سیکڑوں شرکاء رات ہی میں اجتماع گاہ پہنچ گئے۔ پولیس کا زبردست بندوبست۔ نمازِجمعہ ۲؍بجے ادا کی جائے گی۔ ہدایات پرعمل آوری کی تلقین۔
EPAPER
Updated: January 31, 2025, 10:40 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
سیکڑوں شرکاء رات ہی میں اجتماع گاہ پہنچ گئے۔ پولیس کا زبردست بندوبست۔ نمازِجمعہ ۲؍بجے ادا کی جائے گی۔ ہدایات پرعمل آوری کی تلقین۔
آج (جمعہ )بعد نمازفجر سے کھارگھر میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغازہو گا۔ سیکڑوں شرکاء شب ہی میں اجتماع گاہ پہنچ چکے ہیں۔ اجتماع گاہ میں نماز جمعہ ۲؍ بجے ادا کی جائے گی۔ ممبئی، تھانے اوررائے گڑھ اضلاع کا ۳۱؍جنوری (آج) سے شروع ہونے والایہ اجتماع ۲؍فروری کی شب میں دعا پر ختم ہوگا۔
اجتماع گاہ میں ۳۵۰؍ایکڑ قطعہ اراضی پروسیع وعریض پنڈال، اسٹیج، دیگر سہولتیں مثلاً کھانے پینے کیلئے الگ سیکشن، ہزاروں استنجا خانہ وبیت الخلاء، ذخیرۂ آب، ایمبولنس اورپارکنگ کا نظم کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ۳؍ ہزار سےزائدرضاکاروں کوصاف صفائی، پارکنگ ایریا اورنگرانی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹر اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں پولیس کے جوان اجتماع گاہ میں الگ الگ حصو ں میں تعینات کئے گئے ہیں۔
تبلیغی اجتماع کے انعقاد کا مقصد معلوم کرنے پرمنتظمین نے بتایا کہ’’ اس کے ذریعے یہ پیغام دینا اور اپنا جائزہ لینا ہےکہ دنیا میں ہماری آمد کا مقصد کیا ہے؟ آج ہم سب مادیت کے اس قدر دلدادہ ہوگئے ہیں کہ ہم اپنے مقصدِ اصلی کو بھول گئے ہیں۔ دنیا کی ترقی کیلئے انسان شب وروز محنت کررہا ہے، نہ حلال کی تمیزہورہی ہے اورنہ حرام کافرق محسوس کیاجارہا ہے۔ دولت کی فراوانی کے باوجود سکون ختم ہوگیا ہے اور ہرشخص بے سکونی کی کیفیت کا شکار ہے۔ اس کے علاوہ قرآن وسنت کی روشنی میں اس امت کی جواصل ذمہ داری ہے، اسےبھی یاددلانا اور اس کیلئے وقت فارغ کرانا ہے تاکہ ’خیر امت‘ کا لقب پانے والی یہ امت عملی طور پراپنے مشن سے جڑسکے اوراپنےرب کوراضی کرنے والے اعمال کی جانب متوجہ ہوسکے۔ ‘‘
اجتماع کے نگراں مولانا اسد قاسمی نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ’’ شرکاء اجتماع کثرت سےآئیں گے، اس کا خیال رکھتےہوئے ہراعتبار سےتیاری کی گئی ہے۔ الگ الگ زون بنائے گئے ہیں، خواص کیلئے الگ سیکشن بنایا گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ شرکائے اجتماع تک مختلف طریقوں سے ہدایات پرعمل کرنے کی تلقین کی جارہی ہے کیونکہ مجمع کی کثرت کے سبب کئی طرح سےاحتیاط برتنی ہوگی۔ اسی لئے مسلسل یہ پیغام رسانی کی جارہی ہے کہ آنے جانے میں ہرطرح کی احتیاط کی جائے، کوئی ایساعمل ہرگز نہ ہوجس سےکسی کولب کشائی کا موقع ملے۔ اس کے علاوہ اجتماع میں ہر آنے والا اس بات کویقینی بنانے کی کوشش کرے کہ ’اکرام مسلم ‘کو عملی جامہ پہنائے اوراپنی ذات کو دوسروں کیلئے نافع بنانے کی کوشش کرے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’ تمام امور مشورےمیں طے کئےگئے ہیں اور ہرذمہ دارسے کہا گیا ہے کہ وہ اسے پوری دیانتداری اورذمہ داری سے انجام دے تاکہ شرکائے اجتماع مبلغین اورعلماء کے بیانات یکسوئی کےساتھ سماعت کرسکیں ۔ ‘‘
مولانا اسد نے پہلے جاری کردہ ۷؍ہدایات کا اعادہ کیا اورکہاکہ ’’ یہ تمام شرکاء اجتماع کی سہولت کی خاطر جاری کی گئی ہیں، اس لئے آمدورفت، اجتماع گاہ میں قیام، کھانے پینے میں لین دین کیلئے حسب ِ ضرورت نقد رقم اوربطور خاص واپسی میں جلدی نہ کرنا وغیرہ انتہائی اہم ہیں۔ اس پر بطور خاص توجہ دی جائے۔ ‘‘