Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقف قانون کےخلاف احتجاج کے بعد پھوٹ پڑنے والے تشدد میں مرشد آباد میں ۳؍ کی موت،۱۰۰؍ سے زائد گرفتار

Updated: April 13, 2025, 10:10 AM IST | Kolkata

مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد میں وقف (ترمیمی) قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے بعد پھوٹ پڑنے والے تشدد میں اب تک ۳؍ افراد کی موت ہوگئی ۔ اس احتجاج کے دوران مرشد آباد جل اٹھا جس کے بعد پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ۱۱۰؍ سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے

West Bengal Police Force personnel deployed in Jangipur, Murshidabad. (PTI)
مرشدآباد کے جنگی پور میںتعینات مغربی بنگال پولیس فورس کے اہلکار۔(پی ٹی آئی)

مغربی بنگال کے ضلع مرشدآباد میں وقف (ترمیمی) قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے بعد پھوٹ پڑنے والے تشدد میں اب تک ۳؍ افراد کی موت ہوگئی ۔ اس احتجاج کے دوران مرشد آباد جل اٹھا جس کے بعد پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ۱۱۰؍ سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ تشدد سے سب سے زیادہ متاثر مرشدآباد میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کر دی گئی ہے اور ان علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں جہاں جمعہ کو ہنگامہ پھوٹ پڑا تھا۔ پولیس کے مطابق صورت حال پر قابو پانے کیلئے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
 جمعہ کی نماز کے بعد مرشدآباد کے علاوہ مالدہ، جنوبی ۲۴؍پرگنہ اور ہُگلی اضلاع میں بھی وَقف قانون کے خلاف مظاہرے ہوئے جن میں تشدد پھوٹ پڑا۔ مختلف مقامات پر مشتعل افراد نے پولیس وین سمیت کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا، سیکوریٹی فورسیز پر پتھراؤ کیا اور سڑکوں کو بند کر دیا۔پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق صرف مرشدآباد کے سُتی اور شمشیرا گنج علاقوں سے بالترتیب ۷۰؍ اور۴۱؍ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مرشدآباد ضلع میں سنیچر کو دوبارہ تشدد پھوٹ پڑا۔بتایا گیا کہ مشتعل ہجوم نے باپ بیٹے کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ مہلوکین کی شناخت ہرگووند داس (باپ) اور چندن داس (بیٹے) کے طور پر ہوئی ہے۔  اسی دوران ایک اور شخص گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ یہ تشدد ضلع کے شمشیر گنج بلاک کے دھولیاں میں ہوا۔
 ۱۱؍ اپریل جمعہ کو بھی  دھولیاں میں تشدد پھوٹ پڑاجس میں ایک شخص زخمی ہوا تھا جس کی سنیچر کو اسپتال میں موت ہوگئی۔ اس طرح مرشد آباد تشدد میں اب تک۳؍ افراد کی موت ہو چکی ہے۔ تشدد سے متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے۔اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) جاوید شمیم ​​نے کولکاتا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا  ’’ آج کے واقعے کی تفصیلات ابھی دستیاب نہیں ہیں۔ گولی پولیس کی طرف سے نہیں چلائی گئی، یہ بی ایس ایف کی طرف سے ہو سکتی ہے۔ یہ ابتدائی معلومات ہے۔ زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اب تک۱۱۸؍ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ اس دوران مغربی بنگال بی جے پی کے صدرسکانتا مجمدار نے ممتا بنرجی پر ریاست کے  ہندوؤں کو خوفزدہ کرنے کا الزام لگایااور کہا کہ وہ مغربی بنگال کو’ بنگلہ دیش ‘ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔اس دوران ریاست کے گورنر سی وی آنند بوس نے پورے معاملے پر امیت شاہ سے بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کا خیرمقدم ہے لیکن تشدد کا نہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK