• Mon, 06 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

شہر میں ۳؍الگ الگ حادثات، کوئی ز خمی نہیں،کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا

Updated: January 03, 2025, 11:06 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

دھاراوی ماہم جنکشن پر ایک ٹریلر نے کئی گاڑیوں کو ٹکر ماری ۔ کوسٹل روڈ پر کار ٹنل کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ ملنڈ میں گاڑیوں کی دکان میں آگ لگی

Cars that fell into the drain are being pulled out by a crane.
کرین کے ذریعے نالے میں گری گاڑیوں کو نکالا جا رہا ہے۔(تصویر:انوراگ اہیرے)

 شہر کے ۳؍ الگ الگ علاقوں میں یکے بعد دیگرے ہونے والے سڑک اور آگ لگنے کے حادثات میں لاکھوں روپے مالیت کی گاڑیوں کو نقصان ہوا ہے ۔ تاہم ان حادثات کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس نے کوسٹل روڈ اور ماہم دھاراوی کے درمیان ہونے والے سڑک حادثہ کا سبب بننے والے ۲؍ ڈرائیوروں کیخلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے اور گاڑیوں کو نقصان  پہنچانے کے تحت کیس درج کیا ہے ۔
 دھاراوی ماہم جنکشن کے قریب  جمعہ کو صبح ۶؍ اور ۷؍بجے کے درمیان اس وقت خطرناک حادثہ پیش آیا جب ایک بڑے ٹریلر کا ڈرائیور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے  توازن کھو بیٹھا ۔ توازن کھو جانے کے سبب ٹریلر کا ڈرائیور نہ صرف جنکشن پر کھڑی کئی ٹیکسی اور ٹیمپو کو ٹکر مار کر قریب واقع نالے میں گرا دیا بلکہ ٹریلر ڈرائیور گاڑی سمیت خود بھی نالہ میں گر پڑا تھا ۔ بعد ازیں اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے ۔دھاراوی کیمکر چوک میٹھی ندی کے پاس ہونے والے حادثہ کے فوراً بعد ساہو نگر پولیس، ماہم ٹریفک پولیس اور بی ایم سی کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور ٹرالر سمیت حادثہ کا شکار ہونے والی کار، ٹیکسی اور ٹیمپو کو کرین اور مقامی لوگوں کی مدد سے نالےسے نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے 
 وہیں جمعہ کو ہی دوسرا سڑک حادثہ کوسٹل روڈ ٹنل میں پیش آیا ۔ ٹریفک پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ٹنل میں اس وقت یہ حادثہ پیش آیا جب ایک سفید رنگ کی کار تاردیو سے گزرنے والے کوسٹل روڈ ٹنل سے ٹکرا گئی ۔ حادثہ میں ڈرائیور کو معمولی چوٹ آئی تھی اور اسے ٹریفک پولیس کی مدد سے ایمرجنسی ایمبولنس میں اسپتال روانہ کیا گیا تھا۔ تاہم کار کے ٹکرانے اور گھوم کر راستہ کے درمیان بند پڑ جانے سے کوسٹل ٹنل میں تقریباً آدھا گھنٹے تک ٹریفک کا مسئلہ رہا ۔ بعد ازیں ٹریفک پولیس نے ٹوئنگ وین کی مدد سے کار وہاں سے نکال لی جس کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت معمول پر آگئی ۔
 اسی طرح جمعرات اور جمعہ کی شب ملنڈ میں ایک دکان میں اچانک آگ لگنے سے دکان کے باہر کھڑی ایک کار اور ۴؍ بائیک بھی اس کی زد میں آگئی ۔ فائر بریگیڈ، بی ایم سی ڈیساسٹر عملہ اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ۔ فائر بریگیڈ نے ایک بجکر ۶؍منٹ پر لگنے والے آگ پر محض ۲۵؍منٹ میں قابو پالیا ۔ فائر بریگیڈ کے بقول شارٹ سرکٹ کے سبب آگ لگی تھی جس میں دکان میں موجود سامان جل کر خاک ہوگیا اور ۵؍گاڑیوں کو نقصان پہنچا  لیکن اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK