• Tue, 25 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نفرت کاماحول ختم کرنے کیلئے کانگریس سدبھاؤنا پد یاترا نکالے گی

Updated: February 25, 2025, 10:35 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مختلف اضلاع اور شہروں میں یاترا نکالی جائے گی۔

Harsh Vardhan addressing the press conference. Photo: INN
ہرش وردھن سپکال پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ریاست میں نفرت کے ماحول کو ختم کرکے بھائی چارگی کی  فضا بحال کرنے اور عوام میں بیداری لانے کیلئےمہاراشٹر کانگریس کی جانب سے یوم خواتین کے موقع پر ۸؍ مارچ کو بیڑ ضلع میں سدبھاؤنا پدیاترا نکالی جائے گی۔ اسی طرح ریاست کےدیگر اضلاع میں بھی یہ یاترا نکالنے کا اعلان مہاراشٹر کانگریس  کے صدر ہرش وردھن سپکا ل کیا۔ انقلاب کے اس سوال پر کہ کیا میرا روڈ اور ملاڈ مالونی جیسے علاقے جہاں نفرت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، وہاں بھی یہ پدیاترا نکالی جائے گی؟تو انہوں نے کہاکہ ’’ شہروں اور ان سبھی علاقوں یہ یاترا نکالی جائےگی۔‘‘
 بھارت جوڑو یاترا کی طرز پر سدبھاؤنا پدیاترا  کے تعلق سے تفصیلات بتانے کیلئے تلک بھون (دادر) میں واقع کانگریس آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں  ہرش وردھن سپکا ل  نے کہاکہ’’ مہاراشٹر میں چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، کرانتی سوریہ مہاتما پھلے، بابا صاحب امبیڈکر، جگت گرو سنت تکارام مہاراج، دیانیشور مولی، سنت گاڈگے مہاراج  اور راشٹرسنت تکادوجی مہاراج جیسے عظیم سنتوں کے خیالات ورثے میں ملے ہیں۔ ترقی پسند سوچ رکھنے والے مہاراشٹر نے ہمیشہ ملک کو ایک سمت دی ہے لیکن پچھلے کچھ دنوں سے ریاست میں پرامن ماحول بگڑتا ہوا نظر آرہا ہے۔ مہاراشٹر کی روشن ثقافت اور روایات کو ذہن میں رکھتے ہوئے موجودہ حالات میں بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس لئے کانگریس پارٹی نےسدبھاؤنا پدیاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ’’  آزادی سے پہلے  ہی سے کانگریس پارٹی کے ڈی این اے میں سوشلزم موجود ہے۔ سماجی ہم آہنگی کی یہی وراثت ہمارے آئین میں بھی درج ہے۔ ایک طرف ثقافت، روایت اور شاندار تاریخ ہےتو دوسری طرف کچھ لوگ اپنے مفادکیلئے ذات پات کا زہر پھیلا رہے ہیں  جس سے سماج تقسیم ہو رہا ہے اور یہ مہاراشٹر کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس میں ضلع بیڑکا بار بار ذکر کیا گیا ہے۔ اس ضلع میں مرد اور خواتین کی آبادی کے تناسب میں بہت بڑا فرق ہے۔ اس ضلع میں لڑکیوں کے قتل کا مسئلہ تھا۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر یہ پدیاترا بیڑ ضلع   سے شروع ہوگی۔ بھگوان گڑھ اور نارائن گڑھ پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد۸؍ مارچ کی صبح مساجوگ سے یاترا کا آغاز ہوگا۔ وہاں سے یاترا نندورپھاٹا، یلمب، نیکنور، منجرسمبھا اور پالی  گاؤں سے ہوتی ہوئی۵۱؍ کلومیٹر کا سفر طے کر کے بیڑ شہر پہنچے گی اور یہاں پر سدبھاؤنا جلسہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔انہوںنے مزید کہا کہ ’’سدبھاؤنا یاترا ریاست میں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاکو بحال کرنے کیلئے ہے۔ یہ صرف ایک سیاسی نہیں بلکہ ایک سماجی پہل ہے جس کی مہاراشٹر کو اس وقت اشد ضرورت ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK