کشیدگی کا اثر، کنیڈا کی پارلیمنٹ میں ہونے والی تقریب اپوزیشن لیڈر نے منسوخ کردی ،ہندوستانی برادری نے افسوس کا اظہار کیا
EPAPER
Updated: October 31, 2024, 11:58 PM IST | Ottawa
کشیدگی کا اثر، کنیڈا کی پارلیمنٹ میں ہونے والی تقریب اپوزیشن لیڈر نے منسوخ کردی ،ہندوستانی برادری نے افسوس کا اظہار کیا
خالصتان حامیوں کے تعلق ہندوستان اور کنیڈا کے سفارتی تعلقات میں آئی کشیدگی اب نہایت غیر ضروری تلخی میں تبدیل ہوتی جارہی ہے کیوں کہ کنیڈا کے اپوزیشن لیڈر پیئر پوئیلیور نے ہر سال دیوالی پر ہونے والے تقریب جو ملک کی پارلیمنٹ میں منعقد کی جاتی ہے ، کواس سال منسوخ کردیا ہے۔ تقریب کے منتظم اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کینیڈا (او ایف آئی سی)نے اس اچانک منسوخی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو بے حسی اور امتیازی سلوک قرار دیا۔اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کینیڈا کے صدر شیو بھاسکر نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی تقریبات میں پیئر پوئیلیورسمیت اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی ہے اوررواں سال تقریب کی منسوخی سے ہندوستانی کمیونٹی کے لوگ اسے اپنے ساتھ فریب دہی دہی اور ناانصافی سمجھتے ہیں۔ واضح رہے کہ کینڈا کی پارلیمنٹ ہل میں منعقد ہونے والی یہ تقریب ہر سال اپوزیشن لیڈر کی جانب سے منعقد کی جاتی ہے اور اس سال بھی اسے منعقد کیا جانا تھا لیکن ہندوستان اور کنیڈا کے سفارتی تعلقات میں گزشتہ کچھ دنوں سے آنے والی تلخی کے بعد اپوزیشن لیڈر نے اسے خود منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
اس معاملے میں او ایف آئی سی کے صدر شیو بھاسکر نے ایک بیان میں پوئیلیورسے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی نژاد کینیڈین شہریوں کو اوٹاوا اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی کا شکار نہیں ہونا چا ہئے۔انہوں نے کہاکہ جہاںسفارتی مسائل پیچیدہ ہیں اور تعلقات میں اتنی تلخی آگئی انہیں ہند نژاد کینیڈیائی شہریوں کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کا جواز نہیں بنانا چا ہئے۔ ہم لوگوں کا ہندوستان سے بس اتنا سا تعلق ہے کہ ہمارے آباءو اجداد ہندوستان کے تھے لیکن ہم لوگ پوری طرح سے کنیڈا کے شہری ہیں۔ ہماری روایات اور مذہب بھلے ہی ہندوستانی ہے لیکن ہمارا کلچر کنیڈا کا ہے۔
دی اوورسیز فرینڈز آف انڈیا کنیڈانے اس ایونٹ کا اہتمام کیا تھا ۔ یہ تقریب پارلیمنٹ کے قدامت پسند رکن ٹوڈ ڈوہرٹی کی میزبانی میں منعقد کی جانے والی تھی۔پیئرے پوئلیور کی طرف سے دیوالی کی تقریب کا منسوخ کیا جانا اس اعتبار سے غیر معمولی نوعیت کا معاملہ ہے کہ اس سے قبل کبھی بھی یہ تقریب منسوخ نہیں ہوئی ہے اور ہمیشہ قدامت پسند اراکین پارلیمنٹ کی میزبانی اور اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں یہ منعقد ہوتی رہی ہے۔ واضح رہے کہ دیوالی کی تقریب ۳۰؍ اکتوبر کو منعقد کی جانی تھی لیکن اسے بغیر کسی نوٹس کے منسوخ کردیا گیا جس کے بعد او ایف آئی سی کے صدر شیو بھاسکر نے پیئرے پوئیلیور کے نام ایک خط بھی تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ کنیڈااور ہندوستان کے درمیان سفارتی سطح پر غیر معمولی کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم اس کے نتیجے میں ہند نژاد کینیڈیائی باشندوں سے نازیبا اور ہتک آمیز سلوک روا رکھنا کسی بھی طور پر درست اور قابلِ قبول نہیں۔ خط میں یہ بات بھی ہے کہ یہ محض دیوالی کی تقریب منسوخ کرنے کا معاملہ نہیں بلکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کنیڈا میں نسل پرستی بڑھ رہی ہے اور اس بنیاد پر امتیازی سلوک کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دیوالی کی تقریب میں پوئیلیوراور ہندوستان کے اس وقت کے ہائی کمشنر سنجے کمار ورما نے شرکت کی تھی۔ اس تقریب میں ۵۰۰؍ سے زیادہ مہمان شریک ہوئے تھے۔