• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں سہ روزہ جشن اُردو کا آج سے شاندار آغاز، کئی رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد

Updated: January 10, 2025, 1:26 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

جشن کے کنوینر ڈاکر قمر صدیقی کے مطابق ’’ ان تین دنوں میں شہر ممبئی میں اردو، ادب و ثقافت اور تہذیب اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ جلوہ افروز ہو گی ‘‘، تمام اہل اردو سے شرکت کی درخواست۔

Jashan Urdu team members who are working tirelessly to organize the program. Photo: INN
جشن اردو کی ٹیم کے ممبران جو پروگرام کے انعقاد کیلئے انتھک محنت کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

 آج سے عروس البلاد ممبئی میں سہ روزہ جشن اردو کا  آغاز ہو رہا ہے۔ یہ جشن اردوکا تیسرا سال ہے لیکن دونوں سال کی طرح اس سال بھی جشن کے شاندار رہنے اور اس دوران اردو تہذیب و ثقافت کے پورے شہر پر چھاجانے اوراردو کا ڈنکا بجنے کے پورے پورے امکانات ہیں۔ ممبئی یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے اس جشن کی تیاریاں نہایت زوروںپرہیں۔ پروگرام کے کنوینر اور روح رواں، معروف ادبی مجلہ اردو چینل کے مدیر اور ممبئی یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر قمر صدیقی اپنے معانین اور رفقاء کے ساتھ اگلے ۳؍ دنوں تک ممبئی میں اردو کا نہ صرف جشن برپا کریں گے بلکہ اس کے ذریعے پورے ملک کو اردو کی چاشنی سے لطف اندوز ہونے کا پیغام بھی دیں گے ۔ انہوں نےبتایا کہ’’ان تین دنوں میں شہرممبئی میں اردو ادب ، تہذیب و ثقافت کا جلوہ ہو گا۔ اردو تہذیب اپنی تمام تر شان و شوکت کے ساتھ جلوہ افروز ہو گی۔ہمیں امید ہے کہ اس جشن میں تمام اہل اردو نہ صرف شرکت کریں گے بلکہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ اپنی موجودگی کا ثبوت بھی دیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ۱۰؍ جنوری سے جشن اردو کا آغاز ہورہا ہے۔ اس کا ابتدائی پروگرام ممبئی یونیورسٹی کے مراٹھی بھاشا بھون اور جے پی نائک بھون میں دوپہر ۳؍ بجے منعقدہوگا۔ جشن کا افتتاح ممبئی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر رویند کلکرنی کریں گے۔ اس بارے میں جشن اردو کے اہم  معاونین میں شامل ڈاکٹر ذاکر خان ذاکرنے پروگراموں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’جمعہ ۱۰؍ جنوری کو شام ۴؍ بجے  سے سواچھ بجے تک مراٹھی بھاشا بھون میں مولانا حسرت موہانی کی یاد میں کثیر لسانی مشاعرہ ہوگا  جس میں اہم شعراء اپنے اپنے کلام سے نوازیں گے۔‘‘
جشن اردو ڈیسک کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق اس کے بعد ڈرامہ’ خودساختہ نقاد سے انٹرویو( ڈاکٹر مزمل سرکھوت ) پیش کیاجائے گا۔ دوسرے دن سنیچر کو  اسکول، جونیئر کالج اور یونیورسٹی طلباءکیلئےمضمون نویسی مقابلہ ہوگا بعد ازاں خطاطی مقابلہ`، ڈرائنگ مقابلہ اور مہندی ڈیزائن مقابلہ ہوگا۔ ترجمہ نگاری کی اہمیت پر اجلاس اور شاعرات کے مشاعرہ کے علاوہ محفل لطیفہ گوئی بھی منعقد ہوگی۔ اس جشن میں اردوکے معروف افسانہ نگاروں کے ذریعہ محفل افسانہ خوانی کا انعقاد بھی ہوگا جس کی صدارت ڈاکٹر صادقہ نواب کریں گی جبکہ رحمان عباس مہمان خصوصی ہوںگے۔ میرا ادبی سفر کے تحت جاوید صدیقی اپنی روداد سنائیں گے۔ مجیب خان کا ڈراما  پنڈت اور پٹھان  پیش کیا جائےاور اس کے بعدنوجوانوں کا مشاعرہ ہوگا۔ سنیچر کو ہی محفل مرثیہ خوانی بھی منعقد ہو گی۔ 
تیسرے دن  اتوار ۱۲؍ جنوری کوصبح ساڑھے دس بجے سے پروگراموں کی شروعات ہو گی۔ پہلا پروگرام بیت بازی کا مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد مذاکروں کے سیشن ہوں گے جن میں کوکن میں اردو پر مذاکرہ منعقد کیا جائے گا۔ اس کے بعد  اردو اور مراٹھی کارشتہ کےعنوان سے ایک اور مذاکرہ ہو گا۔ تیسرا مذاکرہ بھیونڈی میںاردوکےعنوان پر ہوگا۔ ان پروگراموں کے بعد عدنان سرکھوت مختلف عنوان سے ڈرامے پیش کریں گے۔  ڈاکٹر قمر صدیقی ، ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر اور ان کے رفقاء نے تمام اہل اردو سے اپیل کی ہے کہ بڑی تعداد میں ان پروگراموں میں شرکت کریں اور اپنی اردو دوستی کا ثبوت دیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK