مگر صدر جمہوریہ کو مدعو نہ کرنے پر کانگریس سمیت اپوزیشن کی ۲۱؍ پارٹیاں جشن کا حصہ نہیں ہوںگی، مہمانوں کےدہلی پہنچنے کا سلسلہ شروع، سیکوریٹی انتظامات سخت کئے گئے
EPAPER
Updated: May 28, 2023, 10:49 AM IST | New Delhi
مگر صدر جمہوریہ کو مدعو نہ کرنے پر کانگریس سمیت اپوزیشن کی ۲۱؍ پارٹیاں جشن کا حصہ نہیں ہوںگی، مہمانوں کےدہلی پہنچنے کا سلسلہ شروع، سیکوریٹی انتظامات سخت کئے گئے
اپوزیشن کے احتجاج نیز جمہوری قدروں اور آئین کا احترام کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں کروانے کے مطالبوں کو قطعی نظرانداز کرتے ہوئے وزیراعظم مودی اتوار کو خود نئی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں این ڈی اے میں شامل تمام پارٹیاں اور اپوزیشن کے چند دیگر پارٹیاں شامل ہوں گی جبکہ کانگریس سمیت ۲۱؍ اپوزیشن پارٹیوں نے اس تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
کون شامل نہیں ہوگا؟
پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کا پروگرام صبح ساڑھے۷؍بجے ہون اور دعاؤں سے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب کا اپوزیشن کی جن ۲۱؍ بائیکاٹ کیا ہے ان میں ۸۱؍ اراکین پارلیمان والی کانگریس کے علاوہ ٹی ایم سی (۳۵؍ ایم پی)، ڈی ایم کے (۳۴؍ ایم پی)، جنتادل یو(۲۱؍ ایم پی)، این سی پی (۹؍ ایم پی)، سی پی ایم (۸؍ ایم پی)، شیوسینا ادھوٹھاکرے(۷؍ ایم پی)، آر جے ڈی (۶؍ ایم پی)، آپ (۱۱؍ ایم پی)، سماجوادی پارٹی (۶؍ ایم پی)، سی پی آئی (۴؍ ایم پی)، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (۲؍ ایم پی)، کیرالا کانگریس -منی (۲؍ ایم پی)، ودھو تھلائی چیروتھائیگل کاچی(ایک ایم پی)، راشٹریہ لوک دل (ایک ایم پی)، نیشنل کانفرنس، مسلم لیگ اور ایم آئی ایم وغیرہ شامل ہیں۔
کون شامل ہوگا؟
این ڈی اے کے علاوہ جن پارٹیوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کیا ہے ان میں بیجو جنتادل، بی ایس پی، وائی ایس آر کانگریس پارٹی، ٹی ڈی پی اور لوک جن شکتی پارٹی اہمیت کی حامل ہیں۔این ڈی اے کی سابق حلیف شرومنی اکالی دل نے کا موقف واضح نہیں ہے۔
سخت سیکوریٹی انتظامات
افتتاحی تقریب کے موقع پر پہلوانوں کی جانب سے نئی عمارت کے باہر خواتین کی مہا پنچایت کے اعلان کے پیش نظر پولیس نے سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے ٹریفک کو لے کر رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔ دہلی ٹریفک پولیس نے لوگوں سے کہاہےکہ وہ رہنما خطوط کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ صبح ساڑھے پانچ بجے سے دوپہرتین بجے تک آنے اور جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
نئی عمارت جدید ترین سہولیات سے آراستہ
ٹاٹا پروجیکٹس کے ذریعہ بنائی گئی پارلیمنٹ کی نئی عمارت ۶۴؍ہزار ۵۰۰؍ اسکوائر میٹر پر محیط ہے۔ اس کے تین صدری دروازے ہیں جن کے نام گیان دوار، شکتی دوار اور کرما دوار رکھے گئے ہیں۔ نئی عمارت میں وی آئی پی، اراکین پارلیمان اور سیاحوں کے داخلے کے الگ الگ انتظام ہیں۔ عمارت میں استعمال ہونے والی اشیاء ہندوستان کے ہی مختلف اضلاع سے حاصل کی گئی ہیں۔ اس میں لگائی گئی لکڑی ناگپور سے لی گئی ہے۔