• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’کلیان ریلوے اسٹیشن پر بے شمارمسائل ہیں‘‘

Updated: July 17, 2024, 8:38 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

رکن پارلیمان سریش مہاترے نے کلیان اسٹیشن کا دورہ کیا ، کہا :گزشتہ کئی برسوں سے مسافروں کی مختلف تنظیمیں ریلوے سے خط وکتابت کررہی ہیں لیکن کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ہیں

Member of Parliament Suresh Mahatre visiting Kalyan station.
رکن پارلیمان سریش مہاترے کلیان اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے۔

رکن پارلیمان سریش مہاترے عرف بالیا ماما نے پیر کو کلیان ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔لوک سبھا الیکشن جیتنے کے بعدانہوںنے پہلی بار کلیان   اسٹیشن کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ریلوے اور کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کی۔ اس موقع پر ریلوے کی مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے  رکن پارلیمان کو مکتوب دے کر مسافروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
 کلیان ریلوے اسٹیشن سے روزانہ لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں۔لوکل ٹرینوں کے علاوہ طویل مسافتی گاڑیوں میں سوارہونے کیلئے بھیونڈی، ممبرا، ڈومبیولی ، امبرناتھ، بدلاپور اور اطراف کے علاقوں سے لاکھوں مسافر یہاں آتے ہیں۔انتہائی بھیڑ بھاڑ والے ریلوے اسٹیشنوں میں شمار ہونے والے کلیان  اسٹیشن پر مسائل کا انبار ہے۔لوک سبھا انتخابات کے دوران این سی پی (شرد پوار) کے امیدوار سریش مہاترے نے وعدہ کیا تھا کہ الیکشن جیتنے کے بعد وہ کلیان ریلوے اسٹیشن کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔پیر کو صبح ۱۱ ؍بجے رکن پارلیمان سریش مہاترے نے کلیان   اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک سے اپنے دورے کی شروعات کی۔دورہ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلیان ریلوے اسٹیشن پربے شمارمسائل ہیں۔گزشتہ کئی برسوں سے مسافروں کی مختلف تنظیمیں ریلوے کے اعلیٰ افسران سے خط وکتابت کررہی ہیں لیکن کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ویٹنگ روم،آگ سے بچاؤ کے آلات اور بیت الخلاء جیسے  چھوٹے چھوٹے مسائل پر بھی ریلوے انتظامیہ کی توجہ نہیں ہے۔اسٹیشن سے ملحق میونسپل انتظامیہ نے غسل خانہ اور بیت الخلاء تعمیر کیا تھا جسے ریلوے  نے توڑ دیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ طویل مسافتی گاڑیاں پلیٹ فارم نمبر چار اور پانچ پر ٹھہرتی ہیں جبکہ ویٹنگ روم پلیٹ فارم نمبر ایک پر بنایا گیا ہے جس کا مسافروں کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے۔ رکن پارلیمان کے مطابق غیر قانونی ہاکرس کے خلاف بہت سی شکایات ہیں ،اس کے باوجود کےڈی ایم سی اور ریلوے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کرتا۔
 رکن پارلیمان سریش مہاترے نے متنبہ کیا کہ اگر غیر قانونی ہاکرس کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو متعلقہ افسران کو اپنے انداز میں سبق سکھائیں گے۔عیاں رہے کہ سریش مہاترے نے  لوک سبھا انتخابات میں مرکزی وزیر کپل پاٹل کو شکست دی تھی۔انتخابات کے نتائج کے بعد سے دونوں ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہیں۔فی الحال اس بات کی خوب چرچا ہورہی ہے کہ کپل پاٹل مرباڈ  سے اسمبلی الیکشن لڑنے کی تیاری کررہے ہیں۔اس پر سریش مہاترے نے کہا ہےکہ اگر کپل پاٹل میں ہمت ہے تو اسمبلی الیکشن لڑ کر بتائیں۔عوام انہیں سبق سکھا کر رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK