مقامی باشندوں کے احتجاج کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے گائوں کے چاروں بوتھوں کے اعداد وشمار جاری کئے، افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل
EPAPER
Updated: November 28, 2024, 9:47 AM IST | I Shaikh | Dhule
مقامی باشندوں کے احتجاج کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے گائوں کے چاروں بوتھوں کے اعداد وشمار جاری کئے، افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل
دھولیہ(دیہی) حلقے سے کانگریس امیدوار کنال پاٹل کے حامیوں اور مقامی باشندو ں کے ۲؍ روز قبل اس بات پر احتجاج کیا تھا کہ حلقے کے اودھان گائوں میںکنال پاٹل صفر ووٹ ملے ہیںجو کہ کسی طرح ممکن نہیں ہے۔اس احتجاج کی خبر میڈیا میں آنےکے بعدمقامی ریٹرننگ آفیسر روہن کوور نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے اودھان گاوں کے چار پولنگ بوتھ پر ہوئی پولنگ کے اعداد و شمار پیش کرکے عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔
ریٹرننگ آفیسرروہن کوور کے تحریری بیان میں کہا گیا ہےکہ ’’۲۰؍ نومبر ۲۰۲۴ءکو دھولیہ (دیہی) اسمبلی حلقے پر الیکشن پرامن اور شفاف طریقے سے ہوا ہے۔ اودھان گائوں کے پولنگ بوتھ کے اعداد و شمار کے تعلق سے گمراہ کنخبر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہے۔‘‘ بیان میں کہا گیا کہ ’’ ۲۵؍نومبر کو کانگریس امیدوار کنال پاٹل کو اودھان گائوں میں صفر ووٹ ملنے سے ناراض لوگوں نے احتجاج کیا تھا ۔ اسی لئے اس کی وضاحت کی جا رہی ہے۔
ریٹرننگ آفیسر کا کہنا ہے کہ دھولیہ (دیہی) حلقے کے اودھان گائوں میں ۴؍ پولنگ بوتھ ہیں جن کے نمبر ۲۴۷؍، ۲۴۸؍، ۲۴۹؍ اور ۲۵۰؍ ہیں۔ کانگریس امیدوار کنال پاٹل کو بوتھ نمبر ۲۴۷؍ پر ۲۲۷؍، بوتھ نمبر ۲۴۸؍ پر ۲۳۴؍ بوتھ نمبر ۲۴۹؍ پر ۲۵۲؍ اور بوتھ نمبر ۲۵۰؍ پر ۳۴۴؍ ووٹ ملے ہیں۔ اس طرح کنال پاٹل کو مجموعی طور پر اودھان گائوں میں ۱۰۵۷؍ ووٹ ملے ہیں۔ جبکہ بی جے پی امیدوار رگھوویندر پاٹل کو اس گائوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار ۷۴۱؍ ووٹ ملے ہیں۔ کوور نے کہا ہے کہ کانگریس امیدوار کنال پاٹل کو اودھان گائوں کے ۴؍ پولنگ بوتھوں پر صفر ووٹ ملنے والی خبر بے بنیاد اور عوام کو گمراہ کرنے والی ہے۔ اسلئے عوام اس ویڈیو پر اعتبار نہ کریں۔