چن چن کر مسلمانوں کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا ،۲۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج ، وزیر کی گاڑی کے ڈرائیور کو گالی دینے کے الزام میں گرفتار نوجوانان جیل میں
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 10:00 AM IST | Jalgaon
چن چن کر مسلمانوں کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا ،۲۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف معاملہ درج ، وزیر کی گاڑی کے ڈرائیور کو گالی دینے کے الزام میں گرفتار نوجوانان جیل میں
جلگائوں شہر کے قریب واقع قصبہ پالدھی میں ایک روز قبل پیش آئے تشدد کے معاملے میں دھرن گائوں پولیس نے دو الگ الگ معاملے درج کئے ہیں۔ ایک دکانوں کی توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کا ،دوسرا وزیر گلاب رائو پاٹل کی کار کے ڈرائیور سے گالم گلوچ کرنے اور اسے دھمکی دینے کا ۔ اُدھر۱۲؍دکانوں کی توڑ پھوڑ اور آگ زنی میں ہوئے نقصان کا پنچنامہ کرنے کے بعد دھرن گائوں کے محکمہ محصولات اور پولیس نے اعداد و شمار جاری کئے ہیں ۔ اس تشدد میں مجموعی طور پر ۶۳؍ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ جتنی دکانوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے وہ سب کے سب مسلمانوں کی ہیں۔
چن چن کر مسلمانوں کی دکانوں کو نشانہ بنایا گیا
یاد رہے کہ ۳۱؍ دسمبر کی رات گلاب رائو پاٹل کے اہل خانہ اپنی کار میں پالدھی گائوں کے کھاٹک محلے سے گزر رہے تھے ۔ اس دوران گاڑی کا ہارن بجانے پر مقامی نوجوان سے ان کے ڈرائیور کی کہا سنی ہو گئی تھی۔ اسی کو بہانہ بنا کر شر پسندوں نے تشدد برپا کر دیا اور چن چن کر مسلمانوں کی دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ متاثرہ دکانداروں کے نام ہی سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حملہ منظم طریقے سے ایک مخصوص طبقے کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا تھا۔ پولیس نے پہلا مقدمہ چپل دکاندار جاوید فتوح پنجاری (۴۰)کی شکایت پر درج کیا ہے۔ جاوید فتوح پالدھی کے باغوان محلے میں رہتے ہیں۔ جاوید نے پولیس کو بتایا کہ انہیں رات ایک بجے اطلاع ملی کہ ان کی دکان جلا دی گئی ہے ۔ انہیں ۸؍ لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ اس معاملے میں ۲۰؍ تا ۲۵؍ نامعلوم افراد کو ملزم بنایا گیا ہے ۔اسکے علاوہ دیشمکھ کامپلیکس میں واقع یاسر حامد دیشمکھ کی موبائل فون ری پیئرنگ کی دکان کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ سرکاری ریسٹ ہاوس کے سامنے واقع جنتا آٹو پارٹس کو بھی جلا دیا گیا جسکے مالک حبیب شریف شیخ ہیں۔ کھاٹک محلے کے ،وقار احمد شیخ کی دو موٹر سائیکل جلا دی گئیں جبکہ فاروق شیخ شریف کی نیشنل الیکٹرانکس میں ایل ای ڈی کی توڑ پھوڑ کی گئی جس کی قیمت ۵؍ لاکھ روپے تھی۔ اعجاز یوسف دیشمکھ آٹو پارٹس کی دکان سے ۳؍ لاکھ مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔ ان کے علاوہ دانش شیخ ستار (فریج کی دکان ) ۔ صابر شیخ صادق( موبائل اور ایل سی ڈی کی دکان)اکرم خان کی (انڈوں کی دوکان)۔ حتیٰ کہ رفیق خان کی ٹھیلہ گاڑی جس پر وہ انڈا بھرجی بیچا کرتے تھے اسے بھی نہیں چھوڑا گیا۔شیخ تصورکی ۴؍ گاڑیاں جلا دی گئیں۔ان کا کل ۱۰؍ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ پولیس کی درج کردہ ایف آئی آر کے مطابق مجموعی طور پر ۶۳؍ لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔
کار کے ڈرائیور کا بیان
اس دوران پولیس نے گلاب رائو پاٹل کی اہلیہ کی گاڑی کے ڈرائیور امول ایکناتھ باگل کی شکایت پر ۷؍ لوگوں کے خلاف معاملہ درج کروایا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ دھرن گائوں تعلقہ کے لاڈلی گائوں میں ایک پروگرام میں شرکت کے بعد رات ساڑھے ۸؍ بجے پالدھی پہنچا تھا ۔پالدھی میں جامع مسجد کے پاس وہ شریف منیار کی چکی پاس سے گزررہا تھا کہ راستے میں ارباز اکرم شیخ ،جارج کلیم الدین شیخ ،بھورا کالو کھاٹک اور دیگر ۴؍ یا ۵؍افراد کھڑے تھے۔ اس نے کار کا ہارن بجا کر انہیں راستے سے ہٹ کر کنارے کھڑے ہونے کیلئے کہا۔اس پر انہوں نے اس کے ساتھ حجت و تکرار اور گالم گلوچ کی ۔
خاطیوں پر مکوکا کے تحت کاروائی کا مطالبہ
ا س معاملے میں ایکتا سنگھٹن کے فاروق شیخ عبداللہ اور دیگر مقامی باشندوں نے ایک وفد کی شکل میں ضلع کلکٹر آیو ش پرساد سے ملاقات کی اور ان سےمطالبہ کیا گیا کہ شکایت کنندہ جاوید پنجاری نے دکانوں کی توڑ پھوڑ اور آگ زنی میں ملوث جن افراد کے نام لئے ہیں ان پر ایف آئی آر درج کی جائے اور جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان میں ہر ایک دکاندار کو ۲۵؍ لاکھ روپے معائوضہ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ علا منصوبہ بندی کے ساتھ مسلم دکانداروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔اس لئے خاطیوں پر مکوکا کے تحت کاروائی کی جانی چاہئے۔ فاروق شیخ کے مطابق وفد نے کل ۹؍مطالبات کلکٹر سے کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر کو میمورنڈ م نہیں دیا بلکہ شکایت کی کہ ضلع کلکٹر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہے اسلئے وہ ان کی شکایت پر کاروائی کریں ۔ اس دوران پالدھی گائوں میں لگا کرفیو جمعرات کی رات ۸؍ بجے ختم کر دیا گیا۔