Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنال کامرا کو دھمکیاں، پولیس کا سمن مگر مزاحمت برقرار

Updated: March 26, 2025, 9:25 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

شیوسینا کی توڑ پھوڑ پر نیا ویڈیو جاری کرکے مزید چٹکی لی، ممبئی پولیس کی طلبی پر حاضر نہیں ہوئے، جان سے مارنے کی دھمکیوں کا حوالہ دیا، پھر اعلان کیا:معافی نہیں مانگوں گا

Protesting against Shinde Sena Sen. Kunal Kamra. Photo: Satij Shinde
شندے سینا کے سینک کنال کامرا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: ستیج شندے

شیوسینکوں کی دھمکیوں، توڑ پھوڑ اور ممبئی پولیس  کے ذریعہ ایف آئی آر  کے اندراج کے باوجود کنال کامرا  نے پوری قوت کے ساتھ اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے منگل کو پھر اعلان کیا کہ وہ معافی نہیں مانگیں گی۔ ممبئی پولیس نے    سمن جاری کرکے انہیں  منگل کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیاتھا تاہم وہ  شیوسینکوں کی  جان سے مارنے کی دھمکیوں کا حوالہ دیکر حاضر نہیں ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق کنال کامرا کو دو دنوں  میں ۵۰۰؍ سے زائد دھمکی آمیز فون موصول ہوئے ہیں جن میں ’’کاٹ دیں گے تمہیں‘‘ جیسی دھمکیاں دی گئیں۔ ان دھمکیوں سے ڈرنے اور نچلا بیٹھنے کے بجائے کنال کامر نے ’’من میں ناتھورام، حرکتیں آسارام، ہم ہوں گے کنگال ایک دن‘‘ کے گانے کے ساتھ ایک اور ویڈیو جاری کرکے شیوسینکوں کو چٹکی لی۔ اس ویڈیو میں کھار میں واقع ’’ممبئی ہیبیٹیٹ ‘‘میں شیوسینک توڑ پھوڑ کرتے نظر آرہے ہیں اور کامرا کا پیروڈی گانا سنائی دے رہاہے۔ 
’’بالکل وہی کہا ہے جو اجیت پوار نے کہا تھا‘‘
اسٹینڈ اَپ کامیڈین کنال کامرا نے معافی نہ مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے جاری کئے گئے تحریری بیان میں کہا  ہے کہ وہ  معافی نہیں مانگیں گے کیونکہ انہوں نے بالکل وہی بات(غدار) کہی  ہے جو این سی پی لیڈر اجیت پوار شیوسینا لیڈر ایکناتھ شندے کے تعلق سے کہہ چکے ہیں۔
اس دوران کنال کامرا نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں  شیوسینکوں کی جانب سے۵۰۰؍ سے  زائد دھمکی آمیز  فون کال کی اطلاع دی ہے۔ کنال کامرا نے سوشل میڈیا اکائونٹ ایکس پر جاری کئے گئے تفصیلی  بیان میں کہا  ہے کہ ’’میں اپنے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی کیلئے پولیس اور عدالتوں کے ساتھ تعاون   کو تیار ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا ہے کہ ’’لیکن کیا قانون ان لوگوں کے خلاف منصفانہ اور یکساں کارروائی کرے گا جنہوں نے توڑ پھوڑ کی۔‘‘ کامرا نے پوچھا ہے کہ ’’کیاقانون بی ایم سی کے ان غیر منتخب ممبران پر بھی اسی طرح نافذ ہوگا جو بغیر  پیشگی اطلاع کے ’ہیبیٹیٹ‘ پر پہنچ گئے اور اس جگہ کو ہتھوڑوں سے توڑ پھوڑ دیا۔‘‘

’’معافی نہیں مانگوں گا، نہ روپوش ہوؤں گا‘‘
 کنال کامرا جنہوں  نے علی اعلان کہا ہے کہ وہ تمل ناڈو میں ہیںاور فون پر دھمکی دینےوالوں کو تمل ناڈو آنے کی دعوت بھی دے چکے ہیں، نے جرأت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئےکہاہے کہ ’’میں معافی مانگوں گا، نہ پلنگ کے نیچے چھپوںگا، بس اس تنازع کے ختم ہونے کا انتظار کررہا ہوں۔‘‘اس بیچ کنال کامرا کا ویڈیو تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ محض دو دنوں میں اسے تقریباً۵۲؍ لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں۔  اس کے ساتھ ہی یوٹیوب پر ویڈیو دیکھنےوالے متعدد افراد   نے سپر تھینکس کے ذریعہ کنال کامرا کو لاکھوں روپے کی رقم بھی بھیجی ہے۔  پوری دنیا میں موجود ہندوستانی ان کا ویڈیو  دیکھ کر نہ صرف اسے شیئر کررہے ہیں بلکہ بڑی تعداد میں  لوگ سپرتھینکس کے ذریعہ کامرا کی قانونی لڑائی میں ان کی مالی مدد بھی کررہے ہیں۔ 
شندے نے کنال پر سپاری لینے کا الزام لگایا
اس بیچ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے خلاف کامرا کے طنز ومزاح کو’’سپاری‘‘ لے کر کیا گیا عمل قرار دیا ۔ انہوں  نے کہا ہے کہ ’’اظہار خیال کی آزادی  اور طنز کو  ہم سمجھتے ہیں لیکن اس کی ایک حد ہوتی ۔ یہ تو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ کسی کے خلاف بولنے کیلئے سُپاری (ٹھیکہ) لی گئی ہو۔‘‘   شیوسینکوں کے ذریعہ کی گئی توڑ پھوڑ پر انہوں مودی کا جملہ دہرایا کہ  ’’ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے۔ لیکن میں توڑ پھوڑ کے حق میں نہیں ہوں اس لئے اس پر زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK