بابا صاحب امبیڈکر کی برسی کے موقع پرچیتیہ بھومی آنے والے لاکھوں عقیدتمندوں کے سبب کچھ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ہے۔ ریلوے اوربیسٹ عملہ رہنمائی کیلئےمامور۔پولیس کے جوان الرٹ۔
EPAPER
Updated: December 06, 2024, 5:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
بابا صاحب امبیڈکر کی برسی کے موقع پرچیتیہ بھومی آنے والے لاکھوں عقیدتمندوں کے سبب کچھ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ہے۔ ریلوے اوربیسٹ عملہ رہنمائی کیلئےمامور۔پولیس کے جوان الرٹ۔
آج ۶؍ دسمبر کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی ۶۸؍ویں برسی (مہا پری نروان دِوَس) پرریاست کے الگ الگ حصوں سے آنے والے لاکھوںعقیدتمندوں کی سہولت اورٹریفک روٹ میںتبدیلی کےسبب شہریوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسی کے ساتھ خاص طور پردادر ریلوے اسٹیشن اور آس پاس کے علاقوں میں پولیس کا خصوصی پہرہ رکھا گیا ہے۔بی ایم سی اور بیسٹ کے اہلکار بھی مامور کئے گئے ہیں تاکہ وہ رہنمائی کرسکیں اور بھگدڑ جیسی صورتحال سے بچا جاسکے۔
’’آنے والوں کومعلو مات نہیں ہوتی ‘‘
سینٹرل ریلوے کےچیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ ’’ ڈاکٹر بابا صاحب کے بیشتر عقیدت مند ایسے ہوتے ہیں جنہیں ممبئی کے تعلق سے زیادہ معلومات نہیں ہوتی۔ان کوپریشانی سےبچانے اوران کی رہنمائی کی خاطرخاص نظم کیا گیا ہے۔ اس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ وہ ادھر ادھر نہ بھٹکیں بلکہ آسانی سے چیتیہ بھومی (شیواجی پارک)پہنچ سکیں۔ اس لئے ریلوے کے ذریعے مسلسل اعلان کیا جارہا ہے، ریلوے عملہ اور کمرشیل اسٹاف کومامور کیا گیا ہے۔ اسی طرح جی آر پی ا ورآرپی ایف کے جوان بھی بڑی تعداد میں تعینات کئے گئے ہیں۔
کون کونسی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند یا وَن وے ہیں
دادر میں گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے ۷؍ دسمبر تک متعدد سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے اورکچھ کو ’ ون وے‘کردیا گیا ہے۔اس میں بطور خاص سوتنتر ویر ساورکر روڈ کو سدھی ونائیک مندر سے ہندوجا اسپتال تک بند رکھا جائے گا۔ یہاں سے گزرنے والوں کو متبادل راستے کے طور پرپانڈورنگ نائک چوک استعمال کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔اسی طرح ایس کے بولے روڈ کو سدھی ونائیک مندرسے پرتگیز چرچ تک ون وے یعنی شمال کی جانب سے آنے والی گاڑیوں کیلئے کھلا رکھا جائے گا۔ البتہ جنوب کی سمت سے اس روڈ کو ٹریفک کے لئے بند رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ راناڈے روڈ، گیانیشور مندر روڈ جامبھیکر مہا راج روڈ، کیلوسکر روڈ ، ایم بی راؤت روڈ اور کٹریا روڈ کو ٹریفک کیلئے بند رکھا جائے گا۔
کن سڑکوں پرپارکنگ نہیں ہوگی ؟
سواتنتر ویر ساورکر روڈ ، گیانیشور مندر روڈ، جامبھیکر مہاراج روڈ ، راناڈے روڈ، کیلوسکر روڈ ، ایم بی راؤت روڈ اور این سی کیلکر روڈکو نوپارکنگ زون قرار دیا گیا ہے ۔ شہری یہاںاپنی گاڑیاں پارک نہیں کرسکیںگے۔ ۷؍دسمبرکے بعد سب کچھ حسبِ سابق ہوجائے گا۔
بیسٹ کی اضافی بسیں اورعقیدتمندوں کی خدمت
مذکورہ بالا تبدیلیوں کے ساتھ بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے مجموعی طور پر ۵۸۱؍ روٹس پراضافی بس سروسیزچلائی جارہی ہیں۔ یہ بسیں وقفے وقفے سے جاری رہیں گی۔اس کےعلاوہ شیواجی پارک، نانی ناناپارک اور قریب میں موجود عقیدتمندو ںکی خدمت پر بیسٹ جنرل منیجرانل ڈگیکرکی سربراہی میںعملہ مصروف ہے ۔ اس کے علاوہ شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ چیتیہ بھومی آنے والے عقیدت مندوں کا خیال رکھنے میں مزید آسانی ہو۔