Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج خرچ کی آخری قسط جمع کرانے کی آج آخری تاریخ

Updated: April 02, 2025, 10:35 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

گزشتہ سال کے مقابلے امسال ممبئی سے جانے والے عازمین کے خرچ میںمعمولی کمی ، ۱۵۵۰؍ روپے کم ادا کرنے ہوں گے۔ رقم جمع کرانے کی تاریخ میںمزیدتوسیع کی جائے گی یا نہیں،فیصلہ آج ۔ممبئی سے عازمین کی روانگی ۲۹؍ اپریل سے شروع ہوگی اور۳۰؍مئی تک جاری رہے گی

The pilgrims will be sent soon, preparations are being made for this. (File photo)
عازمین کو جلد ہی روانہ کیا جائے گا،اس کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ( فائل فوٹو)

ازمینِ حج کو آخری قسط۴۷؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے کے لئے آج جمعرات ۳؍ اپریل آخری تاریخ ہے۔ امسال ممبئی کے عازمین کے سفر حج خرچ میں معمولی کمی آئی ہے۔عاز مین کوگزشتہ سال کے مقابلے امسال ۱۵۵۰؍ روپے کم دینے ہوں گے۔ 
حج معمولی سستا ہوا 
 سفر حج خرچ کے تعلق سے عازمین میں پس وپیش تھا کہ حج سستا ہوگا یا مہنگا؟ کیونکہ پہلے کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اور خرچ بتانے سے قبل ہی حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے رقم جمع کرانے کا اعلان کردیا گیا تھا۔اس دفعہ تمام عازمین عزیزیہ میں قیام کریںگے۔
ممبئی سے جانے والو ںکا خرچ کتنا ؟
 امسال ممبئی سے جانے والوں کے لئے کل خرچ ۳؍ لاکھ ۱۹؍ ہزار ۶۰۰؍ روپے ہے جبکہ گزشتہ سال ۳؍ لاکھ ۲۱؍ ہزار۱۵۰؍ روپے تھا۔ سفرِ حج خرچ کے تعلق سے یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ اس میںقربانی کی رقم شامل نہیں ہےجنہیں حج کمیٹی کے توسط سے قربانی کرانی ہوگی انہیںمزیدرقم دینی ہوگی ۔
 حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے تمام عازمین ِ حج سے کہا گیا ہے کہ وہ آخری قسط بلا تاخیر جمع کرادیں کیونکہ اب عازمین کی روانگی شروع ہونے میںزیادہ وقت نہیں بچا ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر حج کمیٹی کی جانب سے بھی بار بار متوجہ کیا گیا، ایس ایم ایس بھیجے گئے، فون پر بتایا گیا اور ضلعی سطح پربھی تنظیموں کے ذریعے عازمین کومطلع کیا گیا تاکہ وہ رقم جمع کرانے میں تاخیر نہ کریں۔ اس کا مثبت اثر ہوا ہے اوربڑی تعداد میںعازمین نے اپنی رقومات جمع کرادی ہیں۔
تاریخ میں توسیع ہوگی یا نہیں،فیصلہ آج ہوگا
  رقم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع ہوگی یا نہیں، اس کا فیصلہ بھی ۳؍ اپریل کی شام کو ہوگا۔اس تعلق سے حج کمیٹی آف انڈیا کے ڈپٹی سی ای او محمدنیاز سے استفسار کرنے پرانہوں نے نمائندۂ انقلا ب کو بتایا کہ ’’ امید کم ہے کہ تاریخ میںتوسیع کی جائے گی ، پھر بھی شام تک اندازہ ہوجائے گا کہ توسیع کی جائے گی یا نہیں۔ اس کی وجہ انہوں نےیہ بتائی کہ اب عازمین کی روانگی شروع ہونے میںوقت کم بچا ہے اس لئے ایسا لگتا ہے کہ تاریخ میںمزیدتوسیع نہیں کی جائے گی ۔
خرچ میںمعمولی کمی زرمبادلہ کی 
شرح میں فرق کے سبب آئی 
 حج کمیٹی آف انڈیا میںانقلاب کے ا س سوال پرکہ گزشتہ سال کے مقابلے امسال خرچ میںجو معمولی کمی آئی ہے اورعازمین کو کچھ راحت ملی ہے اس کی وجہ کیا ہے توڈپٹی سی ای او نے بتایاکہ’’ چونکہ عازمین سے رقم انڈین کرنسی میںلی جاتی ہے اورحج سے متعلق ایجنسیوں کوریال اورڈالر میںرقم ادا کرنی ہوتی ہے۔ اسی لئے چندہ ماہ قبل جب معاہدہ کیا گیا تھا توریال کےمقابلے انڈین کرنسی بہترپوزیشن میں تھی، اسی وجہ سےیہ فرق آیا ہے۔ انہوں نےیہ دعویٰ کیا کہ ممبئی ہی نہیںدیگرروانگی کے مراکز پر۱۰؍ ہزار روپے تک کی کمی آئی ہے۔ 
ممبئی سے روانگی ۲۹؍اپریل سے ہوگی 
 عازمین کی روانگی کا جوشیڈیول بنایا گیا ہے اس میںممبئی سے عازمین کی روانگی ۲۹؍ اپریل سے شروع ہوگی اور۳۰؍مئی تک جاری رہے گی۔ اس میں ۱۴؍ مئی تک عازمین کومدینہ منورہ  لایاجائے گا، اس کے بعد ۳۰؍ مئی تک جانے والے عازمین کو جدہ لایا جائے گا۔ حالانکہ ابھی عازمین کوان کی روانگی کی تاریخ نہیں بتائی گئی ہے اور نہ ہی شیڈیول جاری کیا گیا ہے۔ 
  اس سلسلےمیں حج کمیٹی آف انڈیا کا کہنا ہےکہ رقم جمع کرانے کا عمل پورا ہونے کےبعد اس جانب توجہ دے کرعازمین کے ویزے لگوانے اوران کی روانگی کی تاریخ طے کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK