Updated: December 08, 2023, 3:38 PM IST
| New Delhi
ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمان مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ مہوا موئترا نے رکنیت منسوخ ہونے کے بعد کہا کہ اخلاقیات کمیٹی نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے کے ساتھ ہی لوک سبھا کی کارروائی بھی آج کیلئے ملتوی کر دی گئی تھی ۔
مہوا موئترا سرمائی اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں ۔ تصویر: پی ٹی آئی
ترنمول کانگریس کی ممبر پارلیمان مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اخلاقیات کمیٹی نے سوال پوچھ کر پیسے لینے کے معاملے میں مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ آج پارلیمنٹ میں رپورٹ پیش کی گئی تھی جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے پر اعتراض کیا۔ مہوا موئترا نے رکنیت منسوخ ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ اخلاقیات کمیٹی نے تمام قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ ان کی رکنیت منسوخ کرنے کے بعد لوک سبھا کی کارروائی بھی آج کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔
مہوا موئترا نے مزید کہا کہ کل سی بی آئی کی ٹیم کو میرے گھر پرمجھے پریشان کرنے کیلئے بھیجا جائے گا۔ خیال رہے کہ آج مہوا موئترا کواس معاملے پر بولنے نہیں دیا گیا تھا جس کے سبب اپوزیشن لیڈران نے احتجاج کیا تھا۔ اپوزیشن لیڈران نے کہا تھا کہ انہیں اس معاملے پر بولنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔
اس ضمن میں ترنمول کانگریس ممبر پارلیمان کلیان بنرجی نے اسپیکر سے درخواست کی تھی کہ مہو ا موئترا کو اپنا ارتفاع کرنے کا موقع دیا جائے۔ ٹی ایم سی کے لوک سبھا ممبر سدیپ بندیوپادھیائے نے بھی اسپیکر سے درخواست کی تھی کہ مہوا کو اپنے حق میں بولنے اور اپنا ارتفاع کرنے کی اجازت دی جائے۔ کانگریس کے ممبر پارلیمان ادھیررنجن چودھری نے بھی کہا تھا کہ ہمیں اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کیلئے ۳؍ سے ۴؍ دن کا وقت دیا جائے۔ کانگریس کے ایم پی منیش تیواری نے سوال قائم کیا تھا کہ کیا اخلاقیات کمیٹی نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے؟
کلیان بنرجی نے کہا کہ پارٹی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا ہے جس میں اپیل کی ہے کہ مہوا موئترا کے معاملے میں اخلاقیات کمیٹی کی رپورٹ کو پڑھنے کیلئے ۴۸؍ گھنٹوں کا وقت دیا جائے جس نے مہوا موئترا کی رکنیت ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کلیان بنرجی نے مزید کہا کہ ترنمول کانگریس پارلیمانی پارٹی نے اوم برلا کو خط لکھ کر رپورٹ کی ہارڈ کاپی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی نے رپورٹ پڑھنے کیلئے ۴۸ ؍ گھنٹوں کا وقت طلب کیا ہے تا کہ ہم اچھے طریقے سے رپورٹ پڑھ سکیں۔
رپورٹ کے سبب اپوزیشن کے احتجاج کی وجہ سے آج لوک سبھا ۲؍ مرتبہ ملتوی کی گئی تھی۔ درشن ہیرا نندانی، جنہوں نے مبینہ طور پر پارلیمنٹ میں اڈانی گروپ کے حوالے سے سوال قائم کرنے کیلئے مہوا موئترا کو پیسے دیئے ہیں، نے دستخط کی گئی ایفی ڈیوٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ایم سی ایم پی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو پریشان کرنے اور بدنام کرنے کیلئے گوتم اڈانی کو نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ ۹؍ نومبر کو ہونے والی میٹنگ میں کمیٹی نے رپورٹ قبول کی تھی جس میں لوک سبھا سے مہوا موئترا کی رکنیت منسوخ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔