اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے سرکیولر جاری کیا۔ پورے سیشن میں ثقافتی پروگرام اور مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 8:59 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے سرکیولر جاری کیا۔ پورے سیشن میں ثقافتی پروگرام اور مقابلے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔
یوم جمہوریہ پر اب مہاراشٹر میں اسکولوں میں چھٹی نہیں رہے گی۔ اب تک ۲۶؍ جنوری کے دن اسکولوں میں پرچم کشائی اور ہندوستانی آئین سے متعلق تقریب منعقد کرنے کے بعد عموماً چھٹی دےدی جاتی تھی لیکن امسال سے ریاستی حکومت نے یوم جمہوریہ پر پورا سیشن اسکول جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ریاست بھر کے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ یوم جمہوریہ پر خود کو دن بھر ایسی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں جس سے قومی فخر کا احساس پیدا ہو۔
اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے منگل کو ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو حب الوطنی کے عنوان پر مختلف مقابلوں سمیت دن بھر ثقافتی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ ۲۶؍ جنوری کے دن مختلف سرگرمیوں کے ذریعہ طلبہ میں قوم کی تاریخ، عظیم ثقافت اور ملک کے مستقبل کے بارے میں قومی فخر کا احساس پیدا کرنا چاہئے۔ لہٰذا ۲۶؍ جنوری ۲۰۲۵ء سے یوم جمہوریہ تمام میڈیم کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں مختلف تقریبات کیساتھ منایا جائے گا۔ سرکیولر میں یوم جمہوریہ پر ۸؍ ثقافتی مقابلے منعقد کرنے کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں جن میں پرچم کشائی کے بعد ’پربھات پھیری‘ (صبح کا مارچ)، تقریر، شاعری، رقص، ڈرائنگ، مضمون نویسی اور کھیلوں کے مقابلوں کے علاوہ نمائش شامل ہے۔ یہ سبھی مقابلے حب الوطنی کے موضوع پر مرکوز ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران اور ایجوکیشن انسپکٹروں کو اس ہدایت پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اساتذہ کی تنظیم کے رکن بھاؤ صاحب چاسکر نے کہا کہ ’’طلبہ پہلے ہی اسکولوں میں منائے جانے والے پروگراموں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ اسکولوں میں یوم جمہوریہ پر تقریبات منعقدنہیں کی جاتی ہیں لیکن اس طرح کی تقریبات میں پورا دن وقف کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘