بہار کےمغربی چمپارن میں کانگریس کی ’نقل مکانی روکو،ملازمت دو‘ یاترا جاری ،کنہیا کمار اور پون کھیڑا کا خطاب ،نوجوانوں کومتوجہ کرنے کیلئے اہم مسائل پر گفتگو۔
EPAPER
Updated: March 25, 2025, 9:44 AM IST | Patna
بہار کےمغربی چمپارن میں کانگریس کی ’نقل مکانی روکو،ملازمت دو‘ یاترا جاری ،کنہیا کمار اور پون کھیڑا کا خطاب ،نوجوانوں کومتوجہ کرنے کیلئے اہم مسائل پر گفتگو۔
بہار میں’ نقل مکانی روکو ، ملازمت دو‘ کے عنوان کے تحت کنہیا کمار کی قیادت میںنکالی جارہی یاترا کے حوالے سے کانگریس نے ایکس پر ایک تازہ پوسٹ میں کہا ہے یہ یاترا صرف روزگار کی مانگ نہیں ہے بلکہ بہار کے وقار اورعزت نفس کی لڑائی ہے۔ اب ہر شہری کا اس کا حصہ بن کراپنے حق کی آواز بلند کررہا ہے۔ کانگریس کے مطابق گزشتہ دنوںبہار کے مغربی چمپارن میں بھتی ہروا گاندھی آشرم سے شروع کی گئی اس یاتراسے نوجوان کا طبقہ جڑرہا ہے۔واضح رہےکہ رواں سال کے اخیر میں بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر یہ یاترا نکالی جارہی ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس تعلق سے ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بہار حکومت کو نیند سے جگانے کیلئے، نوجوانوں کیلئے ’نقل مکانی روکو، ملازمت دو یاترا‘ جاری ہے۔ ہمارا مقصد ہے بہار کے نوجوانوں کو ریاست میں ہی روزگار مہیا کرانا، نقل مکانی روکنا اور انہیں انصاف دلانا۔‘‘ اس کےساتھ ہی کانگریس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ’’ہم تھمنے والے نہیں ہیں، رکنے والے نہیں ہیں، نوجوانوں کو انصاف دلا کر ہی رہیں گے۔‘‘
یاترا کے دوران کچھ مقامات پر ٹھہر کر کنہیا کمار عوام سے گفتگو بھی کر رہے ہیں اور پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا جا رہا ہے۔پیر کو کنہیا کمار نے پریس کانفرنس ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ سینئر کانگریس لیڈر پون کھیڑا بھی موجود تھے ۔ پریس کانفرنس میں کنہیا کمار نے بہار حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار میں اساتذہ کو ان کی تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں۔ ایل این ایم یو میں ۲۰۰۸ء سے لائبریرین کی تقرری نہیں ہوئی ہے ۔ کھیل کوٹے سے نوکری لینے والے طالب علموں کا کوٹہ ختم کر دیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈومیسائل پالیسی نافذ نہ ہونے کی وجہ سے معذوروں کو نوکری نہیں مل رہی ہے۔ پولو گراؤنڈ میں مختلف طرح کے پروگرام ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے فوج کی تیاری کرنے والے طالب علموں کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘‘
پریس کانفرنس سے پون کھیڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کنہیا کمار جی یاترا کے ذریعہ سے جو مسائل اٹھا رہے ہیں، اسے بقیہ سیاسی جماعتوں کو آج نہیں تو کل اٹھانا ہی پڑے گا۔ آج حکمراں جماعت ہماری توجہ ہٹانا چاہتی ہے تاکہ لوگ اصل مسائل پر بات نہ کریں۔ بی جے پی سماج میں تنازع پیدا کر رہی ہے۔جس بہار نے پورے ملک کو راہ دکھائی، آج اس بہار کا نوجوان جدوجہد کر رہا ہے، یہ نا انصافی ہے۔‘‘