پین کارڈ کو آدھار سےلنک نہ کروانے سے سبکدوش ہو چکے ۹؍ہزار افراد کا ۲۰؍فیصد سالانہ انکم ٹیکس کاٹ لیاگیا، پنشن پر گزربسرکرنے والےعمررسیدہ شہری پریشان۔
EPAPER
Updated: April 07, 2024, 12:09 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
پین کارڈ کو آدھار سےلنک نہ کروانے سے سبکدوش ہو چکے ۹؍ہزار افراد کا ۲۰؍فیصد سالانہ انکم ٹیکس کاٹ لیاگیا، پنشن پر گزربسرکرنے والےعمررسیدہ شہری پریشان۔
تعلیمی اداروںکےسبکدوش ہیڈماسٹر، اساتذہ اور دیگر سرکاری محکموں کےتقریباً ۹؍ ہزار ملازمین مارچ مہینے کی پنشن کےطورپر صرف ایک روپے ملنے سے پریشان ہیں۔ متعلقہ ڈپارٹمنٹ سے دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ آدھار اور پین کارڈ لنک نہ کرنے سے ایسا ہوا ہے جس کی وجہ سے ان کا۲۰؍فیصد سالانہ انکم ٹیکس کاٹ لیا گیا ہے۔پنشن نہ ملنے سےمتعدد معمر لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔ پنویل کے ۷۸؍سالہ عمررسیدہ شخص، جواپنی اہلیہ کے ساتھ رہتے ہیں ،کے مطابق ان کی ضروریات پنشن سے پوری ہوتی ہیں، پنشن نہ ملنےسے پریشانی بڑھ گئی ہے۔
واضح رہےکہ مذکورہ محکموں سےسبکدوش ہونے والے رضاکاروںکو ہرمہینے کی پہلی تاریخ کو پنشن کی رقم مل جاتی ہےلیکن اس مرتبہ اپریل کی ۳؍ تاریخ گزر جانے کے باوجود پنشن کی رقم نہ ملنے سے ان کی پریشانی بڑھنے لگی۔ ایسےمیں انہوںنے اپنی یونینوں سے رابطہ کیا۔ یونینوں نے اس بارےمیں متعلقہ محکمہ سے استفسار کیاتو پتہ چلاکہ جن رضاکاروں نے اپناآدھاراور پین کارڈ لنک نہیں کروایا ہے، ان کےساتھ ایساہواہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کےعلاج کیلئےبی ایم سی کمر بستہ
اُردو ٹیچرس یونین کو اس تعلق سے سبکدوش پرنسپل اور اساتذہ کے متعدد فون موصول ہونے پر یونین کے صدر جاوید انصاری نے بی ایم سی کے چیف اکائونٹ آفیسر سے جب بات چیت کی تو انہوں نے بتایاکہ ’’ صرف ہیڈ ماسٹروں یااساتذہ کے نہیں بلکہ’ اے‘ سے’ٹی‘ وارڈ کے ان سبھی ۹؍ہزار بی ایم سی عملے کی تنخواہ کاٹ لی گئی ہے جنہوں نے اپناآدھار اور پین کارڈلنک نہیں کروایا ہے ۔ ان لوگوں کےاکائونٹ میں پنشن کےطورپر صرف ایک روپے ڈپازٹ کیا گیا ہے۔‘‘جاوید انصاری کےمزید استفسارپرآفیسر نے کہاکہ ’’انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے مذکورہ کارڈ کو لنک نہ کرانےکی وجہ سے ۹؍ہزار سبکدوش عملے کے ۲۰؍فیصد سالانہ انکم ٹیکس کی رقم کو کاٹ لی ہے جس کی وجہ سےانہیںاس مہینہ پنشن کی رقم نہیں مل سکی ہے۔ ‘‘
یونین نے اس معاملہ پر اعتراض کرتےہوئے کہا کہ ’’ اس بارے میںڈپارٹمنٹ کی جانب سے کوئی سرکیولر جاری کر دیا جاتا تو لوگوں کویہ پریشانی نہیں ہوتی۔اس کے جواب میں متعلقہ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارڈ کولنک کرانے کی ۳۱؍مارچ تک کی مدت دی گئی تھی۔ٹیلی ویژن اور اخبارات میں اشتہار دیئے گئےتھے۔ اس کے باوجود لوگوںنے یہ کارروائی مکمل نہیں کی جس سے یہ پریشانی ہوئی ہے۔ جن لوگوںکو پنشن کی رقم نہیں ملی ہے وہ تاخیر نہ کریں،فوری طورپر اپنے آدھار اورپین کارڈ کو لنک کرائیں۔ بعدازیں اکائونٹ ڈپارٹمنٹ کو تحریری طور اس کی اطلاع دیں تاکہ ان کی پنشن کوجاری کیاجاسکے۔‘‘