• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امسال خریف کی پیداوار بہتر ہونے سے معیشت کے استحکام کی امید

Updated: July 18, 2024, 1:37 PM IST | New Delhi

اس بار بہتر مانسون کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس سال خریف کی فصل کی بوائی کے رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔

A field is being prepared for paddy sowing in Nagaon district of Assam. Photo: PTI
آسام کے ضلع ناگاؤں میں  دھان کی بوائی کیلئے کھیت تیار کیا جارہا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

اس بار خریف کی پیدا وار بہتر ہوگی جس کے نتیجے میں  معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ بدھ کو وزارت زراعت نے خریف کی فصلوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کئے ہیں جس سے کسانوں کے چہرے کھل اٹھے۔ اس بار بہتر مانسون کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس سال خریف کی فصل کی بوائی کے رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ بہتر مانسون کی وجہ سے فصلوں کی بوائی کے رقبہ میں ۱۰ء۳؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 
ہندوستانی معیشت مضبوط ہوگی
اس سال خریف کی فصلوں کی بوائی کا رقبہ ۵۷۵؍ لاکھ ہیکٹر تک پہنچ گیا۔ پچھلے سال یہ ر قبہ ۵۲۱ء۲۵؍ لاکھ ہیکٹر تھا۔ خریف کی فصل کی بوائی کے رقبہ میں اضافے کے بعد اس سال بہتر پیداوار کا امکان ہے جس سے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اس کے نتیجے میں ہندوستانی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ 
دالوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا
اس سال دالوں کی بوائی کے رقبہ میں بھی اضافہ ہوا ہےجس میں ۲۶؍ فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اس بار دالوں کی بوائی۶۲ء۳۲؍ لاکھ ہیکٹر میں ہوئی ہے۔ پچھلے سال یہ بوائی ۴۹ء۵۰؍ لاکھ ہیکٹر میں ہوئی تھی۔ اسی طرح گزشتہ سال۱۱۵ء۰۸؍ لاکھ ہیکٹر میں تیل کے بیجوں کی کاشت کی گئی تھی۔ اس بار یہ بڑھ کر ۱۴۰ء۴۳؍ لاکھ ہیکٹر ہو گیا ہے۔ 
دالوں اور تیل کے بیجوں کی پیداوار میں اضافہ
اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس سال دالوں اور تیل کے بیجوں کی اچھی پیداوار ہوگی جس کی وجہ سے دونوں کی بڑھی ہوئی قیمتیں بھی کم ہوسکتی ہیں۔ جب ان اشیاء کی پیداوار کم ہو جاتی ہے تو سپلائی بھی کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے قیمت بڑھ جاتی ہے لیکن اس سال عام آدمی کو راحت ملنے کا امکان ہے۔ 
یادرہےکہ اس وقت ملک میں دالیں اور تیل کے بیج درآمد کئے جا رہے ہیں تاکہ مانگ کو پورا کیا جا سکے جس کی وجہ سے زرمبادلہ کے اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے ملکی معیشت بھی متاثر ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK