آزاد میدان کے اطراف کے بیشترراستوں پر دوپہر۱۲؍ بجےسے تقریب کے اختتام تک گاڑیوں کے داخلے اور پارکنگ پر پابندی۔حفاظتی انتظامات کے تحت فیشن اسٹریٹ کی دکانیں بند کروادی گئیں۔
EPAPER
Updated: December 05, 2024, 9:44 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
آزاد میدان کے اطراف کے بیشترراستوں پر دوپہر۱۲؍ بجےسے تقریب کے اختتام تک گاڑیوں کے داخلے اور پارکنگ پر پابندی۔حفاظتی انتظامات کے تحت فیشن اسٹریٹ کی دکانیں بند کروادی گئیں۔
آزاد میدان میں ریاست کے وزیراعلیٰ اور کابینی وزراء کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد جمعرات (آج)کو کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور دیگر لیڈران بھی شریک ہورہے ہیں اس کے پیش نظرپولیس کا سخت بندوبست کیا گیا ہےجس کےتحت میدان کے اطراف کے بیشتر راستوں پر تقریب کے اختتام تک گاڑیوں کی آمدو رفت اور پارکنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسی طرح کئی راستوں کے رخ بھی موڑ دیئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ اور کابینی وزراء کی حلف برداری کی تقریب کے پیش نظر آزاد میدان کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے اور دیگر انتظامات کے تحت ٹریفک پولیس نے دوپہر ۱۲؍ بجے سے تقریب کے اختتام تک آزاد میدان سے گزرنے والے بیشتر راستوں پر گاڑیوں کے داخلے اور پارکنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔ تقریب شام ۵؍ سے ساڑھے پانچ کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں منعقد کی جائے گی جس کیلئے اسلحہ سے لیس کمانڈوز اورپولیس جوان آزادمیدان اور اس کے اطراف تعینات کئے گئے ہیں ۔
ممبئی پولیس نے آزاد میدان اوراس کے آس پاس کے علاقوں میں پارکنگ کو بھی ممنوع قرار دے دیا ہے۔ تقریب کے انعقاد سے لے کر اختتام تک پولیس کمشنر وویک پھنسلکر اور اسپیشل کمشنر دیوین بھارتی کی سربراہی میں اسلحہ سے لیس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔۵؍ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس، ۱۵؍ ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی قیادت میں ۲۹؍ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، ۲۵۰؍ سینئر پولیس افسران اور ۳؍ ہزار۵۰۰؍ پولیس افسران اور اہلکار بندوبست پر رہیں گے ۔
ٹریفک پولیس کے ۳۰؍ سینئر افسران اور ۲۵۰؍ اہلکاروں کو بنا کسی رکاوٹ کے ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے پر مامور کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایس آر پی ایف کا ایک پلاٹون ، کوئک رسپانس ٹیم اور بم اورڈاگ اسکواڈ بھی حفاظتی دستوں کا حصہ ہوں گے۔ آزاد میدان سے متصل راستوں سے گزرنے والی گاڑیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہواس کے لئے دوپہر ۱۲؍ بجے سے تقریب کے اختتام تک جن راستوں کو دوپہر ۱۲؍ بجے تک گاڑیوں کے داخلہ کیلئے بند کیا گیا ہے ، ان میں کرافورڈ مارکیٹ اور کاما اسپتال سے ہوتے ہوئے آزاد میدان کی طرف اور میٹرو سے ہوتے ہوئے آزاد میدان کی طرف جانے والے راستے شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس نے اس کے علاوہ مسافرو ں اور گاڑی چلانے والوں کو ایل ٹی مارگ ، چکلا جنکشن سے ہوتے ہوئے چھتر پتی شیواجی ٹرمنس اور ڈی این روڈ کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اسی طرح پولیس نے کف پریڈ ، قلابہ اور مرین ڈرائیو سے آزاد میدان کی طرف آنے والے راستوں کا استعمال کرنے کے بجائےڈی این روڈ ، چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس یا میٹروسنیماگھر سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ حلف برداری کی تقریب کے پیش نظر سیکوریٹی ایجنسیوں نے بدھ کو فیشن اسٹریٹ کی دکانیں بند کروادیں۔ اسی طرح بم ڈٹیکشن اینڈ ڈسپوزل اسکواڈ(بی ڈی ڈی ایس ) نے آزادمیدان کے قریب فیشن اسٹریٹ کی دکانوں کی جانچ کی اور انہیں سیٖل بھی کردیا۔اس دوران تقریب کی تیاریاں بھی زوروں سے جاری رہیں۔