان میں تعلیم بھی اس کامیابی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں

Kokan division has also achieved 100% success (file photo).
کوکن ڈیویژن صد فیصد کامیابی بھی حاصل کر چکا ہے ( فائل فوٹو)

حال ہی میں آئے ایس ایس سی امتحانات کے نتائج  میں   کوکن بورڈ ایک بار پھر سرفہرست رہا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوکن ڈیویژن نے کسی بورڈ امتحانات میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل ایچ ایس سی امتحان کا نتیجہ بھی یہی تھا۔ آخر کیا وجہ ہے کہ بیشتر بورڈ امتحان میںکوکن سب سے آگے رہتا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو اس وقت بیشتر لوگوں کے ذہن میں گونج رہا ہے۔ اس تعلق سے انقلاب نے کوکن کے تعلیمی پس منظر اور وہاں کی سرگرمیوںکے تعلق سے معلوم کرنے کی کوشش کی جو طلبہ کے بہترین نتائج کا سبب ہیں۔ 
  رتناگیری کے عزیزیہ دائود نائیک ہائی اسکول کے پرنسپل سمیر گڑبڑے کےمطابق ’’بو رڈ امتحانات میں   سب سے کم طلبہ کوکن ڈویژن کے ہوتےہیںاسلئے بھی کوکن ڈویژن کا رزلٹ بہتر آتاہے۔ حالانکہ پونے اورممبئی ڈیویژن میں بھی تعلیم اچھی   ہوتی ہے لیکن ان دونوں مقامات پر  طلبہ زیادہ ہیں۔ اسلئے ان   کا رزلٹ کوکن ڈویژن کےمقابلے کم آتاہے۔‘‘ لیکن یہ ایک پہلو ہے۔ اس کے علاوہ کوکن ڈیویژن میں پڑھائی کا طریقہ کار کچھ علاحدہ ہے۔ وہ بتاتے ہیں’’ یہا ں طلبہ بورڈ  میںاچھے مارکس حاصل کرنے کیلئے  ڈیپ اسٹڈی کرتےہیں۔   تدریسی عملہ بڑی محنت اور ذمہ داری سے بچوںکی پڑھائی پر توجہ دیتاہے۔ طلبہ اور والدین کا بو رڈ امتحان سے متعلق فوکس ہونا بھی ،کوکن کے سہر فہرست ہونےمیں کارگر ثابت ہواہے۔‘‘ ساتھ ہی کوکن کی پُرسکون زندگی اورقدرتی مناظر کا بھی اس کامیابی سے گہرا رشتہ ہے۔ یہاںاسکول اور کالج لوگوں کے گھروں کے قریب ہیں۔ آمدورفت کا وقت بچتاہے جسکی وجہ سے پڑھائی کیلئے کافی وقت ملتاہے ۔ سمیر گڑبڑے ایک اہم نقطے کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔  وہ کہتے ہیں’’  یہاں کے ۷۰؍فیصد لوگ مادری زبان میں تعلیم حاصل کرتےہیںجسکی وجہ سے انہیں پڑھائی میں آسانی ہوتی ہے ۔ وہ اسباق کو رٹنے کے  بجائے سمجھ کر پڑھنے پر یقین رکھتے ہیں۔لہٰذا بورڈ امتحان میں ان کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔‘‘
 رتناگیری  سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن  کے صدر وجے پاٹل نے بتایاکہ ’’ بورڈ امتحانات کیلئے کوکن  میں پرائمری اسکول سے ہی تیاری شروع ہوجاتی ہے  جسکی وجہ سے کوکن بیشتر اوقات بورڈ امتحان میں اوّل نمبر  پر رہتاہے۔ دیوالی اور دیگر تہواروںکی چھٹیوں پربھی یہاں اسکول جاری رہتےہیں۔ طلبہ ، سرپرست اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے جو کوکن کو بورڈ امتحان میں اولیت ملتی ہے۔ ‘‘بورڈ امتحان میں کوکن میں کسی طرح کی بدعنوانی ہونےکے بارےمیں دریافت کرنے پر انہوں نے کہاکہ’’ایساقطعی نہیں ہے۔  بورڈ کے اُصو ل وضابطے پر سختی سے عمل کیاجاتاہے۔ کوکن کی کامیابی یہاں کے لوگو ںکی محنت کاثمر ہے۔ ‘‘ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے این پی کامبلے نے بتایاکہ ’’کوکن میں پرائمری اور سکینڈری ایجوکیشن کا بہت عمدہ نظم ہے۔ جس کی وجہ سے بورڈ امتحانات میں کوکن کے طلبہ نمایاں کامیابی حاصل کرتےہیں۔ طلبہ کے علاوہ والدین بچوںکی پڑھائی پر خاص توجہ دیتےہیں۔ اساتذہ بڑی محنت کرتےہیں ۔ محکمہ تعلیم بھی اپنی ذمہ داری اداکرتاہے ۔ جس کا مجموعی نتیجہ یہا ں کے رزلٹ میں دکھائی دیتاہے۔ ‘‘
  مستری اُردوہائی  اسکول رتناگیری کے سینئر معلم سید محی الدین نےبتایاکہ ’’ بو رڈ امتحان میں کوکن کے سرفہرست آنے کی اہم وجہ یہاں کے ۹۰؍فیصد والدین کا تعلیمی اعتبار سے بیدار ہوناہے۔ سرپرست اپنے بچوں کواپنی نگرانی میں پڑھانےکی بھر پور کوشش کرتےہیں۔ علاوہ ازیں یہاں کے تدریسی عملے کابھی اس کامیابی میں اہم رول ہے۔ وہ جی جان سے بچوںکو پڑھاتے ہیں۔  بالخصو ص مقامی خواتین ٹیچر جس ذمہ داری سے پڑھاتی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں کی ضلع پریشد اسکول کو اگر کھرا ضلع پریشد اسکول کہاجائے توبے جا نہ ہوگا۔ بڑی اچھی پڑھائی ہوتی ہے ان اسکولوںمیں ۔‘‘ 

 

SSC result Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK