Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کنال کامرا کیخلاف مزید ۳؍ ایف آئی آر

Updated: March 29, 2025, 11:40 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ان میںسے ایک شکایت جلگائوں کے میئر نے درج کروائی ہے

Famous comedian Kunal Kamra
مشہور کامیڈین کنال کامرا

مشہور اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کو ہراساںکرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے  طریقےنکالنے کے لئے مزید ۳؍ ایف آئی آر ان کے خلاف درج کروائی گئی ہیں۔ یہ تمام ایف آئی آر کھار پولیس اسٹیشن میں درج ہوئی ہیں جن میں سے ایک شکایت جلگاؤں کے میئر نے درج کروائی ہے۔ ان کے علاوہ ناسک سے تعلق رکھنے والے ایک ہوٹل مالک اور ایک تاجر نے بھی سنیچر کو کامرا کے خلاف شکایت  درج کروائی ہیں۔ 
 تاہم  کنال کامرا نے اسی معاملے میں اس سے قبل درج کرائی گئی ایف آئی آر  کے معاملے میں پہلے ہی عبوری راحت حاصل کرلی ہے۔ مدراس ہائی کورٹ نے کنال کامرا کو ۷؍ اپریل تک ٹرانزٹ ضمانت قبل از گرفتاری دی ہے تاکہ وہ متعلقہ عدالت سے رجوع ہوکر باقاعد پیشگی ضمانت حاصل کرسکیں۔
 اس سلسلے میں انقلاب نے قانونی ماہرین سے گفتگو کی تو انہوں نے کہا کہ کنال کامرا نے جو پیشگی ضمانت حاصل کی ہے اگر بالکل اسی معاملے میں نئی ایف آئی آر ہوئی ہے تو انہیں نئے سرے سے عدالت جانے کی ضرورت نہیں، پہلے  سےدی گئی ضمانت ان کے کام آجائے گی تاہم اگر ایف آئی آر ان کے الگ الگ شوز کی وجہ سے درج کرائی گئی ہے تو انہیں الگ الگ ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنی ہوگی۔
 یاد رہے کہ چند روز قبل کنال کامرا نے اپنے ایک شو میں نام لئے بغیر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کیلئے ’غدار‘ اور ’جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میںچھید کرتا ہے‘ جیسے جملے استعمال کئے تھے۔ اس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف شیوسینکوں نے اس اسٹوڈیو میں توڑ پھوڑ کی جہاں وہ  شو ہوا تھا بلکہ بی ایم سی نے بھی اس اسٹوڈیو میں بغیر اجازت کی گئی تعمیراتی تبدیلیوں کی بنا پر انہدامی کارروائی کردی تھی ۔ 
 اس کے علاوہ شیوسینا (شندے) کے ایم ایل اے مُرجی پٹیل کی شکایت پر کھار پولیس نے کنال کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی تھی جس پر کنال کامرا نے  مدراس ہائی کورٹ  سے راحت حاصل کرلی ہے۔ انہیں کورٹ نے ۷؍ اپریل تک عبوری راحت دی ہے۔  
  واضح رہے کہ کنال کامرا گزشتہ ۴؍ برسوں سے تمل ناڈو منتقل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے  گرفتاری سے بچنے کیلئے یہ کہتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی تھی کہ اگر وہ ممبئی آئیں گے تو انہیں فوری طورپر گرفتار کرلئے جانے اور جان کا خطرہ ہے۔ کنال نے اپنی پٹیشن میں یہ بھی کہا ہے کہ اپنے شو میں انہوں نے کسی کا نام نہیںلیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK