• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹو ریس جویلری کمپنی کی سرمایہ کاروں سے کروڑوںکی دھوکہ بازی

Updated: January 07, 2025, 11:12 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

دفاتر بندکردیئے۔ متاثرین کا دادرمیں کمپنی کے اسٹور کے باہرہنگامہ ۔ ڈائریکٹرس، منیجرس اور دیگرملازمین کے خلاف معاملہ درج ۔ کیس ’ای او ڈبلیو‘ کے سپرد

Investors are seen gathering outside a Torres company store.
ٹوریس کمپنی کےایک اسٹور کے باہر سرمایہ کار جمع نظر آرہے ہیں۔

 سرمایہ کاری اور اچھے منافع کا لالچ دے کر ’ٹوریس جویلری  انویسٹمنٹ‘ کمپنی نے شہر ومضافات کے ہزاروں لوگوں سے کروڑوں کی دھوکہ بازی کی۔اس کا پتہ چلنے پر متاثرین نے دادرمیں کمپنی کے دفتر کے باہر   ہنگامہ کیا۔ پولیس نے کمپنی کے ڈائریکٹرس ، منیجرس اور دیگرملازمین کے خلاف کیس درج کرلیا ہے جو فرار ہیں۔پولیس  انہیں سرگرمی سے تلاش کررہی ہے۔یہ کیس اب ممبئی پولیس کی اکنامک آفینس ونگ (ای او ڈبلیو) کو سونپ دیا گیا ہے۔
  پیر کو کمپنی کے ڈائریکٹروں ، سی ای او اور دیگر ملازمین کے ذریعہ ۴۰۰؍کروڑ روپے سے زائد کا گھوٹالے کا پتہ چلا تو دادر میں واقع اسٹور  پر سرمایہ کاربڑی تعداد میں پہنچ گئے اور اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔ اس   دوران اسٹاف ممبروں اوراسٹور میں موجود منیجر سے ان کی لفظی تکرار    ہوئی جو ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ اس معاملے میں پولیس نے کیس درج کرلیا ہے  جبکہ اکنامک آفینس ونگ ( ای او ڈبلیو) نے اس کیس کی تفتیش کرتے ہوئے ٹوریس کی ہولڈنگ فرم پلاٹینم ہرن پرائیویٹ لمیٹڈ،  اس کے ۲؍ ڈائریکٹرس ، سی سی او ، جنرل منیجر اور ایک اسٹور انچارج کے خلاف کیس درج کرلیا ہے  ۔ ابتدائی تفتیش میں ۴۰۰؍ کروڑ سے زائد کی جعلسازی کا پتہ چلا ہے لیکن اب تک سرمایہ کاروں کی صحیح تعداد واضح نہیں ہوسکی ہے ۔ 
 پولیس کے بقول ٹوریس کمپنی کی زیورات کی چین اسکیم میں سرمایہ کاری کا سلسلہ گزشتہ سال فروری سے شروع ہوا تھا ۔ اس سلسلہ میں کمپنی نے شہر و مضافات میں الگ الگ مقامات پر ۶؍ اسٹور قائم کئے تھے ۔ کمپنی نے قیمتی پتھروں کی خرید و فروخت میں سرمایہ کاری اور ۱۰؍ گنا منافع کا لالچ دیا تھا ساتھ ہی  قیمتی پتھروں میں ایک لاکھ روپے سرمایہ کاری  پر ۱۰؍ ہزار روپے مالیت کا قیمتی پتھر دینے کا وعدہ بھی کیا تھا اورکئی سرمایہ کاروں کو قیمتی پتھر کا لاکٹ بھی دیا تھا ۔ کمپنی کے ذریعہ فریب دہی کے بعداب  یہ بات سامنے آئی ہے کہ قیمتی پتھر کا جو لاکٹ دیا گیا تھا،  وہ نقلی ہے ۔
  گزشتہ روز ٹوریس کمپنی کی فریب دہی کے خلاف  احتجاج کرنے والوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ کمپنی نے سرمایہ کاری  پر ہر ہفتہ   ۶؍ فیصد منافع دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ شرح سود ادا نہ کرنے کے سبب یہ رقم  ۱۱؍ فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ کمپنی نے چند مہینے منافع کی شکل میں کچھ رقم ادا کی تھی ۔بعد ازیں تقریباً ۲؍ ماہ سے کوئی منافع نہیں دیا  تھا ۔
 واضح رہے کہ ٹوریس کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی بڑی تعداد متوسط طبقہ سے تعلق رکھتی ہے۔ کمپنی کے ذریعہ دھوکہ بازی کے سبب اب متاثرین خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ ایک خاتون نے روتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اس کے خون پسینے کی کمائی تھی ۔‘‘   سبزی فروش پردیپ کمار   نے  ۴؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔
  سرمایہ کاروں کی  ہنگامہ آرائی  اور ان میں پھیلی بے چینی کے دوران ٹوریس کمپنی کے آفیشیل یو ٹیوب اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کرکے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو نے کمپنی سے بغاوت کی ہے اور شو روم میں لگائے گئے سرمایہ میں غبن کیا ہے ۔تاہم کمپنی کے چیف ابھیشیک گپتا اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)توصیف ریاض کو اس گھپلے کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے ۔
 واضح ہو کہ شہرو مضافات میں ٹورس جیولری چین نامی کمپنی کے ۶؍ اسٹورس ہیں ۔اس کمپنی نے لوگوں کو سرمایہ کاری کرنے اور ۱۰؍ گنا ہ منافع کا لالچ دے کر کئی سو کروڑ روپے کی جعلسازی کی  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK