تین بار کے رُکن اسمبلی امین پٹیل، جو کانگریس کے ٹکٹ پر اپنے حلقۂ اسمبلی ممبا دیوی سے اس مرتبہ پھر میدان میں ہیں، روزانہ پد یاترا کے ذریعہ اپنے حلقے کے رائے دہندگان سے ملاقاتیں کررہے ہیں
EPAPER
Updated: November 06, 2024, 12:46 AM IST | Mumbai
تین بار کے رُکن اسمبلی امین پٹیل، جو کانگریس کے ٹکٹ پر اپنے حلقۂ اسمبلی ممبا دیوی سے اس مرتبہ پھر میدان میں ہیں، روزانہ پد یاترا کے ذریعہ اپنے حلقے کے رائے دہندگان سے ملاقاتیں کررہے ہیں
تین بار کے رُکن اسمبلی امین پٹیل، جو کانگریس کے ٹکٹ پر اپنے حلقۂ اسمبلی ممبا دیوی سے اس مرتبہ پھر میدان میں ہیں، روزانہ پد یاترا کے ذریعہ اپنے حلقے کے رائے دہندگان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے وارڈ نمبر ۲۱۳، ۲۲۰، ۲۲۱؍ اور ۲۲۳؍ کے رائے دہندگان سے ملاقات کی اور اُن کے تئیں اظہار تشکر کیا کہ اُنہی کے تعاون اور حمایت سے وہ سابقہ تین انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئے، اور اُنہیں پورا یقین ہے کہ وہ اس بار بھی ووٹوں کے بڑے فرق سے الیکشن جیتی گے۔
پد یاترا کے دوران جگہ جگہ اُن کا استقبال کیا گیا۔ وہ دو ٹانکی، مولاناشوکت علی روڈ، بارہ امام روڈ، مٹن اسٹریٹ، چمنا بوچر اسٹریٹ، جاملی محلہ، بنیان اسٹریٹ، گھوگھاری محلہ، نظام اسٹریٹ، بہشتی محلہ، پارسی گلی اور دیگر علاقوں اور محلوں کے رائے دہندگان سے ملے۔ اس نمائندہ سے گفتگو کے دوران اُنہوں نے یہ بات دُہرائی کہ ’’الیکشن کے دوران کچھ لیڈران عوام کے سامنے آکر جذباتی باتیں کرتے ہیں اور الیکشن ہارنے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔ مگر مجھے عوام پر بھروسہ ہے اور اس بات کا پورا یقین ہے کہ جس طرح ۱۵؍ سال سے اُنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اسی طرح اب بھی کرینگے اور الیکشن کے وقت نمودار ہونے والے لیڈروں کو دور رکھ کر اُن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائینگے۔ ‘‘
پدیاترا میں امین پٹیل سے اکھل پدماشالی سماج، کھاٹک سماج، ویڑو سماج، واکری سماج، گھانچی جماعت، میمن جماعت اور دیگر اداروں اور جماعتوں کے لوگوں نے ملاقاتیں کیں، استقبال کیا اور اُن کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔
امین پٹیل کی پد یاترا کے دوران ’’اب کی بار، چوتھی بار‘‘ کے نعرے کی گونج سنائی دی۔ کئی علاقوں میں بالخصوص وارڈ نمبر ۲۲۳؍ میں ایم ایل اے فنڈ سے جو کام اُنہوں نے کروائے اُن کی بھی گونج سنائی دی مثلاً پینے کے پانی کا انتظام، لائبریری کی سہولت اور لائٹ کا نظم۔ اُن کے ساتھیوں نے عام لوگوں سے پرجا فاؤنڈیشن کی رپورٹس کا بھی ذکر کیا جن میں امین پٹیل کو پانچ مرتبہ ایم ایل اے نمبر وَن کا اعزاز دیا گیا اور جس سے بحیثیت ایم ایل اے اُن کی کارکردگی کی توثیق ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ پرجا فاؤنڈیشن جن معیارات پر اراکین اسمبلی کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے اُن میں ایوان میں حاضری، پوچھے گئے سوالوں کا معیار، مقبولیت اور ایم ایل اے فنڈ کا استعمال اہم ہیں۔ ان پر ایک بار نہیں پانچ بار پورا اُترنا ممبا دیوی حلقۂ اسمبلی کیلئے باعث فخر ہے۔ مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے سابق چیئرمین امین پٹیل نے سیاسی کریئر کا آغاز ڈونگری کے کارپوریٹر کے بطور کیا تھا۔