راجدھانی دہلی سمیت ملک کے چپہ چپہ پر سیکوریٹی کے مثالی انتظامات ، وزیر اعظم مودی لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کرینگے، تاریخی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا
EPAPER
Updated: August 15, 2024, 8:48 AM IST | New Delhi
راجدھانی دہلی سمیت ملک کے چپہ چپہ پر سیکوریٹی کے مثالی انتظامات ، وزیر اعظم مودی لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کرینگے، تاریخی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجادیا گیا
وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو دارالحکومت دہلی کے تاریخی لال قلعہ سے۷۸؍ ویں یوم آزادی کی تقریبات میں ملک کی قیادت کریں گے۔ وہ قومی پرچم لہرائیں گے اور لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کریں گے۔یوم آزادی کی تقریبات کیلئے سیکوریٹی کے پختہ انتظامات کئےگئےہیں ،اس تقریب میں ۶؍ ہزار سے زائد خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جو اس قومی تقریب کامشاہدہ کریں گے۔ امسال یوم آزادی کا تھیم’ترقی یافتہ انڈیا۲۰۴۷ء‘ہے۔
وزیر اعظم مودی کا استقبال کون کرے گا ؟
اطلاعات کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ اور دفاعی سیکریٹری گریدھر ارمانے لال قلعہ پہنچنے کے بعد وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔ وزیر اعظم کے گارڈ آف آنر دستے میں فوج، بحریہ، فضائیہ اور دہلی پولیس کا ایک ایک افسراور۲۴؍اہلکار شامل ہوں گے۔ بحریہ اس سال کی تقریبات کیلئے رابطہ کاری کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔ کمانڈر ارون کمار مہتا گارڈ آف آنر کی کمان سنبھالیں گے۔ وزیر اعظم کے گارڈ میں فوج کے دستے کی کمان میجر ارجن سنگھ سنبھالیں گے۔ گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل کی طرف بڑھیں گے، جہاں وزیر دفاع، وزیر مملکت برائے دفاع ، دفاعی سیکریٹری، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری ان کا استقبال کریں گے۔ دہلی ریجن کے جی او سی وزیراعظم کو قومی پرچم لہرانے کیلئے چبوترے پر بنائے گئے پلیٹ فارم تک لے جائیں گے اور لیفٹیننٹ سنجیت سینی قومی پرچم لہرانے میں وزیر اعظم کی مدد کریں گے۔ جیسے ہی وزیر اعظم کے ذریعہ قومی پرچم لہرایا جائے گا، فضائیہ کے دو جدید ہلکے ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ پنڈال پر پھولوں کی بارش کی جائے گی۔
وزیر اعظم کا خطاب
پرچم لہرانے کے بعدوزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ اپنی تقریر کے اختتام پر نیشنل کیڈٹ کورپس (این سی سی) کے کیڈٹس قومی ترانہ گائیں گے۔ اس تقریب میں ملک بھر کے مختلف اسکولوں سے آنے والے ۲؍ ہزارطلباء و طالبات شرکت کریں گے۔
مہمانان خصوصی کون ہیں؟
جن ۶؍ ہزار خصوصی مہمانوں کو لال قلعہ میں ہونے والی تقریبات کا مشاہدہ کرنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے وہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔ ان افراد نے نوجوانوں، قبائلی برادری، کسانوں، خواتین اور دیگر لوگوں کے لئے مثالی کام کئے ہیں۔ ان میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں نےسرکاری اسکیموں کی مدد سے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
دہلی سمیت کئی شہروں میں سخت سیکوریٹی
ملک کے ۷۸؍ ویں یوم آزادی کے پیش نظرراجدھانی دہلی سمیت پورے ملک میں سیکوریٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں تمام حساس مقامات پر ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ سیکوریٹی کے لحاظ سے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ دہلی میںکئی مقامات بشمول اہم تجارتی اور سیاحتی مراکز پردہلی پولیس نے ناکہ بندی شروع کردی ہے۔ یہاںلوگوں کی تلاشی کے ساتھ ساتھ ان کے سامان اور گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
سرکاری عمارتوں کو سجادیا گیا
جشن آزادی کے پیش نظر دہلی ، ممبئی ، لکھنؤ، جئے پور ، حیدر آباد، بنگلور اور دیگر شہروں میں موجود سرکاری اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارتوں کو ترنگے کے رنگ والے برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے۔دہلی میں لال قلعہ کے علاوہ پارلیمنٹ ہائوس ، راشٹر پتی بھون ، سپریم کورٹ،راج پتھ ، انڈیا گیٹ اور دیگر عمارتیں۔اسی طرح ممبئی میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس کی تاریخی عمارت اور اس کے سامنے واقع بی ایم سی کے صدر دفتر کو بھی رنگ برنگی روشنیوں سے سجادیا گیا ہے۔