ورلی- سیوڑی کنیکٹر ،کرلا سے واکولہ کے درمیان فلائی اوور، جوگیشوری میں انڈر پاس اور آکرلی میں سب وے کی تعمیرو توسیع کا منصوبہ ۔ ٹریفک روٹ میں تبدیلیوں سے پروجیکٹ جلد مکمل ہوسکیں گے
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 11:07 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ورلی- سیوڑی کنیکٹر ،کرلا سے واکولہ کے درمیان فلائی اوور، جوگیشوری میں انڈر پاس اور آکرلی میں سب وے کی تعمیرو توسیع کا منصوبہ ۔ ٹریفک روٹ میں تبدیلیوں سے پروجیکٹ جلد مکمل ہوسکیں گے
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے کمشنر اور کئی اہم پروجیکٹوں کے انجینئروں کی ٹریفک کے جوائنٹ کمشنر کے ساتھ تفصیلی میٹنگ ہوئی جس کے بعد محکمہ ٹریفک نے ورلی- سیوڑی کنیکٹر اور میٹرو کی مختلف لائنوں اور الگ الگ ۹؍ پروجیکٹوں کیلئے ٹریفک کو مختلف راستوں پر موڑنے جیسی ۱۷؍ درخواستوں کو منظوری دے دی ہے۔ اس سے کئی پروجیکٹوں کے جلد مکمل ہونے میں مدد ملے گی لیکن اس کی وجہ سے شہریوں کیلئے عام راستے بند ہوسکتے ہیں اور انہیں گھوم کر طویل راستے اختیار کرنے کے سبب پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے مطابق ان کے کمشنر آئی اے ایس افسر ڈاکٹر سنجے مکھرجی اور پروجیکٹ انجینئروں کے ساتھ جوائنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک) انل کھمبارے کے درمیان بدھ کو طویل میٹنگ ہوئی جس میں کئی پروجیکٹوں پر تفصیلی اور سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ میٹنگ میں ان پروجیکٹوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے کئی مقامات پر ٹریفک روٹ میں تبدیلیوں کی اجازت دےد ی گئی ۔
ان تبدیلیوں کیلئے کافی عرصے قبل درخواستیں دی گئی تھیں لیکن ان پر فیصلہ التواء میں تھا۔ایم ایم آر ڈی اے کے مطابق یہ اجازت ملنا ان کیلئے کئی اہم پروجیکٹوں کو جلد مکمل کرنے میں مدد کرے گا۔ جن پروجیکٹوں کیلئے ٹریفک میں تبدیلی کی اجازت دی گئی ہے ان کی مختصر تفصیل ذیل میں درج ہے:
ورلی-سیوڑی ’ایلیویٹڈ کنکٹر‘
۱) آچاریہ ڈونگے مارگ پر سگنل کی منتقلی
۲) آچاریہ ڈونگے مارگ پر گرڈر بچھانے کیلئے سڑک بند کرنا
۳) ایلفسٹن روڈ بند کرنا
کرلا سے واکولہ کے درمیان فلائی اوور
سانتا کروز-چمبور لنک روڈ (ایس سی ایل آر) پر کرلا سے واکولہ کے درمیان ’ایلیویٹڈ کنیکٹر‘ (زمین سے اوپر پر سڑک ) جس میں واکولہ جنکشن، یونیورسٹی جنکشن، بی کے سی جنکشن، ایم ٹی ایچ ایل جنکشن اور بی کے سی سے کرلا میں ایل بی ایس فلائی اوور بھی شامل ہوں گے۔ ان کیلئے ڈیزائن تیار کرکے پروجیکٹ مکمل کرنا شامل ہے۔
جوگیشوری میں اَنڈر پاس کی تعمیر
جوگیشوری کی جنتا کالونی پر بریج کے نیچے سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے سڑک کی تعمیر
میٹرو لائن ۲- بی پروجیکٹ
۱) اندھیری میں ڈی این روڈ سے منڈالہ تک پورے روڈ پر ٹریفک میں توسیع
۲) اندھیری کے ایس وی روڈ پر واقع ملن سب وے کے قریب اونچائی کی پیمائش کا آلہ نصب کرنا
۳) ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر باندرہ کے روڈ اوور بریج کے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنا
۴) ایس وی روڈ پر باندرہ میٹرو اسٹیشن کے قریب ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کرنا
میٹرو لائن- ۶
۱) آئی آئی ٹی پوائی گِرِڈ ’اے‘ پر ٹریفک کی منتقلی
۲) مہاکالی کیوز سے پوائی لیک تک ٹریفک میں توسیع کی اجازت
۳) ساکی ویہار سے پوائی میں رام باغ تک ٹریفک کی منتقلی
مِسنگ لنک فلائی اوور
جوگیشوری وکھرولی لنک روڈ اور پونم نگر کے درمیان ٹریفک میں یکم جون ۲۰۲۶ء تک کیلئے تبدیلیاں (منظوری مطلوب ہے)
میٹرو لائن ۷؍ اے اور ۹
میٹرو لائن ’۷؍ اے‘ کیلئے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر ٹریفک کی توسیع اور میٹرو لائن ۹؍ کیلئے دہیسر (مشرق) سے میرا بھائندر تک ٹریفک میں توسیع شامل ہے۔یہ میٹرو ٹرین کے ۲؍ مختلف پروجیکٹ ہیں۔
آکرلی سب وے
ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر آکرلی سب وے کی تعمیر اور توسیع کا منصوبہ ہے