اکھلیش یادو نے بجٹ کوڈرَم قراردیا جو اندر سے خالی ہے،مایاوتی نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری اور غریبی کا کوئی ذکر نہیں۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 12:14 PM IST | Agency | Lucknow
اکھلیش یادو نے بجٹ کوڈرَم قراردیا جو اندر سے خالی ہے،مایاوتی نے کہا کہ مہنگائی بے روزگاری اور غریبی کا کوئی ذکر نہیں۔
سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی کے سابقہ بجٹ کی طرح آٹھویں بجٹ میں بھی کوئی ویژن نہیں ہے اور ترقی کے روڈ میپ کا فقدان ہے۔سماج وادی ہیڈکوارٹر پر منعقد پریس کانفرنس میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ بجٹ نہیں بلکہ ایک بڑا ڈرم ہے۔ اس میں آواز تو زیادہ ہے لیکن اندر سے خالی ہے۔یہ بجٹ کھوکھلا ہے۔ اس کا بیگ خالی ہے۔یہ بجٹ بی جےپی کے مینی فیسٹو سے بھی میل نہیں کھاتا۔ بجٹ میں کوئی بھی وضاحت نہیں ہے کہ کسانوں اور نوجوانوں کے لئے کیا کیا جائے گا۔
ایس پی سربراہ نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی میں ٹیبل تھپتھپانے والے بی جے پی اراکین اسمبلی بھی بجٹ دیکھ کر حیران ہیں ۔ انہیں عوام کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی اور بے روزگاری کو ختم کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں جو وعدہ کیا تھا وہ بجٹ میں کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ کسانوں کو آبپاشی کے لئے مفت بجلی کا وعدہ تھا۔۲۵؍ہزار کروڑ روپے کے خرچ کے ساتھ ایگرو انفراسٹرکچر فنڈبنانے کی باتیں تھیں۔ طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا وعدہ تھا۔بی جے پی کے وعدوں کا کیا ہوا۔یہ تمام وعدے ابھی تک بجٹ میں نہیں آئے۔
بجٹ کو مایوس کن بتاتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی، غریبی ، بے روزگاری ، پسماندگی کو دور کرنے اورعوام کی بنیادی ضرورتیں پورا کرنے کے تئیں سرکاری عزم اور پالیسی کی کمی ہے۔ مایاوتی نے بجٹ پر اپنا تبصرہ ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا’ یوپی حکومت کے ذریعہ اسمبلی میں پیش کردہ۲۶-۲۰۲۵ء کابجٹ اگر وسیع مفاد عامہ و عوامی بہبود کا ہوتا تو یہ بہتر ہوتا۔ اس بجٹ سے ترقی کیسے ممکن ہے؟انہوں نے لکھا کہ’’ کل ملا کر یوپی بی جے پی حکومت کا بجٹ بھی پیٹ بھرے مڈل کلاس کی خوشامد والا ہے۔ جبکہ حکومتوں کی اصلی فکر و آئینی فریضہ کروڑوں کنبوں کی غربت کو دور کرنےکےمقصد کی تکمیل کا ہونا چاہئے۔ ایسا نہ ہونا تشویش کی بات ہے۔