بے موسم برسات، ژالہ باری اور طوفانی ہوائوں کی وجہ سے آئندہ ماہ صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے
EPAPER
Updated: March 22, 2023, 11:47 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
بے موسم برسات، ژالہ باری اور طوفانی ہوائوں کی وجہ سے آئندہ ماہ صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے
آموںکے شوقین افراد کیلئے یہ خبرخوش آئند ہے کہ واشی کی اے پی ایم سی مارکیٹ میں گزشتہ برس مارچ کے مقابلے رواں ماہ میں ۳؍ گنا زیادہ آم آئے ہیں اور بڑی تعداد میں مزید آم آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ نوی ممبئی کے اسی تھوک بازار سے ممبئی شہرو مضافات اور قرب و جوار کے علاقوں میں پھل اور اناج وغیرہ سپلائی ہوتا ہے۔
اے پی ایم سی میں پھلوں کے تھوک بازار کے ڈائرکٹر سنجے پنسارے نے زیادہ تعداد میں آم آنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ امسال آموں کے پھول اتنی بڑی تعاد میں آئے تھے کہ ماضی قریب میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آم پھولوں سے بنتے ہیں جو آم فی الحال بازار میں آرہے ہیں، ان کے پھول اکتوبر اور نومبر میں آئے تھے۔ امسال بہت بڑی تعداد میں پھول لگے تھے جن کے پھل اب بازار پہنچ رہے ہیں ورنہ عام طور پر یہاں آم کا موسم اپریل سے شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ۵؍ برس کے دوران ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب مارچ میں اتنی بڑی تعداد میں آم بازار پہنچے ہیں۔
چونکہ مہاراشٹر اور جنوب کے کئی علاقوں میں حال ہی میں بے موسم برسات ہوئی ہے ،کہیں ژالہ باری تو کہیں طوفانی ہوائوں کا بھی اثر رہا ہے جس سے پھول اور پھل دونوں متاثر ہوئے ہیں اس لئے اس بات کا بھی اندیشہ ہے کہ آئندہ ماہ پھلوں کی سپلائی کی صورتحال تبدیل ہوجائے۔
فی الحال بازار میں جو آم پہنچ رہے ہیں ، مہاراشٹر میں ہی ان کی پیداوار ہوئی ہے لیکن کرناٹک، کیرالا، تمل ناڈواور آندھرا پردیش جیسی دیگر ریاستوں سے بھی آم کی تقریباً ۱۳؍ ہزار پیٹیاں یہاں پہنچ چکی ہیں جس کی وجہ سے آموں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سنجے پنسارے کے مطابق دیگرجن ریاستوں کا ذکر کیا گیا ہے، وہاں کے لوگوں نے مہاراشٹر کے ہی کسانوں سے آم کے پودے حاصل کئے تھے اور اب ان کے یہاں بھی آموں کی اچھی پیداوار ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے مختلف بازاروں میں بادامی آم فی الحال ۱۲۰؍ سے ۱۰۰؍ روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہے ہیں البتہ مول بھائو کرکے اس سے کم دام میں بھی یہ آم مل سکتا ہے۔
دوسری طرف ہاپوس آم تھوک بازار میں ۱۵۰۰؍ روپے سے ۴؍ہزار روپے تک اور خوردہ بازاروں میں ڈھائی ہزار روپے سے ۶؍ہزار روپے تک فی پیٹی فروخت ہورہے ہیں۔