دہلی ایئر پورٹ پر ونیش پھوگاٹ کا شاندار خیر مقدم، جذباتی ہوکر روپڑیں پھر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
EPAPER
Updated: August 18, 2024, 1:23 PM IST | Agency | New Delhi
دہلی ایئر پورٹ پر ونیش پھوگاٹ کا شاندار خیر مقدم، جذباتی ہوکر روپڑیں پھر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ پیرس سے وطن واپس آگئی ہیں۔ سنیچر کی صبح ملک واپسی پر دہلی ایئر پورٹ پر ان کا نہایت پُرجوش انداز میں اور بالکل چمپئن کی طرح خیرمقدم کیا گیا۔ تمغہ سے محروم ہونے کے باوجود پورے ملک کا دل جیت چکیں ونیش کا استقبال بہادری کے گیتوں اور ڈھول باجے سے ہوا۔ ہم وطنوں کی اس محبت کو دیکھ کر وہ کافی جذباتی ہوگئیں اور ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے۔اس موقع پر اپنی ساتھی پہلوان سے ملاقات کیلئے بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک بھی ایئر پورٹ پہنچے۔ ایئر پورٹ سے باہر آنے کے بعد پونیا اور ملک نے ونیش پھوگاٹ سےگفتگو کی اور انہیں تسلی دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ تینوں ہی پہلوان جو بی جے پی لیڈر برج بھوشن سنگھ کے خلاف احتجاج میں ہمیشہ ساتھ رہے، اس وقت بھی ایک نظر آئے۔ تینوں نے مل کر ایئر پورٹ کے باہر اپنی کار میں چھوٹا ساروڈ شو بھی کیا اور وہاں موجود ہر شخص کا شکریہ ادا کیا۔ ونیش کو بھلے ہی چاندی یا سونے کا تمغہ نہ مل سکا ہو لیکن کھیلوں کی عدالت میںہونے والی سماعت کے دوران پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا تھا۔ اب اسی انداز میں ہوائی اڈے پر ان کا استقبال ہوا ہے جس طرح کسی گولڈ میڈل فاتح کا ہوتا ہے۔
ونیش پھوگاٹ کی وطن واپسی پران کے بھائی ہریندر سنگھ نےکہا کہ کشتی اور اس کھیل کو پسند کرنے والے سبھی لوگ ایئر پورٹ پر ونیش کا استقبال کرنے پہنچے تھے۔ ہر شعبہ سے ان کا استقبال کرنے کے لئے لوگ وہاں موجود تھے۔ یہ ہمارے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ گاؤں میں بھی ونیش کے شاندار استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ گائوں میں ان کے استقبال کے لئے ایک ایک فرد راہ میں اپنی آنکھیں بچھائے بیٹھا ہے۔ ہمارےگائوں کو دیوالی کے موقع کی طرح سجادیا گیا ہے
واضح رہے کہ ریسلنگ کے فائنل میں پہنچنے والی ونیش پھوگاٹ پہلی ہندوستانی ریسلر بنی تھیں لیکن افسوسناک طور پر فائنل مقابلے سے قبل ان کا وزن ۱۰۰؍گرام زیادہ بتایا گیا جس کی وجہ سے وہ ڈسکوالیفائی ہوگئیں اور تمغہ سے محروم رہ گئیں جبکہ اگر مقابلہ ہوتا تو سونے کا تمغہ یقینی بتایا جارہا تھا کیوں کہ وہ جس انداز میں کھیل رہی تھیں انہیں روکنے والا کوئی نہیں تھا ۔ دریں اثناء ونیش کے گاؤں بلالی تک استقبال کی تیاری کی گئی ہے۔ گاؤں والے بھی اپنی اس پہلوان بیٹی کے استقبال کے لئے پُرجوش ہیں اور ان کی ایک جھلک دیکھنے کابے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ وطن واپسی پر ونیش پھوگاٹ بھی کافی جذباتی نظر آئیں۔ انہوں نے عوام سے مل رہی اس محبت پر کہا کہ میں ملک کے سبھی باشندوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میں بہت خوش قسمت ہوں۔ونیش پھوگاٹ کے استقبال کے انتظار میں نظریں لگائے ان کے گاؤں میں اس وقت تہوار جیسا ماحول ہے ۔ گائوں سج دھج کر پوری طرح تیار ہے۔ وہاں لڈو سمیت کئی لذیذ پکوان بھی بنائے گئے ہیں اور ایک دوسرے کو باٹنے جارہے ہیں۔ ونیش کے اعزاز میں گاؤں کے کھیل اسٹیڈیم میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں انہیں ملک کی سب سے باہمت اور مضبوط پہلوان کا خطاب دیا۔ ونیش کی والدہ پریم لتا پھوگاٹ نے کہا کہ ہم خوش ہیں، پورا ملک اس کی خوب تعریف کر رہا ہے، میری بیٹی نے ملک کے لئے بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس بار گولڈ میڈل کی دعویدار تھی لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا ۔بہرحال ہم اپنی بیٹی کا شاندار استقبال کریں گے۔